بحرین میں کورونا وائرس نے ایک اور شخص مار ڈالا

منامہ(ویب ڈیسک) خلیجی ریاست بحرین میں کورونا وائر س کے مریضوں کی گنتی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ گزشتہ روز بحرین کے دارالحکومت منامہ میں ایک اور مقامی شخص کورونا وائرس کے باعث وفات پا گیا۔ اس طرح مملکت میں کورونا کے باعث زندگی سے محروم ہونے والوں کی گنتی اب تک 4ہو گئی ہے۔ جبکہ مملکت میں کورونا سے متاثرین افراد کی تعداد 333 تک جا پہنچی ہے۔بحرینی میڈیا کے مطابق مرنے والا شخص بحرینی بزرگ تھا جس کی عمر 78 برس تھی۔وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ متوفی دیگر امراض میں بھی مبتلا تھا ، جس کی وجہ سے اس کی قوتِ مدافعت کمزور پڑ چکی تھی۔ کورونا کے حملے نے اس کی زندگی کا خاتمہ کر دیا۔ اس متوفی بزرگ کو کورونا سے متاثرہ ایک شخص سے ملاقات کے بعد یہ مہلک مرض لاحق ہوا تھا۔جسے مرض کی تشخیص کے بعد ایک قرنطینہ مرکز بھیج دیا گیااور اسے چوبیس گھنٹے علاج معالجے کی تمام ضروری خدمات مہیا کی جارہی تھیں تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔مملکت میں اس وقت کرونا وائرس کے دو کے سوا باقی تمام مریضوں کی حالت مستحکم ہے۔ان دو کیسوں کی حالت تشویش ناک ہے اور انھیں انتہائی نگہداشت میں رکھا جارہا ہے۔قرنطینہ اور علاج کے مراکز میں کورونا کے تمام مریضوں کو علاج معالجے کی خصوصی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں اور ان کے وقتاً فوقتاً ٹیسٹ بھی لیے جا رہے ہیں۔ترجمان کے مطابق 190 متاثرہ افراد علاج معالجے کے بعد صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔منامہ کے مضافاتی علاقے میں کورونا وائرس کے ایک مریض کا پتا چلنے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے مرض کے پھیلاو کی روک تھام کے لیے اس علاقے کو آمد و رفت کے لیے بند کر دیا ہے۔واضح رہے کہ بحرینی حکومت نے25 فروری کو کرونا وائرس پھیلنے کے بعد ملک بھر میں تمام نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں اور جامعات کو بند کردیا تھا اور اس کے بعد مساجد میں نمازوں کی پابندی پر بھی عارضی پابندی لگا دی گئی ہے۔

کورونا وائرس سے دنیا بھر میں اموات 21 ہزار تک پہنچ گئیں

لاہور(ویب ڈیسک)دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 21 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔دنیا بھر میں متاثرین کی تعداد 4 لاکھ سے تجاوز کرگئی؛تیزی سے پھیلتے کورونا وائرس نے 198 ممالک کو بری طرح متاثر کیا ہوا ہے اور اب تک کے اعداد وشمار کے مطابق دنیا بھر میں 21 ہزار افراد اس وائرس کے ہاتھوں جان کی بازی ہار گئے ہیں جب کہ متاثرین کی تعداد 4 لاکھ 52 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔اٹلی اور اسپین میں ہلاکتیں چین سے بھی زیادہ؛کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک اٹلی میں اب تک 7503 افراد وائرس کے باعث ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ اٹلی کے بعد سب سے زیادہ متاثرہ ملک اسپین ہے جہاں 47 ہزار6 سو10 کیسز رپورٹ ہوئے اور 3434 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔امریکا بھی کورونا وائرس سے پریشان؛سپر پاور امریکا میں بھی کورونا وائرس نے تباہی مچادی ہے جہاں 65 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 223 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 928 تک پہنچ گئی ہے۔ایران میں 2 ہزار سے زائد ہلاکتیں؛ایران میں بھی 27 ہزار سے زائد افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جس میں سے 2077 افراد زندگی سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔ فرانس میں اب تک وائرس 1331 لوگوں کی جان لے گیا جب کہ مجموعی کیسز کی تعداد 25 ہزار 233 ہے۔افریقی فٹبالر کورونا سے ہلاک؛دوسری جانب افریقن فٹ بالر اور صومالیہ کے وزیر کھیل عبدالقادر محمد فرح کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے ہیں، افریقن فٹ بالر کو گزشتہ ہفتے کورونا وائرس کا نتیجہ پازیٹو آیا تھا اور وہ ان دنوں لندن کے نارتھ ویسٹ اسپتال میں زیر علاج تھے۔

چین کا تعاون: طبی ماہرین پاکستان بھیجنے کا اعلان

اسلام آباد(ویب ڈیسک) چین نے پاکستان میں جان لیوا کورونا وائرس سے نمٹنے کےلیے طبی ماہرین بھیجنے کا اعلان کردیا۔ چینی سفارتخانے کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق چینی حکومت پاکستان کو کورونا وائرس سے لڑنے میں مدد کے لئے طبی ماہرین بھیجے گی۔ چین نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے پاکستان کو کورونا وائرس سے نمٹنے میں اپنے تجربے سے متعلق بتایا اور پاکستان میں وبا پھیلنے کے فوری بعد اس بیماری کی روک تھام سے متعلق معلومات سے بھی آگاہ کیا۔ چین پاکستان کو طبی سامان فراہمی کرنے کی تیاری کررہاہے اور آئسولیشن کیلئے ایک عارضی اسپتال بنانے میں بھی مددکرے گا۔ چینی نائب وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ بیجنگ حکومت کے ساتھ ساتھ چینی کمپنیاں بھی اس مہلک وبا کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مدد کر رہی ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی چین نے کورونا وائرس سے بچاو¿ کے لیے پاکستان کو 5 لاکھ ماسک فراہم کیے ہیں۔ چین سے خصوصی کارگو طیارہ این 95 ماسک اور دیگر حفاظتی سامان لے کر کراچی ائیرپورٹ پہنچا ہے۔

مسلم ممالک باجماعت نماز پر پابندی لگا سکتے ہیں، جامعہ الازہر مصر

اسلام آباد(ویب ڈیسک) کورونا وائرس کی عالمی وباکے پیش نظر مصر کی ممتاز جامعہ الازہر کے علما کی سپریم کونسل نے مصدقہ طبی معلومات اور انسانی زندگی کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے باجماعت اور جمعہ کی نماز کی ادائیگی پر پابندی عائد کرنے کے حوالے سے باضابطہ فتویٰ جاری کر دیا۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسلام آباد میں مصر کے سفیر کے ذریعے شیخ الازہر سے کورونا وائرس کی وباکے سلسلہ میں مذہبی فرائض کی ادائیگی کے حوالہ سے رہنمائی کی درخواست کی تھی۔جامعہ الازہر کے علماءکی سپریم کونسل نے فتویٰ میں قرار دیا ہے کہ تمام شواہد واضح طور پر اس امر کی نشاندہی کرتے ہیں کہ عوامی اجتماعات بشمول با جماعت نماز کورونا وائرس کے پھیلاو کا باعث بنتے ہیں۔ مسلمان ممالک میں سرکاری حکام کو باجماعت نماز و جمعہ کی نمازوں کو منسوخ کرنے کا پورا اختیار ہے۔ اس سلسلہ میں درپیش حالات کو مدنظر رکھا جائے، موذن حضرات کو ”صلوٰ فی بیوتکم“ (گھروں میں نماز ادا کریں) کے ساتھ ترمیم شدہ اذان دینی چاہئے جبکہ اہلخانہ اپنے گھروں میں باجماعت نماز کا اہتمام کر سکتے ہیں۔ مسلمانوں کے فرائض میں شامل ہے کہ وہ بحران کی صورتحال میں طبی احتیاطی تدابیر کے حوالہ سے مجاز ریاستی حکام کے احکامات کی پیروی کریں اور غیر سرکاری ذرائع سے اطلاعات اور افواہوں پر عمل سے گریز کریں۔فتویٰ میں مزید کہا گیا ہے کہ حالیہ کورونا وائرس تیزی سے پھیلتا ہے اور یہ کہ انسانی زندگیوں کو بچانا اسلامی قانون کے عظیم مقاصد میں سے ہے۔ان مقاصد کی تکمیل کیلئے علماءسپریم کونسل یہ فتویٰ جاری کرتی ہے کہ ہر مسلمان ملک میں ریاستی عہدیداروں کو اجازت ہے کہ وہ تمام عوامی اجتماعات بشمول باجماعت نماز اور جمعہ کی نمازوں پر وائرس کے پھیلاواور لوگوں کی اموات کے خدشہ کے پیش نظر قانونی طور پر پابندی لگا سکتے ہیں۔مزید برآں معمر افراد اپنے گھروں پر رہیں، باجماعت اور جمعہ کی نمازوں میں شرکت نہ کریں اور رائج طبی رہنما اصولوں کی پیروی کریں۔اسلامی قانون تمام مسلمانوں کی فلاح اور حفاظت یقینی بناتا ہے جیسا کہ صحیحین کی دو احادیث میں بیان کیا گیا ہے جن میں کہا گیا کہ عبدآ ابن عباس نے اپنے موذن کو ہدایت کی کہ وہ اذان میں ترمیم کریں تاکہ لوگ گھروں پر نماز ادا کر سکیں اور بارش میں مسجد جانے سے اجتناب کریں۔ جیسا کہ یہ وبا بارش سے زیادہ خطرناک ہے اس لئے باجماعت اور جمعہ کی نمازوں پر پابندی کی اجازت ہے۔ابو داو¿د نے ابن عباس سے روایت کیا ہے کہ پیغمبراسلام حضرت محمدٓ نے فرمایا کہ ”بیماری کا خوف باجماعت نماز چھوڑنے کیلئے عذر ہے“۔ اسی طرح عبدالرحمن بن عوف نے بیان کیا کہ پیغمبر نے ان لوگوں کو مسجد میں نماز ادا کرنے سے منع فرمایا جو دوسرے لوگوں کیلئے ناگوار بدبو کا باعث ہوں تاکہ دوسرے لوگ اس (بدبو) سے محفوظ رہ سکیں۔ لہٰذا ان شواہد کی بناءپر الازہر کے علماءکی سپریم کونسل نے فتویٰ دیا ہے کہ مسلمان ممالک میں سرکاری حکام کو باجماعت نماز و جمعہ کی نمازوں کو منسوخ کرنے کا پورا اختیار ہے۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اس فتویٰ کی بنیاد پر علماءکرام اور حکومت سے درخواست کی ہے کہ جلد از جلد ان ہدایات کی روشنی میں احکامات صادر کئے
جائیں۔

لاہورہائیکورٹ: تمام خواتین، معمولی جرائم میں ملوث قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم

لاہور(ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے تمام خواتین اور معمولی جرائم میں ملوث قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا، عدالتی مراسلے میں ہدایت کی گئی کہ ایسے قیدیوں کی ضمانت کی درخواستیں ترجیحی بنیادوں پرسنی جائیں اور قانون کے مطابق منظور کی جائیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈی جی ڈائریکٹوریٹ آف ڈسٹرکٹ جوڈیشری نے صوبے بھر کے تمام سیشن ججز کو مراسلہ جاری کردیا ہے۔ مراسلہ ملک مشتاق احمد نے جاری کیا۔ مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ متعلقہ سیشن ججز ضمانت کی درخواستیں ٹرائل میں سماعت کیلئے مقرر کریں گے۔ کورونا سے بچاو¿ کیلئے درخواستیں متعلقہ سپرنٹنڈنٹس جیل کو دائر کرنے کی ہدایت کی جائے۔تمام خواتین، معمولی جرائم میں ملوث اور7 سال سے کم عمر قیدیوں کو رہا کردیا جائے، ایسے قیدیوں کی ضمانت کی درخواستیں ترجیحی بنیادوں پرسنی جائیں اور قانون کے مطابق منظور کی جائیں۔ اسی طرح سندھ ہائیکورٹ نے بھی 829 قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔ سندھ ہائیکورٹ نے مراسلہ جاری کیا کہ معمولی جرائم میں ملوث قیدیوں کو فوری رہا کیا جائے۔ دوسری جانب محکمہ داخلہ پنجاب کی ہدایات کے تحت قیدیوں کو کورونا وائرس سے بچاو¿ تدارک کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جا رہا ہے۔ ترجمان کیمپ جیل لاہور نے بتا یا کہ منشیات سمگلنگ مقدمہ میں گرفتار ملزم عابد حسین کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا تھا‘یہ ٹیسٹ 22 مارچ کو چیف آفیسر ہیلتھ کی ٹیم کی زیر نگرانی لیا گیا اور 23 مارچ کو اسکی رپورٹ مثبت آئی، 23 مارچ کو ہی اس مریض کو فوری طور پر پاکستان کیڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ لاہور منتقل کیا گیا‘جہاں سے اسے میوہسپتال کے کورونا آئسولیشن سنٹر میں داخل کرادیا گیا وہ اب تک وہیں زیر علاج ہے۔ انہوں نے کہاکہ عابد حسین کی کنٹکٹ ٹرسینگ پر کارروائی عمل میں لائی گئی ہے اور اس میں کسی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہیں کیا گیا‘اس ضمن میں زیر سماعت مقدمات میں گرفتار 5 قیدیوں کے کورونا وائرس ٹیسٹ کئے گئے ہیں اس میں ڈیوٹی پر موجود ایک جیل اہلکار بھی شامل ہے‘ممکنہ قیدوبند کے احاطے کو لاک ڈاو¿ن کردیا گیا ہے اور باقی قیدیوں کو قرنطنیہ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ احاطے کو کلوروین سپرے سے جراثیم سے پاک کر دیا گیا ہے اور جراثیم کش ادویات،ہینڈ سینی ٹیزرز، صابن، گلوز اور ماسک جیل کے اندر اور باہر جانے کے راستے پر مہیا کیے گئے ہیں‘ ترجمان نے مزیدبتایا کہ محکمہ صحت پنجاب جیل ہذا میں 100بستروں پر مشتمل ایک ہسپتال بھی قائم کرے گا۔

پسماندہ ممالک کو کورونا سے مقابلے کیلئے 2 ارب ڈالر کی امداد دینا ہوگی، اقوام متحدہ

نیویارک(ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ دنیا کے پسماندہ ترین ممالک کو کورونا وائرس کی وبا سے مقابلے کے لیے 2 ارب ڈالر کی امداد درکار ہوگی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بدھ کو اقوام متحدہ نے غریب ممالک کو انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کرنے کے لیے اپنے امدادی پروگرام اورعالمی سطح پر عطیات کی اپیل جاری کردی ہے۔سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ کوویڈ 19 پوری انسانیت کے لیے خطرہ ہے اور تمام انسانیت کو مل کر اس کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ اس کے لیے عالمی سطح پر اقدامات اور یک جہتی کی ضرورت ہے، ممالک کے انفرادی اقدامات کافی نہیں ہوں گے۔انتونیو گوتریز کا کہنا تھا کہ رکن ممالک کی جانب سے دنیا کے 10کروڑ افراد کے لیے امدادی پروگرام جاری رہنا چاہیے بصورت دیگر کورونا وائرس ہیضہ، خسرہ جیسے وبائی امراض سے زیادہ تباہ کن ثابت ہوگی۔تفصیلات کے مطابق دو روز قبل اقوام متحدہ کے سربراہ نے دنیا کی بڑی معاشی قوتوں جی 20 ممالک کو لکھے گئے اپنے خط میں پس ماندہ ممالک کی امداد کے لیے جنگی بنیادوں پر امداد فراہم کرنے کی اپیل کی تھی۔ اقوام متحدہ کا ہنگامی امدادی منصوبہ اپریل سے دسمبر تک جاری رہے گا۔ اقوام متحدہ کی 2.012ارب ڈالر کی رقم عالمی ادارہ صحت اور عالمی ادارہ خوراک کے پروگرامز میں استعمال ہوگی۔اقوام متحدہ نے اپنے امدادی منصوبے کے لیے 80 صفحات پر مبنی کتابچہ بھی جاری کیا ہے جس میں 20 سے زائد ایسے ممالک کی نشاندہی کی گئی ہے جنھیں امدادی کارروائیوں میں ترجیح دی جائے گی۔ ان میں جنگی حالات کا سامنا کرنے والے ممالک افغانستان، لیبیا، شام، سینٹرل افریقن ریپبلک، جنوبی سوڈان، یمن، وینزویلا اور یوکرین کا نام بھی شامل ہے۔

کرونا وائرس کے پھیلاﺅ کی تحقیقات کی درخواست پر زلفی بخاری کو نوٹس

اسلام آباد(ویب ڈیسک)اسلام آبادہائیکورٹ نے کوروناوائرس کے پھیلاو¿کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کےقیام کی درخواست پروفاق کونوٹس جاری کردیا۔ اسلام آبادہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے سول سوسائٹی کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ تفتان بارڈر سے زائرین کی فیصل آباد،جھنگ یا دوسرے شہروں کو منتقلی کو روکا جائے، اگر زائرین کو ان شہروں میں لانے سے کوئی نقصان ہواتو ذمہ دار متعلقہ افراد ہوں گے، تفتان بارڈر کو فوری طور پر سیل کرنے کا حکم دیا جائے، بارڈر پر زائرین کے لیے فوری عمارت تعمیر کرکے انہیں وہاں رکھنے کا حکم دیا جائے۔ جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ حکومت سے پوچھ لیتے ہیں کہ تفتان سے آنے والوں کو کہاں رکھا ہے اور یہ مراکز کہاں کہاں قائم کیے ہیں؟ قرنطینہ میں رکھنے کا مقصد ہی انہیں الگ رکھنا ہے۔ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ عوام کو فوری طور پر ماسک اور سینیٹائزرز مہیا کرنے کا حکم دیا جائے، ایران سے آنے والے زائرین کو گنجان آباد شہروں میں منتقلی سے روکا جائے۔ جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ یہ پالیسی معاملہ ہے، شارٹ ڈیٹ دے رہے ہیں، حکومت کا جواب آنے دیں۔ اسلام آبادہائیکورٹ نے وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری اور وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری سمیت فریقین کو نوٹس جاری کرکے ایک ہفتے میں جواب طلب کر لیا۔

بھارتی مظالم جاری؛ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور لاک ڈاؤن 234 ویں روز میں داخل

سری نگر(ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی فوج کے مظالم جاری ہیں جب کہ وادی میں کرفیواورلاک ڈاون 234 ویں روزمیں داخل ہوگیا ہے۔مقبوضہ وادی کشمیرمیں بھارت کی طرف سے مسلط کردہ غیرانسانی لاک ڈاون اور مواصلاتی بندش کے باعث مسلسل 233 ویں روز بھی معمولات زندگی بدستور مفلوج ہیں۔ سڑکیں سنسان، وادی میں دکانیں، کاروبار، تعلیمی مراکز بند ہیں اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ قابض بھارتی فوج نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور ایک کروڑ سے زائد افراد دنیا کی سب سے بڑی جیل میں قید ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے گذشتہ ماہ 10کشمیریوں کو شہید کیا۔ بھارتی کابینہ نے کشمیر میں آبادکاری ایکٹ سمیت 37 قوانین کے نفاذکی منظوری بھی دے دی ہے، مودی سرکار نے علاقوں کے نام بھی تبدیل کرناشروع کردیے۔ وادی میں نام نہاد سرچ آپریشن اورپکڑ دھکڑ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔وادی میں خوراک اور ادویات کی قلت بھی برقرار ہے۔ 8 لاکھ سے زائد کشمیریوں کوسخت پریشانیوں کا سامنا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں اب تک لگ بھگ 894 بچے شہید اور 177 ہزار سے زائد یتیم ہوچکے ہیں۔ بھارت نے مظلوم کشمیریوں پر ظلم وبربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے اور ہزاروں کشمیریوں سمیت مقبوضہ وادی کی سیاسی قیادت کو بھی جیلوں میں بند کر رکھا ہے۔وادی میں موبائل فون، انٹرنیٹ سروس بند اور ٹی وی نشریات تاحال معطل ہیں۔ دوسری جانب مودی سرکار کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے میں ناکام ہے۔ کشمیری کرفیو توڑ کر سڑکوں پر نکل آئے اور بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کرتے رہے۔ 5 اگست کو مودی سرکار نے کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اے کو ختم کر کے مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ کر دیا تھا۔

کرونا وائرس سے بچاﺅ کیلئے کیوبا سے حیرت انگیز دوا کی ترسیل شروع

کیوبا(ویب ڈیسک) کیوبا سے دنیا کو بچانے کے لئے حیرت انگیزدوا کی ترسیل شروع کردی گئی ہے،امریکا کی جانب سے پابندیاں عائد ہونے کے باوجود کیوبا جیسے چھوٹے ملک سے 15 ممالک نے دوا دینے کی درخواست کر دی۔تفصیلات کے مطابق امریکا کی جانب سے پابندیوں کا سامنا کرنے کے باوجود کیوبا جیسے چھوٹے ملک نے مہلک کورونا وائرس کا توڑ نکال لیا ہے۔ اس سلسلے میں کیوبن حکام نے یہ دوا بطی ماہرین کے ہمراہ دیگر ممالک میں بھیجنا شروع کر دی ہیں،کیوبا سےدنیا بھر میں کرونا وائرس سے لڑنے کے لئے حیرت انگیزدوا دوا کی ترسیل جاری ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ نئی دوا سے نیا کرونا وائرس ٹھیک ہو جائے گا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ دوا انٹر فیرون الفا ٹو بی ری کبنینٹ کہلاتی ہے جسے کیوبا اور چین کے سائنسدانوں نے مل کر بنایا ہے، چین میں اس دوا کا استعمال جنوری سے ہی جاری ہے۔ کیوبا نے اب یہ دوا درجنوں دیگر ممالک کو بھی اپنی طبی ٹیموں کے ساتھ فراہم کرنا شروع کر دی ہے۔کیوبا کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ نئی اینٹی وائرس دوا کرونا وائرس کے علاج کے سلسلے میں نہایت کارآمد ثابت لیا۔یہاں یہ بات واضح ہو کہ کیوبا کو امریکا کی جانب سے پابندیوں کا سامنا ہے۔اس سے قبل1980 میں ڈینگی بخار کے علاج کے لیے جدید انٹرفیرون تراکیب کا استعمال شروع کیاگیا تھا۔ اس کے بعد اسے ایچ آئی وی ایڈز،ہیومن امن پیپلوما وائرس،ہیپاٹائٹس بی، سی اور دیگر امراض میں بھی کامیاب پایا گیا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دوا مریضوں میں وائرس کی وجہ سے ہونے والی ان پیچیدگیوں اور اضافےکو روک دیتی ہے جس سے عموماً مریض کی موت واقع ہوتی ہے۔کم ازکم پندرہ ایسے ممالک جنہوں نے کیوں سے رابطہ کرکے مذکورہ دوا کی درخواست کی ہے۔یہ دوا کرونا وائرس کے علاج کے لیے منظور شدہ نہیں ہے تاہم اس سے مماثل وائرس کے لیے موثر ثابت ہو چکی ہے۔کیوبن کام کا کہنا ہے کہ امریکا کی جانب سے لگائی گئی پابندیوں کی وجہ سے کرونا وائرس سے لڑنے میں بڑی رکاوٹوں کا سامنا ہے۔اگر امریکہ کی جانب سے 60 سال سے زائد عائد پابندیاں ہٹائی جائیں تو صحت کے شعبے پر بہت بڑا مثبت اثر مرتب ہوگا۔

ملک بھر میں31مئی تک تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان

لاہور(ویب ڈیسک) حکومت نے ملک بھر میں31مئی تک تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کردیا،رمضان شریف اور عیدالفطر کے بعد تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کریں گے، کورونا کا پھیلاو¿ روکنے کیلئے لوگوں کو گھروں میں رہنا ہوگا۔قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں وفاقی وزیر اسد عمر نے بتایا کہ 13مارچ کو قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی بنائی گئی۔ آج قومی سلامتی کمیٹی کی پانچویں میٹنگ تھی۔کورونا سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی کے تحت آگے چل رہے ہیں۔ صحت سے متعلقہ عملہ ہمارے مجاہدیں ہیں۔وائرس دنیا کے 182سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے، کورونا کا پھیلاو¿ روکنے کیلئے لوگوں کو گھروں میں رہنا ہوگا۔ہم نے کورونا سے بچنے کیلئے باقی سارے کام روک دیے ہیں۔ دنیا پر کورونا سے منفی معاشی اثرات مرتب ہوئے۔ شفقت محمود نے بتایا کہ تمام صوبوں کے ساتھ رابطے کیے گئے اور معاہدہ کیا گیا ہے کہ ملک بھر میں 31مئی تک تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ رمضان شریف میں بھی تعلیمی ادارے بند رکھے جائیں گے۔ کورونا کے خاتمے کیلئے صوبوں کو مل کر کام کرنا ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ ملک میں کہیں بھی گندم کی قلت نہیں ہے، نہ ہی آٹے کی قلت نظر آرہی ہے، گندم وافر مقدار میں موجود ہے۔ دوسری جانب پاکستان میں کورونا سے 8 ہلاکتیں، کیسز کی مجموعی تعداد 1100 سے بھی تجاوز کرگئی۔جمعرات کوپاکستان میں اب تک کورونا وائرس کے 25 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد پاکستان میں مجموعی کیسز کی تعداد 1102 تک جا پہنچی ہے ، 8 افراد وائرس سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔ایک روز قبل راولپنڈی میں زیر علاج خاتون انتقال کرگئی تھیں، خاتون بیرون ملک سے وطن واپس آئی تھیں اور 21 مارچ سے زیر علاج تھیں۔ خاتون کے انتقال سے پنجاب میں کورونا سے اب تک ہلاکتوں کی تعداد 2 ہوگئی تھی اس سے قبل خیبرپختونخوا میں 3، بلوچستان، گلگت بلتستان اور سندھ میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔پاکستان میں مہلک وائرس سے اب تک 22 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جن میں سے 14 کا تعلق سندھ، 6 کا گلگت بلتستان اور 2 کا تعلق اسلام آباد سے ہے۔جمعرات پاکستان میں کورونا کے اب تک 25کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے بلوچستان میں 12، اسلام آباد میں 9 اور سندھ میں 4 کیسز رپورٹ ہوئے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مزید 9 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں تاہم ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ان کیسز کی کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔سرکاری پورٹل پر 9 کیسز میں اضافے کے بعد اسلام آباد میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد25 ہوگئی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق صوبائی محکمہ صحت نے بتایا کہ بلوچستان میں کورونا وائرس کے مزید 12 کیسز سامنے ا?ئے ہیں جس کے بعد مصدقہ کیسز کی تعداد 131 ہوگئی ہے ، سرکاری پورٹل پر بھی مجموعی کیسز کی یہی تعداد بتائی گئی ہے۔