مستحق افراد کی خدمت کیلئے مایاعلی نے راشن تقسیم کرنا شروع کردیا

لاہور (ویب ڈیسک) اداکارہ مایا علی نے کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں ہونے والے لاک ڈاون کے باعث بے روزگار ہونے والے مستحق افراد میں راشن تقسیم کرنا شروع کردیا۔اداکارہ مایا علی جان لیوا کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے ملک بھر میں ہونے والے لاک ڈاون کے باعث بے روزگار ہونے والے غریب ، دیہاڑی دار مزدوروں اور مستحق افراد کی مدد کے لیے میدان میں آگئیں۔ مایا علی نے گزشتہ روز انسٹاگرام پر مستحق افراد میں تقسیم کیے جانے والے راشن بیگز کی چند تصاویر شیئر کیں اور لکھا کہ یہ راشن کا پہلا بیچ ہے جو ہم مستحق افراد میں تقسیم کرنے جا رہے ہیں۔مایا علی نے لکھا یہ صحیح وقت ہے جب ہمیں کسی اور کی مدد کا انتظار کرنے کے بجائے معاشرے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ یہ وقت بہت مشکل ہے اور ہمیں بحیثیت قوم ایک ہونا ہے اور ایک دوسرے کی مدد کرنی ہے۔ الحمداللہ مجھے بہت خوشی ہے کہ اللہ نے مجھے یہ موقع دیا کہ اس مشکل وقت میں میں لوگوں کی مدد کروں۔مایا علی نے لکھا کہ چند روز قبل ان کے دماغ میں یہ خیال آیا اور انہوں نے اسے اپنے دوستوں کے ساتھ شیئر کیا جس کے بعد ان کے دوستوں نے بھی اس نیک کام میں ان کا ساتھ دیا۔ مایا نے کہا کہ میں اپنے دوستوں کی اور ان تمام لوگوں کی بہت شکرگزار ہوں جنہوں نے اس کار خیر میں حصہ لیا اور اپنا کردار ادا کیا۔ہمیں نہیں معلوم یہ مشکل وقت کب تک چلے گا لیکن ہم سب کو ان تمام لوگوں کے لیے کھڑ ے رہنا ہے جو مستحق ہیں۔ انشا اللہ یہ سب جلدی ختم ہوجائے گا لیکن تب تک ہمیں یہ کرتے رہنا ہے۔ اس کے ساتھ ہی مایا علی نے لوگوں سے درخواست کی کہ اگر کوئی اس کام میں ان کا ساتھ دینا چاہتا ہے تو ان سے رابطہ کرسکتا ہے اور انہوں نے یہ یقین بھی دلایا کہ یہ چیزیں مستحق افراد تک ہی پہنچیں گی۔ ہمیں حیثیت ایک قوم کورونا سے لڑنا ہے اور اس پر جیت حاصل کرنی ہے۔

اللہ سے شفا اور معافی مانگتے رہیں ہمیں کوئی چیز نقصان نہیں پہنچائے گی، عائزہ خان

کراچی(ویب ڈیسک) اداکارہ عائزہ خان نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں پھیلے مہلک کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر دعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ سے شفا اورمعافی مانگتے رہیں انشااللہ ہمیں کوئی بھی چیز نقصان نہیں پہنچائے گی۔جان لیوا ناول کورونا وائرس اب تک دنیا کے تقریباً 190 ممالک تک پھیل چکا ہے، اس نے ہزاروں زندگیاں نگل لی ہیں اور مزید لاکھوں زندگیاں خطرے میں ہیں۔ حکمرانوں کے ساتھ پاکستان شوبز سے تعلق رکھنے والے فنکار بھی اس تشویشناک صورتحال میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے لوگوں کو احتیاطی تدابیراختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔اداکارہ عائزہ خان نے گزشتہ روز ٹوئٹر پر پاکستان سمیت دنیا بھر کے لوگوں کے لیے کوروناوائرس سے محفوظ رہنے کی دعا کرتے ہوئے کہا ” ہمارے پاکستان پر اور اس پوری دنیا پر اپنا رحم کر میرے اللہ۔احتیاط تو بے شک کرنی ہے پر دعا بھی کرنی ہے اپنے لیے سب کے لئے۔ خود کوشش کریں وضو میں رہیں، اللہ سے شفا اور معافی مانگتے رہیں، بے شک ہمارا یقین ہے اللہ پر ہمیں کوئی بھی چیز نقصان نہیں پہنچائے گی۔ انشااللہ۔“

لاہور:آٹے کی قیمت میں فی کلو5 سے10روپے اضافہ

لاہور (ویب ڈیسک) لاہور کی اکثر آٹا چکیوں پر گندم کی دستیابی کا مسئلہ سر اٹھانے لگا ہے جس سے آٹے کے بحران کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ دوکانداروں کا کہنا ہے کہ گندم کی عدم فراہمی کی وجہ سے قلت ہو رہی ہے۔ ملک بھر میں لاک ڈاو¿ن کے سبب سپلائی متاثر ہونے سے چکیوں پر گندم نایاب ہوگئی جس کے باعث اب شہر کی اکثر چکیوں پر آٹا نہیں مل رہا۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ حکومت کوبنیادی ضروریات کی ہر وقت فراہمی کے لئے سپلائی چین کو بحال رکھنے کے انتظامات کرنے چاہئیں تاکہ عوام اس مشکل گھڑی میں مزید مشکلات کا شکار نہ ہوں۔ گندم کی کمی کے باعث آٹے کی قیمت میں فی کلو 5 سے 10 روپے اضافہ ہوگیا ہے جبکہ گندم کی قیمت فی من 2200 سے بھی اوپر جا رہی ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کورونا سے نمٹنے کے لیے قومی سطح پر مزید فیصلے متوقع ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرائے اعلیٰ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی جب کہ اجلاس میں عسکری اور سول اداروں کے اعلیٰ حکام سمیت مشیر خزانہ، وزیر منصوبہ بندی، وفاقی وزراء، معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا، معاونین خصوصی اطلاعات چیئرمین این ڈی ایم اے بھی شریک ہوئے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں کورونا سمیت ملکی معیشت کا جائزہ لیا گیا جب کہ معاون خصوصی ظفر مرزا نے کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ بھی دی۔ اجلاس میں حکومتی ریلیف پیکج پر بھی مشاورت ہوئی اور جزوی لاک ڈاو¿ن کے بعد ملک میں معاشی استحکام کے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔

امریکا کا پاکستان کو کورونا ریلیف کیلئےایک ملین ڈالر کے نئے فنڈز دینے کا اعلان

اسلام آباد (ویب ڈیسک) امریکا نے پاکستان کو کورونا ریلیف کیلئے1ملین ڈالر نئے فنڈز فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔ پاکستان میں تعینات امریکی سفیر پال جانز نے کہا کہ امریکا کورونا کیخلاف لڑائی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، خیبرپختونخوا کو13 جدید ایمبولینسیں بھی فراہم کریں گے، سندھ حکومت کو18ملین ڈالرفراہم کر دیے۔ پاکستان میں تعینات امریکی سفیر پال جانز نے کورونا وائرس سے متعلق اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ امریکا کورونا وائرس کے خلاف لڑائی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ کورونا کیخلاف ہنگامی امداد کیلئے پاکستان کو ترجیحی ملک میں رکھا ہے۔ کورونا وائرس پاکستان میں پاکستانی شہریوں سمیت امریکی شہریوں کو بھی متاثرکررہا ہے۔ امریکی سفیر نے کہا کہ امریکا لیب اور کورونا وائرس کی نشاندہی کیلئے1ملین ڈالرکے نئے فنڈز فراہم کرے گا۔ خیبرپختونخوا میں صحت حکام کو 13 جدید ایمبولینسیں بھی فراہم کر رہے ہیں۔ سندھ حکومت کو جیکب آباد انسٹیٹیوٹ میڈیکل سائنسز کے قیام کیلئے 18ملین ڈالرفراہم کیے گئے۔ امریکی سفیر نے کہا کہ امریکا اور پاکستان عالمی سطح پر صحت سے متعلق چیلنجزسے نمٹنے کیلئے دیرینہ شراکت دار ہیں۔ دوسری جانب آئی ایم ایف اورعالمی بینک نے ایک خط کے ذریعے مطالبہ کیا ہے کہ جی 20 ممالک غریب ملکوں کے قرضوں کی ادائیگی معطل کریں۔ قرضوں کی معطلی سے کورونا وائرس سے پریشان غریب ملکوں کو آسانی ملے گی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق آئی ایم ایف اورعالمی بینک کے مشترکہ خط میں کہا گیا کہ وقت کا تقاضا ہے ترقی پذیر ملکوں کو ریلیف اور فنانشل مارکیٹس کو اسٹرانگ سگنل دیا جائے۔ ادھروفاقی وزیر ریونیو حماد اظہرکا کہنا تھا کہ قرضوں کی معطلی کے آئی ایم ایف اورعالمی بینک کے خط کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان پہلے ہی کورونا وائرس کے تناظر میں قرضوں کی معطلی پر زور دے رہے تھے، امید ہے کہ عالمی ادارے قرضوں کی معطلی کی اس تجویز کو قبول کرلیں گے۔ واضح رہے پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 1106ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق سندھ میں 417، پنجاب میں 323، بلوچستان میں 131، گلگت بلتستان 84 ہے۔ معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفرمرزا نے کہا کہ 24 گھنٹوں میں 102مریضوں کا اضافہ ہوا، ابھی تک 21مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔افسوس کے ساتھ 8 اموات ہوئی ہیں۔

ن لیگ نے حفاظتی سامان کی پہلی کھیپ ڈاکٹروں کے حوالے کردی

لاہور(ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن نے حفاظتی سامان کی پہلی کھیپ ڈاکٹروں کے حوالے کردی، صدر ن لیگ شہبازشریف نے کہا کہ 5 ہزارحفاظتی لباس اور5 ہزار ماسک ڈاکٹروں کو دیے ہیں، حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ ڈاکٹرز، طبی عملے کو سامان فراہم کیا جائے، انسانیت کیلئے لڑنے والے لوگوں کی حفاظت کیلئے اورسامان بھی فراہم کرینگے۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ پارٹی قائد محمد نوازشریف کی ہدایت پر ڈاکٹرز، طبی عملے کی حفاظت کے لئے سامان فراہم کیا ہے پہلی کھیپ میں 5 ہزار حفاظتی لباس اور 5 ہزار ماسک شامل ہیں۔ شہبازشریف کی اپیل پر مخیر شخص عرفان نے یہ عطیہ بھجوایا ہے۔ جسے ڈاکٹرز کو دیا جائے گا امید ہے کہ ملک بھر کے کاروباری، مخیر حضرات، کاروباری انجمنیں وسعت قلبی کا مظاہرہ کریں گی۔ ترجمان ن لیگ کا کہنا ہے کہ سرجیکل سامان بنانے کے کاروبار سے وابستہ شخصیت نے5500 ماسک خاص طورپر تیار کرکے عطیہ کئے ہیں۔ اہل وطن اور کورونا کا مقابلہ کرنے والے ڈاکٹرز اور طبی عملے کے لئے یہ تحفہ قابل قدر ہے۔ 10 ہزار حفاظتی کٹس پانچ ہزار اور پانچ ہزار کے دوحصوں میں حوالے کی جائیں گی۔ اسی طرح شہبازشریف نے لاک ڈاو¿ن کے دوران خوراک اور ادویات کی فراہمی کا پلان جاری کیا ہے۔ جس کے تحت یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے ملک بھر میں خوراک اور ادویات کی فراہمی شروع کی جائے۔ٹیلی فون لائنز، موبائل اپلیکیشن کو استعمال کرکے شہری گھروں سے آرڈر لکھوائیں۔ ڈاک خانے، این ایل سی کے عملے اور گاڑیوں کو بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ ملک بھر میں اشیائے ضروریہ اور دیگر سامان کی ترسیل کے لئے ریلوے فریٹ استعمال کیا جائے۔ بیت المال، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور دیگر سبسڈیز کوجمع کرکے خوراک اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کم کی جائیں۔ یہ خدمات انجام دینے والی افواج، عملے کو حفاظتی لباس اور دیگر ضروری سامان دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج، رینجرز، پولیس، ڈاکٹرز، نرسز، طبی عملہ اورعوامی خدمات انجام دینے والے افسران اور ملازمین کو سلام پیش کرتا ہوں فرنٹ لائن سولجرز کی حفاظت یقینی بنائی جائے پوری قوم کی زندگی کی ضمانت ہے۔اشیاءکی فراہمی میں انہیں وائرس سے محفوظ بنانے کا خاص خیال رکھا جائے۔اس عمل میں نجی شعبے کی بھی مدد لی جاسکتی ہے، کاروپوریٹ سیکٹر مدد کرسکتا ہے۔ملک میں کورونا کے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مکمل لاک ڈاون ناگزیر ہے۔

حفیظ شیخ کی جگہ اسد عمر کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے چیئرمین مقرر

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے چیئرمین مقرر، کابینہ توانائی کمیٹی کے ارکان میں وزیر پاور ڈویڑن اور وفاقی وزیر ریلویز شامل، کمیٹی کل 7 ارکان پر مشتمل ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق وزیرعظم عمران خان نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کو ایک اور عہدے سے نواز دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے منگل کے روز مشاورت کے بعد کابینہ کمیٹی برائے توانائی کی تشکیل نو کر دی۔ مشیر خزانہ حفیظ شیخ کو کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے چیئرمین کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے مشیر خزانہ حفیظ شیخ کو کابینہ کمیٹی توانائی کے چیئرمین کے عہدے سے ہٹا کر وفاقی وزیر اسد عمر کو کمیٹی کا نیا چیئرمین مقرر کر دیا ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ کابینہ کمیٹی برائے توانائی کل 7 ارکان پر مشتمل ہوگی۔ کمیٹی کے ارکان میں وزیر پاور ڈویڑن اور وفاقی وزیر ریلویز بھی شامل ہیں۔ وزیراعظم کی جانب سے لیے گئے اس فیصلے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی، تاہم کچھ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اب عمران خان اپنی اصل ٹیم کو فرنٹ لائن پر لانے کے خواہاں ہیں۔ اسی لیے وزیراعظم کی جانب سے اہم فیصلے کیے جا رہے ہیں۔ یہاں واضح رہے کہ اسد عمر کو وفاقی وزیر برائے خزانہ کے عہدے سے ہٹا کر حفیظ شیخ کو وزارت خزانہ کی باگ دوڑ سونپی گئی تھی۔ اسد عمر کئی ماہ تک وفاقی کابینہ سے باہر رہے، پھر کچھ عرصہ قبل وزیراعظم عمران خان نے انہیں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی کا عہدہ سونپا، اور اب کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے چئیرمین کا عہدہ بھی سونپ دیا ہے۔

مساجد کو بند نہیں ہونے دیا جائے گا، وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے کہا ہے کہ مساجد کو بند نہیں ہونے دیا جائے گا، مساجد میں 5 وقت کی نماز اور جمعہ کی نماز مختصر کی جارہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزراءکے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نورالحق قادری نے کہا کہ مسلم امہ نے احتیاطی تدابیر کے طور پر اقدامات اٹھائے ہیں۔ تین روز سے مکہ مکرمہ اور مسجد اقصیٰ کو بند کردیا گیا ہے، ترکی، مصر، مراکش اور متعدد ممالک کی مساجد میں اجتماعات پر پابندی عائد ہے۔ لیکن مساجد کو بند نہیں ہونے دیا جائے گا۔ مساجد میں 5 وقت کی نماز اور جمعہ کی نماز مختصر کی جارہی ہے، 50 سے کم عمر اور جوان لوگوں کی بہت مخصوص تعداد جائے گی۔ وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر تین ہفتے سے سعودی وزارت حج سے رابطے میں ہوں، ہمیں سعودی وزارت نے کہا کہ ابھی کسی کے ساتھ بھی حج کے حتمی معاہدے نہ کرنا، جیسا کہ حاجیوں کی سہولت کیلئے سعودی عرب میں ٹرانسپورٹ، کیٹرنگ ، رہائشیں اور دوسرے انتظامات کرتے ہیں، یہ سارے معاہدے ابھی نہ کریں۔ سعودی وزارت حج نے کہا کہ حج سے متعلق فیصلہ تمام اسلامی ممالک کو اعتماد میں لے کر کریں گے۔ اس موقع پر ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ڈاکٹر فیصل سلطان کو ہم نے وبائی امراض کے ماہر کوٹیم میں شامل کیا ہے، ہم قومی سطح پر ڈاکٹرز اور نرسز کی تربیت کا پروگرام بھی لانچ کررہے ہیں،5 ہزار طبی عملے کی ٹریننگ ایک یا ڈیڑھ ماہ تک شروع کریں گے۔ عالمی سطح پر کورونامریضوں کی تعدادپونے پانچ لاکھ مریض ہیں۔ ایک لاکھ پندرہ ہزار مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔ پاکستان میں اس وقت 1102مریض تصدیق شدہ ہیں۔ 24 گھنٹوں میں 102مریضوں کا اضافہ ہوا۔بلوچستان31، پنجاب223، سندھ417، آزاد کشمیرمیں ایک کیسز ہیں۔ ابھی تک 21 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔افسوس کے ساتھ 8اموات ہوئی ہیں۔ پاکستان نے اس وقت مختلف ہسپتالوں میں575 مریض داخل ہیں۔ زائرین ایران سے آئے تھے، ان کو مختلف صوبوں میں قرنطینہ میں رکھے گئے۔ انہوں نے کہا کہ 5 اپریل تک ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملے کے پاس حفاظتی سامان کی وافر مقدار موجود ہوگی۔اس موقع پرمیڈیا بریفنگ میں وفاقی وزیر اسد عمر نے بتایا کہ 13مارچ کو قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی بنائی گئی۔آج قومی سلامتی کمیٹی کی پانچویں میٹنگ تھی۔کورونا سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی کے تحت آگے چل رہے ہیں۔ صحت سے متعلقہ عملہ ہمارے مجاہدیں ہیں۔وائرس دنیا کے 182سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے، کورونا کا پھیلاو¿ روکنے کیلئے لوگوں کو گھروں میں رہنا ہوگا۔ہم نے کورونا سے بچنے کیلئے باقی سارے کام روک دیے ہیں۔ دنیا پر کورونا سے منفی معاشی اثرات مرتب ہوئے۔شفقت محمود نے بتایا کہ تمام صوبوں کے ساتھ رابطے کیے گئے اور معاہدہ کیا گیا ہے کہ ملک بھر میں 31 مئی تک تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ رمضان شریف میں بھی تعلیمی ادارے بند رکھے جائیں گے۔اسد عمر نے کہا کہ چند علاقوں سے گندم اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے کی شکایات آئی ہیں، لیکن ملک میں کہیں بھی گندم کی قلت نہیں ہے، نہ ہی آٹے کی قلت نظر آرہی ہے، گندم وافر مقدار میں موجود ہے۔ہم موجودہ حالات میں کسی کو ذخیرہ اندوزی نہیں کرنے دیں گے۔اگر کچھ لوگ اب بھی ذخیرہ اندوزی کررہے ہیں تو وہ ملک اور اللہ کے مجرم ہیں۔

ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 167.45 روپے پر پہنچ گیا

کراچی(ویب ڈیسک) امریکی ڈالر کو پر لگ گئے اور پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں 167.45 روپے کا ہوگیا جس کے نتیجے میں بیرونی قرضوں میں اربوں روپے کا اضافہ ہوگیا۔ روپے کی قدر میں مسلسل کمی اور ڈالر کی اڑان جاری ہے۔ آج انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر مزید ساڑھے 5.85 روپے مہنگا ہوکر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 5 روپے 85 پیسے مہنگا ہوکر 167.45 روپے پر پہنچ گیا۔ ڈالر آج 9 ماہ بعد اتنی مہنگی سطح پر ٹریڈ ہوا جبکہ انٹر بینک میں امریکی کرنسی کی قدر میں 3 روز کے دوران 8 روپے 45 پیسے کا اضافہ ہوچکا ہے۔ ڈالر کی قدر میں ہوشربا اضافے کے باعث ملک پر قرضوں کے بوجھ میں 600 ارب روپے کا اضافہ ہو گیا ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے گھریلو قرضوں اور اسٹاک مارکیٹوں سے قلیل مدتی سرمایہ کاری نکالنے سے روپے کی قدر میں گراوٹ آئی۔ اقتصادی ماہرین کے مطابق حکومت کی جانب سے شرح سود میں ڈیڑھ فیصد کمی کے باعث سرمایہ کار پاکستان سے اپنا پیسہ نکال رہے ہیں جو ڈالر مہنگا ہونے کا سبب بن رہا ہے۔ اسٹیٹ بینک کے گورنر رضا باقر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث غیرملکی سرمایہ کار نقد رقم کو ہاتھ میں رکھنے کے لئے پاکستان سمیت دنیا بھر سے اپنی سرمایہ کاری واپس نکال رہے ہیں۔ عارف حبیب لمیٹڈ کے ہیڈ آف ریسرچ سمیع اللہ طارق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق ، پچھلے تین ہفتوں میں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے حکومتی قرضوں کی سیکیورٹیز سے 1.56 بلین ڈالر کی قلیل مدتی سرمایہ کاری واپس لے لی ہے، جس کے نتیجے میں روپیہ پر دباﺅ اس وقت جزوی طور پر بڑھ گیا، تاہم گھبراہٹ میں مبتلا کچھ سرمایہ کاروں نے پختگی ہونے سے پہلے سیکیورٹیز فروخت کردیں۔

اقبال ٹاﺅن کا رہائشی سلمان میں کرونا ثابت ، فیملی کو آئسولیشن وارڈ میں منتقل کر دیا گیا

لاہور (ویب ڈیسک) اقبال ٹاﺅن کا رہائشی سلمان ایک روز پہلے سروس ہسپتال میں اپنے کرونا ٹیسٹ کروانے کیلئے گیا تھا جس کے ٹیسٹ مثبت آگئے۔ تفصیلات کے مطابق اقبال ٹاﺅن عمر بلاک ، ہاﺅس نمبر 677 کا رہائشی سلمان ایک روز قبل سروس ہسپتال میں کرونا ٹیسٹ کروانے کیلئے گیا جبکہ آج اس کا رزلٹ مثبت آنے پر محکمہ صحت نے گلشن اقبال پولیس اسٹیشن کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے سلمان کے اہلخانہ کو ہسپتال منتقل کر دیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق سلمان ک

ے اہلخانہ کے ٹیسٹ کے نمونے تشخیص کے لئے بھجوا دیئے گئے ہیں اور ان کو آئسولیشن وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس اور ڈاکٹرز ذرائع کے مطابق سلمان کی فیملی کے ٹیسٹ بھی مثبت آنے کے خدشات ہیں۔