پیرس(سپورٹس ڈیسک) رومانیہ کی سیموناہالپ نے پہلی بارفرنچ اوپن ویمنز سنگلز ٹائٹل جیت لیا۔فائنل میں رومانین سٹار نے امریکی حریف سیلونی سٹیفنز کو 3-6،6-4 اور6-1سے شکست دی۔ یہ سیموناہالپ کاپہلاگرینڈسلم ٹائٹل ہے۔فرانس کے شہرپیرس میں جاری سال کے دوسرے گرینڈسلم کے ویمنزسنگلز فائنل میں امریکہ کی سیلونی سٹیفنزاوررومانیہ کی سیموناہالپ کے درمیان اچھا مقابلہ دیکھنے میں آیا۔پہلے سیٹ میں امریکی پلیئرنے اچھا کھیل پیش کیا اورسیموناپربرتری ثابت کی اور6-3سے سیٹ نام کرلیا۔دوسرے سیٹ میں دونوں پلیئرزنے اچھا کھیل پیش کیا لیکن اس بارقسمت نے سیموناکاساتھ دیا۔رومانین سٹارنے سیلونی کی سروس بریک کی اوربرتری حاصل کی اورسیٹ6-4سے نام کیا۔تیسرے اورفیصلہ کن سیٹ میں رومانین سٹارنے سیلونی کو سنبھلنے کاموقع نہیں دیا اور مسلسل دوبار سیلونی کی سروس بریک کرتے ہوئے مقابلہ5-0کردیا۔اس موقع پر سیلونی نے اپنی سروس پر گیم جیت کر مقابلہ5-1کیا لیکن اپنی گیم پرسیمونانے بازی نام کرلی اور6-1سے سیٹ جیتنے کیساتھ فائنل بھی نام کرلیا۔سیمونااس سے قبل 2014ءاور2017ءکے فرنچ اوپن فائنل میں ناکام رہی تھیں۔
