کراچی: گلشن اقبال میں واقع مسکن چورنگی کے قریب دھماکےکے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
بدھ کی صبح ساڑھے 9 بجے کے قریب گلشن اقبال کی مسکن چورنگی پر واقع رہائشی عمارت میں دھماکا ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی جب کہ دھماکے کے نتیجے میں قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔
دھماکا 4 منزلہ عمارت کے پہلے فلور پر ہوا اور عمارت کے نیچے ایک نجی بینک بھی واقع ہے جب کہ دھماکے کے نتیجے میں بلڈنگ گرنے سے اس کے نیچے کھڑی گاڑیاں بھی ملبے میں دب گئیں۔
پولیس نے بلڈنگ میں دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے سے بلڈنگ بری طرح متاثر ہوئی ہے اور اس کے دو فلور مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں جب کہ دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔
جاں بحق افراد میں بینک کا گارڈ بھی شامل
ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کےمطابق دھماکے میں 5 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
زخمی ہونے والوں میں بینک کا عملہ بھی شامل ہے جب کہ بینک کا گارڈ بھی دھماکے میں جاں بحق ہوا ہے۔
ڈی جی ہیلتھ سندھ کےمطابق دھماکے میں 28 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں خواتین اوربچے بھی شامل ہیں۔