اسلام آباد(آئی این پی) نیپرا نے ایک ماہ کیلئے بجلی کی قیمت میں55پیسے فی یونٹ اضافہ کر دیا، فیصلے سے بجلی صارفین پر آئندہ ماہ5ارب 20کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ اپریل کی فیول پرایس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا۔منگل کو نیپرا نے ایک ماہ کیلئے بجلی کی قیمت میں55پیسے فی یونٹ اضافہ کر دیا، نیپرا حکام کے مطابق اپریل میں آر ایل این جی والے پلانٹس نہیں چلائے گئے۔سی پی پی اے کے مطابق اپریل میں ہائیڈل سے 22.94 فیصد اور کوئلے سے 10.34 فیصد بجلی پیدا کی گئی، مقامی گیس سے 18.24 فیصد، درآمدی ایل این جی سے 30.83 فیصد بجلی پیدا کی گئی، اپریل میں ایٹمی وسائل سے 7.67 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔اضافے کا اطلاق لائف لائن صارفین کے الیکڑک اور زرعی صارفین پر نہیں ہوگا، صارفین سے اضافی رقم آئندہ ماہ کے بلوں میں وصول کی جائے گی۔
