تازہ تر ین

پی سی بی نے زمبابوے کے بعد جنوبی افریقا کی میزبانی کا بھی اعلان کردیا

جنوبی افریقی ٹیم جنوری 2021ء میں پاکستان آئیگی، مارچ 2021ء میں پاکستان جنوبی افریقا کا دورہ کریگا: وسیم خان

لاہور (ویب ڈیسک ) چیف ایگزیکٹیو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقا کی ٹیم جنوری 2021ء میں پاکستان آئے گی۔ لاہور میں ایک تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو میں چیف ایگزیکٹیو پی سی بی وسیم خان کا کہنا تھا کہ کووڈ صورتحال میں بہتری کے باعث ڈومیسٹک کے ساتھ انٹرنیشنل میچز کی میزبانی بھی کرنے جارہے ہیں، جنوبی افریقا کی ٹیم جنوری 2021ء میں پاکستان آئیگی اور جواب میں مارچ 2021ء میں پاکستان جنوبی افریقا کا دورہ کریگا۔وسیم خان نے کہا کہ نئے آئین میں ڈپارٹمنٹل کرکٹ شامل نہیں اور کرکٹ کمیٹی ختم نہیں کررہے بلکہ چیئرمین کی تلاش ہے جبکہ پی ایس ایل فرنچائز کا معاملہ عدالت میں ہے لہذا تبصرہ نہیں کر سکتے۔ یاد رہے کہ گرین شرٹس کی مصروفیات کے باعث جنوبی افریقہ کا دورہ آئندہ سال تک ٹل گیا تھا،اکتوبر میں شیڈول 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹونٹی میچز کورونا وائرس کی وجہ سے غیر معینہ مدت تک ملتوی ہو گئے تھے ،دونوں ممالک متبادل ونڈو کی تلاش میں سرگرداں مگر ری شیڈولنگ میں شدید مشکلات درپیش کیونکہ پاکستانی ٹیم کے پاس رواں سال کے اختتام تک وقت نہیں جبکہ پروٹیز مستقبل کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کا دورہ جنوبی افریقہ آئندہ سال تک ٹل گیا ہے کیونکہ دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز 2020ء میں محدود اوورز کے میچوں پر مشتمل سیریز کیلئے مناسب وقت نکالنے کے اعتبار سے جدوجہد میں مبتلا ہیں۔ آئی سی سی کے فیوچر ٹور پروگرام کے تحت پاکستانی ٹیم کو اکتوبر میں 3 ون ڈے اور 3 ٹونٹی میچوں کی سیریز کیلئے جنوبی افریقہ جانا تھا لیکن کورونا وائرس کی عالمی وباء کے باعث اس سیریز کو غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کرنا پڑا۔جنوبی افریقہ نے اگرچہ حال ہی میں اپنی سرحدیں کھولنے کا فیصلہ کرلیا لیکن فی الحال کسی بھی ٹیم کو انٹرنیشنل لیول پر کھیلنے کی اجازت نہیں جس کے پیش نظر پاکستانی ٹیم بھی دورے پر جانے سے قاصر ہے جسے دیگر ممالک کیخلاف چیلنجز درپیش ہیں۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق کرکٹ جنوبی افریقہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ہر ممکن آپشن پر کام کرتے ہوئے پاکستان کیخلاف سیریز کو یقینی بنایا جائیگا جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی اپنی آئندہ مصروفیات سے پروٹیز حکام کو آگاہ کردیا ہے ۔واضح رہے کہ نومبر میں قومی کرکٹ ٹیم کی زمبابوے کیخلاف ہوم سیریز کے انتظامات کئے جا رہے ہیں جس کیساتھ ہی 14سے 17نومبر تک لاہور میں پی ایس ایل 5 کے پلے آف میچوں کا انعقاد بھی کیا جائیگا اور اسکے بعد گرین شرٹس نیوزی لینڈ روانہ ہو جائیںگے جہاں انہیں نومبر اور دسمبر میں 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز میں شریک ہونا ہے یوں رواں برس کے اختتام تک پاکستانی ٹیم کے پاس کوئی وقت نہیں کہ وہ پروٹیز کیخلاف میچوں کا انعقاد ممکن بنا سکے۔جنوبی افریقی ٹیم کو آئندہ برس جنوری سے لیکر مارچ کے درمیان سری لنکا اور آسٹریلیا کے علاوہ پاکستان کیخلاف بھی میچوں کا اہتمام کرنا ہے لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے فی الحال کچھ بھی یقین سے نہیں کہا جا سکتا کہ شیڈولنگ کس طرح طے کی جائیگی جبکہ فی الوقت بھی جنوبی افریقی ٹیم کسی ملک کا سامنا کرنے کو تیار نہیں جس کے کئی کھلاڑی آئی پی ایل میں شرکت کی وجہ سے دستیاب نہیں اور آئندہ سال کے اوائل میں بھی یہی مسائل ایک بار پھر درپیش ہوسکتے ہیں جب کوویڈ 19کی صورتحال میں بہتری کے بعد بھارتی لیگ اپنے مقررہ وقت یعنی اپریل میں کھیلی جائیگی اور پاکستان کیساتھ جنوبی افریقہ کیلئے بھی ونڈو تلاش کرنا آسان نہیں ہوگا۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain