اسلام آباد(ویب ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف نے پرویز خٹک کو دوبارہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔عام انتخابات میں تحریک انصاف نے وفاق اور خیبرپختونخوا میں اکثریت حاصل کی ہے جب کہ پنجاب میں بھی نمبر گیم کے ساتھ حکومت بناسکتی ہے۔پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں اکیلے ہی حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے جس کے بعد وزیراعلیٰ کے لیے کسی نئے نام کے بجائے سابق وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کا نام زیر غور آیا ہے۔ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ تحریک انصاف نے پرویز خٹک کو ہی دوبارہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی کے اراکین کی اکثریت بھی پرویز خٹک کو دوبارہ وزیر اعلیٰ بنانے کی حامی ہے۔خیال رہے کہ پرویز خٹک قومی اسمبلی کی نشست این اے 25 نوشہرہ اور خیبرپختونخوا اسمبلی کی 2 نشستوں پی کے 61 اور پی کے 64 سے الیکشن جیت چکے ہیں۔یاد رہے کہ پرویز خٹک 2013 سے 2018 تک تحریک انصاف کی صوبائی حکومت میں وزیر اعلیٰ کے پی کے رہے ہیں۔