اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) گلگت بلتستان میں نرسنگ کے شعبہ پر حکمرانوں کی توجہ نہ ہونے کے باعث تقریباً 15 لاکھ کی آبادی کیلئے 56 تربیت یافتہ نرسز موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ گلگت بلتستان میں علاج و معالجہ کیلئے اس وقت محض 463 ڈاکٹرز،34ڈینٹسٹ اور 56 نرسز موجود ہیں۔ بین الاقوامی معیار کے مطابق کسی بھی ملک کے شہریوں کو علاج و معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے فی 1000 آبادی کیلئے دو ڈاکٹرز، ایک ڈینٹس اور آٹھ نرسز کا ہونا ضروری ہے لیکن اس کے برعکس اس وقت گلگت بلتستان میں فی تین ہزار 239 افراد کیلئے محض ایک ڈاکٹر دستیاب ہے جبکہ اس کے علاوہ 44 ہزار 117 افراد کیلئے ایک ڈینٹس اور 26 ہزار 785 افراد کیلئے محض ایک تربیت یافتہ نرس ہے۔ اس ضمن میں گلگت بلتستان کی محکمہ صحت کے ذمہ داران سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ گلگت بلتستان میں اس وقت فی 1000 ہزار افراد کیلئے ایک بیڈ دستیاب ہے۔