افغان صوبے کے مدرسے میں دھماکہ، عالم دین سمیت 8افراد جاں بحق

کابل(ویب ڈیسک) افغانستان کے صوبے پروان میں واقع ایک مدرسے میں بم دھماکے سے افغان علما کونسل کے رہنما سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق دھماکا خیز مواد مدرسے کے ایک کمرہ جماعت میں چھپایا گیا تھا جس کا دھماکا آج صبح سویرے تدریس شروع ہونے کے فوراً بعد ہوا جبکہ اس وقت مدرسے میں پڑھنے والے بچے بھی وہاں موجود تھے۔ دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں میں مولوی عبدالرحیم شاہ حنفی بھی شامل ہیں جو پاریاں علمائ مجلس کے سربراہ بھی تھے۔افغان خبر رساں ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ اب تک کسی دہشت گرد تنظیم نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ دھماکے میں 8 جاں بحق افراد کے علاوہ درجنوں دوسرے افراد زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ہیں لیکن اب تک ان کی درست تعداد معلوم نہیں ہوسکی ہے جبکہ دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ بھی موجود ہے۔

گردوں کی غیر قانونی خریدو فروخت، شریف میڈیکل کمپلیکس میں تہلکہ خیز انکشافات

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) گردہ ٹرانسپلانٹ سکینڈل میں تہلکہ خیز انکشافات سامنے آنے لگے، پہلا غیرقانونی گردہ ٹرانسپلانٹ آپریشن شریف میڈیکل کمپلیکس میں کیا گیا۔ نواز شریف کے پرسنل سیکرٹری کے بھائی کو گردہ لگایا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق گردہ ٹرانسپلانٹ سکینڈل میں گرفتار ہونے والی نرس صفیہ نے انکشاف کیا ہے کہ پہلا آپریشن شریف میڈیکل کمپلیکس میں کیا گیا۔ نواز شریف کے سیکرٹری کے بھائی جاوید کو گردہ لگایا گیا۔ آپریشن ڈاکٹر ذکی نے کیا۔ صفیہ بی بی نے بتایا کہ بشیر نامی شخص شکار تلاش کر کے لاتا جن میں زیادہ تر بھٹہ مزدور ہوتے تھے، گردہ کے عوض 2لاکھ روپے ادا کئے جاتے جبکہ ڈاکٹر خود ایک آپریشن کے 13 لاکھ روپے وصول کرتا تھا۔

انٹری ٹیسٹ کی طالبہ لوگوں کے سامنے کپڑے اتارنے پر مجبور

نئی دہلی (خصوصی رپورٹ)بھارت میں ایک طالبہ کو امتحان سے کچھ دیر پہلے نقل کے خدشے کے پیش نظر کپڑے اتارنے پر مجبور کردیا گیا۔ لڑکی نے بتایا میڈیکل کالج کے انٹری ٹیسٹ کے دوران لوگوں کے سامنے کپڑے اتارنے کا کہا گیا۔ لڑکی کی شناخت نہیں ہوسکی۔ اس نے میڈیا کو بتایا وہ کیرالہ ٹیسٹ سنٹر میں موجود تھی میٹل ڈیٹیکٹر کے ذریعے تلاشی لی گئی اور کپڑے اتارنے کا کہا گیا۔

جمشید دستی موچی بن گئے۔۔۔

مظفرگڑھ (خصوصی رپورٹ) رکن قومی اسمبلی اور عوام راج پارٹی کے سربراہ جمشید دستی نے اپنے سیاسی حریفوں کے علاقے میں موچی کی دکان کھول لی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے سیاسی حریف حنا ربانی کھر کے آبائی علاقے سنانواں میں موچی کی دکان کھو لی ہے اور وہ سارا دن شہریوں کے جوتے پالش بھی کرتے ہیں اور ان کی سلائی بھی کرتے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمشید دستی نے اس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ بنیادی طورپر ایک مزدور پیشہ انسان ہیں اگر رکن قومی اسمبلی نہ بھی رہے تو وہ محنت مزدوری کرکے اپنا پیٹ پال لیں گے۔رکن قومی اسمبلی نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر علاقے کا سردار یا وڈیرہ عوام کی خدمت کرے گا تو وہ اس کے خلاف الیکشن نہیں لڑیں گے کیونکہ عوام کے ووٹوں سے ایوان میں جانے کے بعد یہ لوگ عوام کو منشیوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیتے ہے میں ایسا نہیں ہونے دوں گا۔

پاکستان کیخلاف 3ملکی گٹھ جوڑ، سرحدوں پر جنگ کا منصوبہ

لاہور (خصوصی رپورٹ)بھارت کی طرف سے پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کیلئے ایک اور ”گریٹر پلان“ کی سازش کا انکشاف ہوا ہے، انٹیلی جنس اطلاعات کے مطابق اس سازش کے تحت بھارت افغانستان اور ایران سے ملکر ایک بار پھر پاکستان کیخلاف محدود جنگ کرنے کی منصوبہ بندی کررہاہے جس کے تحت افغانستان ، بھارت اور پھر ایران پاکستان سے ملحقہ سرحدوں میں خلاف ورزیاں کرتے ہوئے پاکستانی فورسز اور شہریوں کو نشانہ بنائیں گے جس کے بعد پاکستان کے رینجرز، فوج اور سکیورٹی کے ادارے سرحدوں میں مصروف ہونگے جس سے پاکستان کی افواج پر دباﺅ بڑھے گا۔ پاک فوج نے انٹیلی جنس کی اطلاعات پر ہمسایہ ممالک کی محدود جنگ کا موثر جواب دینے کیلئے موثر حکمت عملی اختیار کی ہے۔ ذرائع کا کہناہے کہ بھارتی جاسوس گلبھوشن یادیو نے گرفتاری کے بعد دوران تفتیش انکشاف کیا تھا کہ بھارت پاکستان میں محدود جنگ کی منصوبہ بندی کرچکاہے اور اس سازش میں امریکا، اسرائیل، بھارت، افغانستان اور ایران کے علاوہ پاکستان کی بعض سیاسی شخصیات بھی شامل ہیں، جس کے باعث بھارت ستمبر 2016ءمیں بھی سرحدی خلاف ورزیوں میں تیزی لے آیا تھا لیکن اس کے گریٹر پلان پر عمل نہ ہوسکا۔ اسلام آباد کے اہم حلقوں کے مطابق بھارت کی بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی ”را“ نے افغانستان میں متعدد حملے کرائے جس کا الزام پاکستان پر عائد کرایاگیا۔ بھارت نے کابل انتظامیہ کو پاکستان کیخلاف چھیڑخانی پر اکسایا جس پر افغان فورسز نے چمن اور طور خم بارڈر اور سرحدی علاقوں میں خلاف ورزیاں کرتے ہوئے گولہ باری اور فائرنگ کرکے متعدد شہریوں کو شہید اور سکیورٹی فورسز اور دیگر شہریوں کو زخمی کردیا۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی پر افغان فورسز کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ اس کارروائی کا مقصد پاکستان کو غیر مستحکم کرنا ہے جبکہ بھارت سمیت صیہونی طاقتیں پاکستان کے سی پیک منصوبے کو ناکام بناناچاہتی ہیں کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ اگر پاکستان سی پیک مکمل کرنے میں کامیاب ہوگیا تو وہ بڑی معاشی قوت بن کر ابھرے گا اور فوجی اعتبار سے پاکستان پہلے ہی بہت مضبوط ہے۔ پاکستان کی عسکری قیادت دشمنوں کی چالوں سے بخوبی آگاہ ہے اور سرحدوں پر انتہائی چوکس ہیں۔
واشنگٹن (خصوصی رپورٹ) پاکستان کی مغربی سرحدوں پر افغانستان اور ایران کے ساتھ بڑھتی کشیدگی کو کم کرنے کیلئے امریکہ نے تعاون کی پیشکش کردی، اس سلسلے میں امریکہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف ہرگز استعمال نہیں ہونے دینگے، امریکہ کی یہ پیشکش اس وقت سامنے آئی ہے جب ایران نے غیر قانونی بارڈر کراسنگ پر پاکستان کے خلاف حملے کا عندیہ دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق افغانستان کے پاکستانی سرحدی علاقوں پر حملے کے بعد امریکی حکام کو پاکستان نے پنی تشویش سے آگاہ کیا تھا۔ امریکہ اس صورت حال میں پاکستان کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے، دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے امریکہ نے پاکستان کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ امریکہ میں پاکستانی سفیر عزیز احمد چودھری نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ ملکر افغانستان میں قیام امن کیلئے ہر ممکن مدد کو تیار ہے۔ انہوں نے ہمسایہ ملک سے کہا کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دے۔

ایل اور سی پر پاک فوج کی بھرپورکارروائی، دشمن کی گنیں خاموش کر دیں

مظفر آباد(ویب ڈیسک) لائن آف کنٹرول کے چکوٹھی سیکٹر پر بھارتی فوج نے بلااشتعال فائرنگ کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنایا ہے جب کہ پاک فوج نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کرکے دشمن کی گنیں خاموش کر دیں۔ بھارتی فوج نے ائن آف کنٹرول کے چکوٹھی سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کر کے سول آبادی کو نشانہ بنایا، ایل اوسی کی خلاف ورزی پرپاک فوج نے بھرپورجوابی کارروائی سے دشمن کی گنیں خاموش کرادیں جب کہ فائرنگ سے مقامی آبادی میں خوف وہراس پھیل گیا۔نجی ٹی وی ذرائع کے مطابق منگل کو بھارتی فوج کی فائرنگ سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم وقفے وقفے جاری فائرنگ کے سلسلے پر پاک فوج کی بھرپورکارروائی بھی جاری رہی۔

ملکی سیاست میں ہلچل ….مسلم لیگ (ن)نے نیا پنڈورا باکس کھول دیا

اسلام آباد( آن لائن)مسلم لیگ(ن) کے رہنماﺅں نے کہا ہے کہ عمران خان اور جہانگیرترین کے معاملے پر کسی جے آئی ٹی کی ضرورت نہیں پڑے گی ، عمران خان نے یہودیوں اور ہندوﺅں سے پیسے لئے، جواءکھیلنے والا شخص ملکی قیادت کا کیسے اہل ہوسکتا ہے؟ پاکستان سے جلد دونوں کی سیاست کا خاتمہ ہوجائے گا،عمران خان کیخلاف واضح ثبوت موجود ہیں،کپتان نے اپنے جمع کرائے گئے گوشواروں میں فراڈ کیا،اصل گارڈ فادر تو عمران خان ہیں۔اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر میڈ یا سے گفتگو کرتے ہو ئے مسلم لیگ (ن)کے رہنما حنیف عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان اور جہانگیر ترین کے معاملے میں کمیشن یا جے آئی ٹی کی ضرورت نہیں ہے ،انہوں نے یہودیوں اور ہندووں سے پیسے لیے ،پاکستانی سیاست سے دونوں کا خاتمہ کردیں گے ۔ حنیف عباسی نے کہا کہ عمران خان نے ایک فاونڈیشن میں سیلاب کی مد میں اربوں روپے لے کر اجاڑ دئیے ،ابھی اس پیسے کو بھی خان صاحب کے پیٹ سے نکالیں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنی کتاب میں خود لکھا کہ میں جوا کھیلتا ہوں ،جو شخص یہودیوں ،ہندوﺅں سے پیسا لیتا ہے اور جوا کھیلتا ہے ،وہ قیادت کا اہل کیسے ہے ؟۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنما کہتے ہیں کہ جے آئی ٹی نے صحیح کام نہ کیا تو اداروں کا گھیرا کریں گے ،یہ انتشار کی سیاست ہے ،عمران خان کو ملک میں ترقی کا پہیہ روکنے کا ٹھیکہ ملا ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ لندن کے انتخاب میں عمران خان نے یہودی کے لیے مہم چلائی جبکہ نواز شریف نے واضح طور پر پاکستانی کی حمایت کی ۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو سی پیک میں رکاوٹ کی ذمہ داری بھی دی گئی ۔اس موقع پر دانیال عزیز نے کہا ہے کہ عمران خان کیخلاف واضح ثبوت موجود ہیں ۔انہوں نے اپنے جمع کرائے گئے گوشواروں میں فراڈ کیا ۔گارڈ فادر والا جرم تو یہ ہے ۔ انکا کہنا تھا کہ ایک سیٹ نہ جیتنے والی جماعت راتوں رات کیسے طاقت ور بن گئی ؟ ایسی جماعت دھرنے دیکر اسلام آباد بند کرانے کی دھمکیاں کیسے دیتی رہی ؟ وہ جماعت راتوں رات کیسے بدل کر پاکستان کے منظر نامے پر آگئی اور اتنی طاقت ور بن گئی کہ اسلام آباد بندکر نے کی دھمکیاں دینے لگی ۔دانیال عزیز نے کہا کہ مخالفین ہمیں اس بات پر طعنے دیتے تھے کہ اگر انہوں نے کچھ کیا ہے تو قانونی کارروائی کیوں نہیں کرتے اور اب ہم وہی کر رہے ہیں ۔ہمارے شواہد میں اخباری تراشے شامل نہیں ہیں بلکہ یہ وہ ثبوت ہیں جو عمران خان نے اپنے دستخط سے امریکا میں رجسٹر کرایا ۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان 18سال ٹکریں مارتے رہے مگر ایک سیٹ نہیں ملی ، 2002میں عمران خان کو خیرات میں ایک سیٹ ملی ۔سیاسی جماعت کی وجہ سے ملک کو نقصان پہنچا۔اس موقع پر طلال چوہدری نے گفتگو کرئے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف نے اپنی تین نسلوں کا حساب دیا ہے جبکہ عمران خان صرف اپنی تلاشی دینے سے ڈر رہے ہیں، خان صاحب ہم نے آپ کے والد اوربچوں کا حساب نہیں مانگا، خان صاحب بتائیں بنی گالہ کا محل کہاں سے آیا انہوں نے کہاکہ اب عمران خان کی تلاشی ہو گی اور عمران خان کو لینے کے دینے پڑ جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ خان صاحب آپ نے غیرملکی فنڈنگ کا اعتراف کیا ہے، خان صاحب آپ کے لکھے گئے دستاویزات ہم نے عدالت میں پیش کردیے ہیں،طلال چوہدری نے کہا کہ خان صاحب آپ نے 1983 سے کتنا ٹیکس چوری کیا اور وہ چور ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہم نے ابھی عمران خان کی اخلاقی کرپشن کا معاملہ اٹھایا ہی نہیں جب وہ اٹھائےں گے تو پھر کیا ہو گا؟۔

ریچھ ،کتے کی لڑائی, سڑکوں پر تماشا بند کرنے کا فیصلہ

لاہور (خصوصی رپورٹ) محکمہ جنگلی حیات اور بیئر ریسرچ سنٹر کے باہمی اشتراک سے ریچھ کتے کی لڑائی میں استعمال ہونے والے ریچھ اور سڑکوں پر تماشا کرنے والے ریچھوں کے مالکان کو متبادل روزگار کیلئے معقول رقم کی فراہمی کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس ضمن میں جلد ہی ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیئے جائیںگے۔ ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب خالد عیاض خان نے کہا کہ تماشا دکھانے والوں کو ریچھ قبضہ میں لے کر انہیں متبادل روزگار فراہم کرنے کیلئے معقول رقم دی جائے گی اور قبضہ میں لئے گئے ریچھوں کو چپ لگا کر انہیں ان کی بنائی سینکچوری میں چھوڑ دیا جائے گا۔ سینکچوری میں رکھے جانے والے ریچھوں کو مائیکرو چپ لگانے کا مقصد گاہے بگاہے ان کی موجودگی اور حرکات و سکنات کو چیک کرنا ہے تاہم ایسے مداری جو اپنا ریچھ نہ دینا چاہیں کی رجسٹریشن کی جائے گی۔ اس اقدام سے خانہ بدوشوں کے پاس موجود ریچھ کی رجسٹریشن اور آئندہ کیلئے جنگل سے بچہ ریچھ کو پکڑنا اور کتے کی لڑائی اور سڑکوں پر تماشا دیکھنے کے عمل کو روکنا ممکن ہو سکے گا۔ سندھ میں پائے جانے والے بھورے ریچھ کو تحفظ شدہ جانور قرار دیا گیا ہے اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کیلئے باقاعدہ سزائیں بھی مقرر ہیں۔

کراچی کے تاجروں سے بھتہ وصولی ،تنظیمیں پھر میدان میں آگئیں

کراچی (خصوصی رپورٹ) اورنگی ٹاﺅن میں بھتہ نہ دینے پر الیکٹرونکس کی دکان پر دستی بم سے حملے کی تحقیقات کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں کالعدم تنظیموں کے مضبوط نیٹ ورک کے شواہد سامنے آئے ہیں۔ پولیس ذرائع کا کنا ہے کہ ڈسٹرکٹ ویسٹ کے مختلف علاقوں میں کالعدم تنظیموں کے افراد کی نقل و حرکت اور موجودگی کی اطلاعات مل رہی ہیں اور کراچی میں کالعدم تنظیموں کے مضبوط نیٹ ورک کا انکشاف ہوا ہے۔ کالعدم تنظیموں کا نیٹ ورک شہر کے متعدد علاقوں میں قائم ہے جن میں اورنگی ٹاﺅن‘ منگوپیر‘ بلدیہ اتحاد ٹاﺅن اور لانڈھی مجید کالونی شامل ہیں۔ سندھ میں لشکر جھنگوی جنداللہ اور حرکت الاحرار مشترکہ طور پر کارروائی کرتی ہیں۔ کالعدم تنظیموں کے نیٹ ورک کا سربراہ علی سفیان عرف صفدر ہے جبکہ پولیس اہلکاروں اور سکیورٹی فورسز پر حملے کرنا سابق پولیس اہلکار داﺅد محسود کے ذمہ ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ علی سفیان بلوچستان کے علاقے وڈھ سے اپنا نیٹ ورک چلاتا ہے جبکہ داﺅد محسود لانڈھی کے علاقے قائدآباد میں نیٹ ورک چلا رہا ہ۔ دہشت گرد اور خودکش حملہ آور افغانستان سے بلوچستان کے راستے سندھ میں داخل ہوتے ہیں۔ کراچی میں دہشت گرد کچی آبادیوں او افغان بستوں میں رہائش پذیر ہیں۔ ہر گروپ میں پچاس دہشت گرد شامل ہیں جس میں 10 ٹارگٹ کلر اور پانچ سہولت کار خودکش جیکٹ‘ دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑیاں اور موٹرسائیکل بنانے کے ماہر بھی شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عی سفیان وڈھ کے ایک مدرسے میں رہائش پذیر ہے جہاں سے فون کے ذریعے ہدایت جاری کرتا ہے۔ شہر میں ہونے والی بھتہ خوری اور کریکر حملوں میں بھی یہی گروپ ملوث ہے۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ روز اورنگی ٹاﺅن میں کئے گئے دستی بم حملے میں یہی گروپ ملوث ہے۔ دوسری جانب کالعدم تنظیموں کے اراکین نے اپنے خرچے پورے کرنے کے لئے ایک بار پھر علاقے کی بڑی مارکیٹوں سے بھتہ کی وصولی شروع کردی ہے اور بھتہ نہ دین والوں پر فائرنگ اوردستی بم سے حملوں کے واقعات بھی سامنے آرہے ہیں۔ اس سلسلہ میں ایس ایچ او اورنگی ٹاﺅن یاسین گجر نے بتایا کہ علاقے میں کالعدم جہادی تنظیموں کے نیٹ ورک نے ایک بار پھر سر اٹھانا شروع کردیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے علاقے میں مخبروں کا جال پھیلا دیا اور جلد ہی ملزمان کا قلع قمع کردیاجائے گا۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی گئی ہے جس میں بم دھماکے میں ملوث ملزمان کے چہرے بھی واضح ہیں لیکن اس کے باوجود پولیس ملزمان تک نہیں پہنچ سکی ہے۔

سعودیہ نے حملہ کیا تو پورا عرب تباہ کردینگے ، ایران کی دھمکی

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک ‘ آئی این پی) ایرانی مسلح افواج کے سربراہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر پاکستان نے سرحد پار ایرانی علاقے میں حملے کرنے والے شدت پسندوں کے خلاف کارروائی نہ کی تو ایران پاکستان میں ان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنائے گا۔میجر جنرل محمد باقری کی جانب سے یہ بیان گذشتہ ماہ پاکستان اور ایران کے سرحدی مقام میرجاوا میں دس ایرانی سرحدی محافظین کی ہلاکت کے بعد آیا ہے۔ایران نے اس حملے کے لیے سنّی شدت پسند گروپ ‘جیش العدل’ کو ذمہ دار قرار دیا ہے اور اس کا دعویٰ ہے کہ ان محافظین کو پاکستانی علاقے سے دور مار بندوقوں سے نشانہ بنایا گیا تھا۔خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پیر کو جنرل باقری نے کہا کہ ‘ہم اب اس طرح کی صورتحال برداشت نہیں کریں گے۔’روئٹرز نے ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے حوالے سے بتایا ہے کہ میجر جنرل محمد باقری کا مزید کہنا تھا کہ ‘ہم امید کرتے ہیں کہ پاکستانی حکام سرحد کو کنٹرول کریں گے اور دہشت گردوں کو گرفتار کر کے ان کے ٹھکانوں کو ختم کریں گے۔’جنرل باقری نے کہا کہ اگر ایسا نہیں ہوتا تو ایران پاکستان کی سرحد کے اندر بھی کارروائی کر سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ‘اگر دہشت گردوں کے حملے جاری رہے تو ہم ان کی محفوظ پناہ گاہوں اور ٹھکانوں کو نشانہ بنائیں گے چاہے وہ کہیں بھی ہوں۔’اس سے قبل ایران کے وزیر دفاع جنرل حسین دہقان بھی کہہ چکے ہیں کہ پاکستان سے ملحقہ سرحد پر ایرانی محافظوں کی ہلاکت پر ایران جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔2014 میں بھی ایران نے جیش العدل کے ہاتھوں اپنے پانچ سرحدی محافظین کے اغوا کے بعد ان کی بازیابی کے لیے ایرانی فوجی اہلکار پاکستان بھیجنے کی بات کی تھی۔اس وقت پاکستان نے کہا تھا کہ اگر ایران ایسا کرتا ہے تو یہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہوگی اور بعدازاں یہ معاملہ اغواکاروں سے بات چیت کے بعد حل کر لیا گیا تھا۔واضح رہے کہ ایرانی محافظین کی ہلاکت کے بعد ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے بھی پاکستان کا دورہ کیا ہے اور انھوں نے پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف سے سرحدی سکیورٹی بہتر بنانے کا مطالبہ کیا تھا۔اس کے علاوہ ایران کے صدر حسن روحانی نے بھی وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کے نام ایک پیغام میں کہا تھا کہ بدقسمتی سے کچھ ممالک پراکسی وار کے ذریعے اسلامی ممالک کی یکجہتی کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انھیں ‘بھرتی کیے گئے دہشت گردوں’ کے ہاتھوں سرحدی محافظوں کی ہلاکت پر افسوس ہے کہ جو حملے کرنے کے لیے پاکستان کی زمین استعمال کرتے ہیں۔ ایران نے دھمکی دی ہے کہ اگر سعودی عرب نے ایران کیخلاف کوئی بیوقوفی کی تو ہماری فوج مکہ اور مدینہ کے علاوہ پورا ملک تباہ کر دے گی ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی وزیر دفاع نے اپنے ٹی وی انٹرویو کے دوران جارحانہ موقف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ایران کو کسی بھی قسم کی بیوقوفی کرنے سے خبردار کر رہے ہیں لیکن اگر ایسا کیا گیا تو ہم مکہ اور مدینہ کے علاوہ پورے ملک کوتباہ کر دیں گے۔یہ بات انھوں نے سعودی نائب ولی عہد محمد بن سلمان کے بیان کے جواب میں کیا جس میں کہا گیا تھا کہ ریاض اور تہران میں کوئی بھی جنگ ایرانی سر زمین پر لڑی جائے گی ۔سعودی ولی عہد نے یمن کے خلاف سعودی جنگ جس میں کم و بیش 12ہزار یمنی شہری جاں بحق اور سینکڑوں بے گھر ہو چکے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہم سعودی عرب کی بجائے ایران میں جنگ لڑنے کیلئے کام کریں گے۔ انہو ں نے مزید کہا تھا کہ ہم ایرانی حکومت کا اصل ہدف ہیں مگر ہم اس وقت کا انتظار نہیں کریں گے کہ جنگ سعودی عرب میں چھڑ جائے مگر اسے ایران کی سرزمین تک ہی رکھنے کیلئے کام کریں گے۔