جکارتہ(آئی این پی)ایشین گیمزوالی بال میں ساتویں سے دسویں پوزیشن کے میچ میں پاکستان نے چین کوہرا دیا،پاکستان نے دلچسپ اورسنسنی خیز معرکے کے بعد تین دوسے شاندارکامیابی حاصل کی۔میڈل کی دوڑ سے باہر قومی والی بال ٹیم کا اب ساتویں پوزیشن کے لیے یکم ستمبر کو تھائی لینڈ سے مقابلہ ہوگا۔تفصیلات کے مطابق ایشین گیمز میں قومی والی بال ٹیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی بار چین کو شکست دے دی، گرین شرٹس نے پوزیشن میچ میں 3-2سیٹ سے فتح سمیٹی، کپتان محب رسول نے جیت کا سہرا پوری ٹیم کے سر سجا دیا۔جکارتہ میں 7سے دسویں پوزیشن کے لیے پاکستان اور چین کا والی بال میچ ہوا، پہلے سیٹ میںچین نے 25-17 کی جیت سے فاتحانہ آغاز کیا۔ پاکستان نے سخت مقابلے کے بعددوسراسیٹ 26-28 سے اپنے نام کیااور اسکور ایک ایک سے برابر کر دیا۔تیسرے سیٹ میں چین کو30-28سے کامیابی ملی۔چوتھاسیٹ پاکستان نے باآسانی 19-25سے جیت لیا۔فیصلہ کن سیٹ میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ جس میں پاکستان نے تین میچ پوائنٹ بچاتے ہوئے16-18سے سیٹ اورمیچ میں فتح حاصل کرلی۔قومی کپتان محب رسول نے چین جیسی تگڑی ٹیم کو پہلی بار ہرانے کا کریڈٹ تمام کھلاڑیوں کو دے دیا۔ میڈل کی دوڑ سے باہر قومی والی بال ٹیم کا اب ساتویں پوزیشن کے لیے یکم ستمبر کو تھائی لینڈ سے مقابلہ ہوگا۔