مودی لیکس نے بھارتی کرکٹ میں ہلچل مچا دی….دھونی بارے حیران کن انکشافات

نئی دہلی(ویب ڈیسک) مودی لیکس نے بھارتی کرکٹ میں نیا پنڈورا باکس کھول دیا۔آئی پی ایل کے سابق چیئرمین للت مودی نے مہندرا سنگھ دھونی کا ایک ایمپلائمنٹ آفر لیٹر سوشل میڈیا پر لیک کیا جو انھیں بھارتی کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین این سری نواسن کی کمپنی انڈیا سیمنٹ نے جاری کیا تھا۔ مودی نے سوال اٹھایا کہ دھونی سالانہ 100 کروڑ روپے کماتے ہیں، انھیں اس ملازمت کی ضرورت کیوں پیش آئی۔علاوہ ازیں للت مودی نے لکھاکہ ایسا صرف بھارت میں ہی ہوتا ہے جہاں بی سی سی آئی کے پرانے آفیشلز کی جانب سے ایک کے بعد ایک توہین کا سلسلہ جاری ہے، اس کی وجہ نارتھ بلاک ہے لیکن سب سے حیران کن دھونی کو دیا جانے والا یہ کنٹریکٹ ہے، انھوں یہ کنٹریکٹ کیوں دیا گیا، وہ ایک برس میں 100 کروڑ روپے کماتے اور اس کے باوجود این سری نواسن کا ملازم بننے کو تیار ہوگئے، میں اس بات پر شرط لگاتا ہوں کہ ایسے ہی کئی اور کنٹریکٹس موجود ہیں۔یاد رہے کہ سابق بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی کا 2012 میں انڈیا سیمنٹ میں نائب صدر کے طور پر تقرر ہوا تھا، جہاں ان کی بنیادی تنخواہ 43 ہزار روپے ماہانہ تھی جبکہ مودی کی جانب سے شیئر کیے جانے والے لیٹر کے مطابق انھیں ماہانہ بنیادوں پر 21 ہزار 970 روپے فکسڈ مہنگائی الانس، 20 ہزار روپے خصوصی ادائیگی اور 60 ہزار روپے خصوصی الانس کی مد میں ملتا تھا۔

پاکستان کی جانب سے ایرانی دھمکی پر ایرانی سفیر سے شدید احتجاج

اسلام آباد(ویب ڈیسک ) پاکستان نے ایرانی چیف آف اسٹاف کی جانب سے حملے کی دھمکی پر ایرانی سفیر سے شدید احتجاج کیا ہے۔ ایرانی افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل محمد باقری کے اشتعال انگیز بیان پر پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا ہے۔ ایرانی سفیر کو واضح الفاظ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو ایرانی افواج کےچیف آف اسٹاف کے بیان پر شدید تحفظات ہیں، ایرانی کمانڈر کے بیانات سے منفی تاثر پیدا ہوا،اس طرح کے بیانات سے دونوں ملکوں کے تعلقات خراب ہونے کا اندیشہ ہے، اس لیے یرانی حکام کو اس قسم کے بیانات سے گریز کرنا چاہیے۔

پی آئی کے باکمال افسروں کی لاجواب سروس ،چینی دوشیزہ کو کاک پٹ میں بیٹھا کر پرواز کے مزے

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پی آئی اے کے باکمال افسروں کی لاجواب سروس نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا ماضی میں ایسے کئی واقعات ملازمین کی غیر پیشہ وارانہ سرگرمیوں کی قلعی کھولتی رہی ہے اور ایسا ہی ایک اور واقعہ سامنے آیا جس میں دوران پرواز طیارے کا پائلٹ درجنوں مسافروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال کر ایک چینی دوشیزہ کو کاک پٹ میں لے آیا اور 2 گھنٹے تک راز و نیاز کرتا رہا۔گزشتہ روز ٹوکیو سے بیجنگ جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 853 میں پائلٹ نے انتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے ہی میں سوار ایک چینی دوشیزہ کو کاک پٹ میں بلاکر بٹھالیا اور دوستی کی پینگیں بڑھاتا رہا، پائلٹ سیکیورٹی کے اصولوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے چینی خاتون سے نا صرف 2 گھنٹے سے زیادہ باتوں میں مصروف رہا بلکہ لینڈنگ کے وقت بھی چینی خاتون کو اپنے ساتھ بٹھائے رکھا اور عملہ کو کاک پٹ سے باہر نکال دیا۔چینی خاتون کو کاک پٹ میں بٹھانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پی آئی اے انتظامیہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ پی آئی اے کے ترجمان نے کہا کہ مسافر کو کاک پٹ میں لے جانا جہاز کو خطرے میں ڈالنے والی بات نہیں لیکن کاک پٹ میں چینی خاتون کو سیر کرانے کے معاملے کی جانچ کی جارہی ہے، جہاز کا عملہ ابھی بھی بیجنگ میں موجود ہے اور واقعہ سے متعلق آگاہی کے لیے عملے سے رابطہ کیا جارہا ہے۔

مریم نوازکا بروقت ایکشن کام کر گیا

لاہور(ویب ڈیسک)ملتان کی پانچ سالہ ننھی گڑیا امان فاطمہ کی لاہور کے مقامی اسپتال میں کامیاب اوپن ہارٹ سرجری ہوئی ہے جس پر بچی کے والدین نے وزیراعظم نوازشریف اور مریم نواز کا شکریہ ادا کیا اور ڈھیر ساری دعائیں دی۔ ملتان سے تعلق رکھنے والی غریب محنت کش امانت علی کی پانچ سالہ بیٹی امان فاطمہ دل کے عارضے میں مبتلا تھی۔ ملتان میں اس کے علاج کی سہولت میسر نہ تھی ۔ بچی کے والدین نے مریم نواز اور وزیراعظم سے بچی کا علاج کرانے کی اپیل کی۔جس پر مریم نواز نے ایکشن لیتے ہوئے فوری طور پر بچی کو والدین سمیت لاہور بلوایا اور شریف میڈیکل کمپلیکس میں ننھی امان فاطمہ کو علاج کےلئے داخل کرایا۔

شاہد آفریدی کابڑا مسئلہ حل ہو گیا

کراچی(ویب ڈیسک)سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا کہ کرکٹ کے لیے جگہ دینے کی پیشکش کرنے پر سندھ حکومت ، حنیف عباسی اور مئیر کراچی وسیم اختر کا شکریہ ادا کرتا ہوں انہوں نے کہا کہ مل کر کام کرنے میں ہی کامیابی ہے ، تفصیلات کے مطابق سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا کہ کرکٹ کے لیے جگہ دینے کی پیشکش کرنے پر سندھ حکومت ، حنیف عباسی اور مئیر کراچی وسیم اختر کا شکریہ ادا کرتا ہوں ، انہوں نے کہا کہ مل کر کام کرنے میں کامیابی ہے شاہد آفریدی نے کہا کہ گرا¶نڈ کو شادیوں کے لیے نہیں بلکہ کرکٹ کیلئے استعمال ہونا چاہیے واضح رہے کہ گزشتہ روز شاہد آفریدی نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت سے گرا¶نڈ کے لیے جگہ مانگی ہے لیکن حکومت نے مجھے زمین دینے سے انکار کیا جس کے بعد اب حکومت نے شاہد آفریدی کو زمین دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

پاکستان نے افغانستان کے ہوش ٹکانے لگا دئیے

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ جب تک افغان حکومت پاکستان کے تحفظات دور نہیں کرتی تب تک چمن بارڈر بند رہے گا۔پاکستان میں تعینات افغان سفیرعمر ذخیل وال نے مشیر خارجہ امور سرتاج عزیز سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران پاک افغان تناﺅ کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ، اس موقع پر مشیر خارجہ نے افغان سفیر کو پاکستان کے تحفظات سے آگاہ کیا۔مشیرخارجہ سرتاج عزیزنے کہا کہ افغان وزیرخارجہ کو پاکستانی حکام سے مسئلہ اٹھانا چاہیے تھا، افغان فورسز نے بے گناہ اورمعصوم شہریوں کو نشانہ بنایا لیکن اب جب تک افغان حکومت پاکستان کے تحفظات دورنہیں کرتی باب دوستی بند رہے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے افغان بارڈرفورسزکی جانب سے پاکستان میں مردم شماری ٹیم کو نشانہ بنایا گیا تھا اورفائرنگ اور گولہ باری سے ایف سی اہلکاروں سمیت 11 پاکستانی شہید جب کہ 46 افراد زخمی ہوئے تھے۔

گوگل پلے اسٹور میں وائرس کا انکشاف….کیسے بچا جا سکتا ہے ؟

نیویارک(ویب ڈیسک)سائبر کرائم اور انٹرنیٹ پر ہیکنگ سے متعلق تحقیقات کرنے والی ایک امریکی ملٹی نیشنل کمپنی نے انکشاف کیا ہے کہ گوگل پلے اسٹور میں وائرس موجود ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے نے بتایاکہ چیک پوائنٹ سافٹ ویئر ٹیکنالوجی نامی کمپنی کے مطابق گوگل پلے اسٹور میں نومبر 2016 میں وائرس چھوڑا گیا۔کمپنی نے اپنے بلاگ میں بتایا کہ فالس گائیڈ نامی وائرس گوگل پلے اسٹور میں موجود کم سے 40 موبائل ایپلی کیشنز میں موجود ہے، جس سے لاکھوں صارفین اور ڈیوائسز متاثر ہوچکے۔کمپنی نے دعوی کیا کہ فالس گائیڈ نامی وائرس سے اب تک دنیا بھر میں 6 لاکھ ڈیوائسز اور 20 لاکھ صارفین متاثر ہوئے ہیں۔چیک پوائنٹ کے مطابق فالس گائیڈ نامی وائرس گیمنگ اور گائیڈ ایپلی کیشنز میں موجود ہے۔جیسے ہی ایسی ایپلی کیشنز کو ڈاون لوڈ کیا جاتا ہے تو وائرس ڈاون لوڈنگ سے ملتی جلتی تفصیلات طلب کرتا ہے، جس سے صارفین سمجھتے ہیں کہ یہ ایپلی کیشن کی ضروریات ہیں، تاہم درحقیقت وہ وائرس ہی ہوتا ہے۔دوسری جانب برطانوی میڈیا نے بتایا کہ پلے اسٹور میں وائرس کی موجودگی کے انکشاف کے بعد گوگل نے وائرس کو ہٹادیا ہے۔امریکی ادارے نے اپنی رپورٹ میں یہ نہیں بتایا کہ اس وائرس سے کتنے اور کون سے ممالک متاثر ہوئے۔

سمارٹ فون کمسن بچوں کیلئے خطرے سے خالی نہیں،انتہائی تشویشناک خبر

اوٹاوا (نیٹ نیوز) ماہرین کا کہنا ہے کہ 18 ماہ سے کم عمر بچوں کا سمارٹ فون استعمال کرنا خطرے سے خالی نہیں۔ یونیورسٹی آف ٹورنٹو کے محققین نے کم عمر بچوں کے سمارٹ فون استعمال کرنے اور اس کی صورت میں ہونے والے نقصانات پر تحقیق کی‘ جس کے بعد ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے بچے جو 18 ماہ سے کم عمری میں سمارٹ فون استعمال کرنا شروع کردیتے ہیں ان میں اپنی بات کو بیان کرنے کا اظہار کم ہونے کا امکان ہوتا ہے۔ تحقیق کرنے والی ڈاکٹر کیتھرین برکن کا کہنا ہے کہ موجودہ زمانے میں سمارٹ فون اور ٹیبلٹ کا استعمال عام ہے اور یہ چیزیں کم عمر بچوں کی رسائی میں ہیں تاہم یہ جاننا بھی ضروری ہے کہ کم عمر بچے سمارٹ فونز کے استعمال سے بیان کے اظہار سے محروم ہوسکتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ان کی تحقیق کے دوران اخذکردہ نکات والدین کو اپنے کم عمر بچوں کو سمارٹ فونز تھمانے کی حوصلہ شکنی کریں گے۔

گو نواز گو‘ دانیال عزیز کو نعرہ پسند آگیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک) عمران خان کا ’گو نواز گو‘ کا نعرہ ن لیگ کے دانیال عزیز کو پسند آگیا، ان کا کہنا ہے کہ گو کا مطلب جی او ہے یعنی جیو نواز جیو ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی مہربانی کہ وہ ’گو نوا ز گو‘ کا نعرہ لگاتے رہیں اس سے نواز شریف کے ووٹ بڑھتے رہیں گے۔ ادھر پی ٹی آئی کے رہنما نعیم الحق نے کہا ہے کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ پیسے کے معاملے پر عمران کی دیانت کا ان کے دشمن بھی اعتراف کرتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف ماڈل ٹاﺅن میں اپنے بھائی، ڈان لیکس میں بیٹی اور پاناما میں خود کو بچا رہے ہیں۔ تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کہتے ہیں کہ پاناما لیکس پر وزیر اعظم اور ان کے بچوں سے جے آئی ٹی براہِ راست ٹی وی پر عوام کے سامنے پوچھ گچھ کرے۔

وزیر اعظم اہم ترین معاملہ پر خواجہ آصف پر برہم

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) لوڈشیڈنگ کے اعداد وشمار غلط بتانے پر وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب، وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف سے برہم ہیں۔ نجی ٹی وی ذرائع کے مطابق لوڈشیڈنگ کے اعدادوشمار غلط بتانے پر وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہبازشریف نے وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف پر برہمی کا اظہار کیا ہے ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے اعتراف کیا ہے کہ شہروں میں 6سے 12گھنٹے روزانہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ جبکہ وزیراعظم میاں نوازشریف نے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بجلی فراہم کرنے کے پلان پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ جس پر وزارت پانی و بجلی کے منصوبے پر عملدرآمد نہ کرنے کی وجوہات وزیراعظم نے طلب کرلی ہیں۔ نجی ٹی وی ذرائع کے مطابق 24اپریل کو کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس وزیراعظم ہاﺅس میں ہوا تھا۔ جس میں وزیراعظم نے لوڈشیڈنگ کے اعدادوشمار بتانے پر ناخوشی کا اظہار کیا تھا۔ اس پر وزیراعظم کے ساتھ ساتھ وزیراعلیٰ پنجاب نے عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا۔ اور کہا تھا کہ لاہور میں 10سے12گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ذرائع کے مطابق ستمبر میں ہونے والے اجلاس میں وعدہ کیا تھا کہ لوڈشیڈنگ 4سے 5گھنٹے ہوگی اور اس سے بڑھائی نہیں جائے گی۔