آئی پی ایل کا رواں سال انعقاد ناممکن نظر آنے لگا

لاہور(ویب ڈیسک)کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال میں آئی پی ایل کا رواں سال انعقاد ناممکن نظر آنے لگا،بی سی سی آئی کو 2ہزار کروڑ، ہر فرنچائز کو100کروڑ روپے کا نقصان ہوگا۔بھارتی بورڈ کے ایک عہدیدارنے کہاکہ غیر یقینی حالات میں ایونٹ کے بارے میں فی الحال سوچ نہیں رہے۔تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال مسلسل ابتر ہوتی جارہی ہے،بھارت میں بھی کیسز کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا،29 مارچ کو شروع ہونے والی لیگ کو15 اپریل تک ملتوی کردیا گیا تھا تاہم اب رواں سال انعقاد کا امکان نظر نہیں آ رہا، ایونٹ منسوخ ہونے کی صورت میں بی سی سی آئی کو 2ہزار کروڑ جبکہ ہر فرنچائز کو 100 کروڑ کا نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔ بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ انتہائی غیر یقینی صورتحال ہے، کوئی نہیں کہہ سکتا کہ حالات کب صحیح ہوں گے، بھارت آنے والی پروازوں کی کیا صورتحال ہوگی۔کھلاڑیوں کے لیے ویزے جاری کرنے کے کیا معاملات ہوں گے،ابھی تو کوئی آئی پی ایل کے بارے میں سوچ بھی نہیں رہا بلکہ سب کی نگاہیں اس بات پر مرکوز ہیں کہ کب اس وبا کا خاتمہ ہو،کورونا وائرس اس وقت کسی بھی کھیل کے مستقبل سے زیادہ بڑا اور اہم مسئلہ ہے۔ایک فربچائز کے نمائندے نے کہاکہ یہ دنیا کیلیے ایک بڑی مشکل صورتحال ہے، رواں سال آئی پی ایل کا انعقاد ممکن نظر نہیں آ رہا،اگر حالات میں بہتری آ بھی گئی تو اتنے بڑے ایونٹ کے لاجسٹک سمیت تمام تر مسائل کا حل تلاش کرنا کوئی آسان کام نہیں ہوگا۔”

متاثرہ مریضوں کی عمریں 21 سے 30 سال ہے، ڈاکٹر ظفر مرزا

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیرِ صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پاکستان میں موجود کورونا کے مریضوں کے حوالے سے تشویشناک خبر دیتے ہوئے بتایا ہے کہ پاکستان میں کورونا کے زیادہ تر مریضوں کی عمریں 21 سے 30 سال کے درمیان ہیں۔ انہوں نے بتایا ہے کہ کورونا مریضوں میں 64 فیصد مرد اور 26 فیصد خواتین شامل ہیں جبکہ پاکستان میں 93 فیصد مریض بیرونِ ممالک سے آئے ہیں۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ وائرس سے 8 افراد جاں بحق ہوکے ہیں جبکہ 21 تاثرہ افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ انہوں نت کہا ہے کہ سندھ میں 413، پنجاب میں 310، بلوچستان میں 117 اور کے پی کےمیں 80، گلگت بلتستان میں81 ،اسلام آباد میں 20 ،آزاد کشمیر میں ایک مریض کی تصدیق ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین سے 5 لاکھ این95 ماسک موصول ہوگئے ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 8 ہو گئی ہے جبکہ 1 ہزار سے زیادہ افراد اس کی وجہ سے متاثر ہو چکے ہیں۔ حکومت پاکستان کی جانب سے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے کہ کسی طرح کورونا وائرس کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے لیکن اس میں ابھی تک کسی قسم کی کوئی کامیابی سامنے نہیں ا?ئی۔ اسی وجہ سے ملک کے چاروں صوبوں میںمکمل لاک ڈاﺅن کر دیاگیا تھا جس کے بعد حکومت کی جانب سے ملک بھر میں فوج تعینات کر دی گئی تھی تا کہ لوگوں کو گھروں سے باہر نہ نکلنے دیا جا سکے۔ حکام کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ لوگوں کو ہمارے ساتھ تعاون کرنا ہو گا ورنہ اگر حالات مزید سنجیدہ ہو گئےتو ہمیں کرفیو کی جانب بھی جانا ہو گا۔مکمل لاک ڈاو?ں کے بعد بھی دیکھا گیا ہے کہ اکثر افراداس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نظر ا?ئیں ہیں جس کے بعد ان کے خلاف مقدمات درج کر کے گرفتاریاں عمل میں لائی گئی تھیں۔

ثانیہ مرزا روزآنہ کی بنیاد پر کمانے والوں کیلیے فنڈز جمع کرنے لگیں

لاہور(ویب ڈیسک) ثانیہ مرزا نے یومیہ کمانے والوں کیلیے فنڈزجمع کرنے کی مہم شروع کر دی۔بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے مزدوروں کیلیے خوراک اور روزمرہ ضروریات کا اہتمام کرنے والی فلاحی تنظیم کو چندہ دینے کی اپیل کردی۔اپنے ویڈیو پیغام میں ثانیہ مرزا نے کہا کہ خوش قسمتی سے کورونا وائرس سے بچاو کیلیے ہم گھروں میں بیٹھ کر بھی تمام سہولیات سے فائدہ اٹھانے کی اہلیت رکھتے ہیں، مگر ہمیں ان لوگوں کا بھی سوچنا چاہیے جن میں اتنی سکت نہیں،لاک ڈاون کی وجہ سے لاکھوں لوگ اپنی فیملیز کو کھانا نہیں دے سکتے،ہمیں ان کے بارے میں سوچنا اور استطاعت کے مطابق مدد کرنی چاہیے۔

اندرون ملک ایک شہر کے علاوہ تمام پروازیں بند

گلگت (ویب ڈیسک) اندرون ملک تمام پروازیں بند، صرف ایک علاقے کیلئے پروازیں جاری رکھنے کی اجازت دے دی گئی، زمینی راستوں کی دشواری کے باعث پی آئی اے کو گلگت اور اسکردو کیلئے پروازیں جاری رکھنے کی اجازت دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں اندرونی فلائٹ آپریشن بند کر دیا گیا ہے، تاہم سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستان ائیر لائن کو گلگت اوراسکردو کیلئے پروازیں چلانے کی خصوصی اجازت دے دی ہے۔ اس حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے باقاعدہ نوٹم بھی جاری کردیا ہے۔ پی آئی اے کی اسلام آباد سے گلگت اوراسکردو کیلئے معمول کے مطابق پروازیں جاری رہیں گی۔ بتایا گیا ہے کہ موسم کی خرابی کے باعث گلگت بلتستان سے زمینی رابطہ برقرار رکھنا مشکل ہے، اسی لیے فضائی رابطہ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے اندرونِ ملک تمام پروازیں معطل کردی ہیں تمام پروازیں 26 مارچ صبح 6 بجے سے 2اپریل صبح 6 بجے تک معطل رہیں گی۔ ایوی ایشن ڈویڑن کے مطابق اس دوران ہرقسم کی چارٹرڈ فلائٹ اور نجی مسافر طیاروں پر بھی پابندی ہوگی البتہ کارگو اور خصوصی پروازوں پر پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔ جبکہ یہ بھی واضح رہے کہ حکومت پاکستان سے بیرون ممالک کیلئے فلائٹ آپریشن پہلے ہی مکمل طور پر بند کیا جا چکا ہے۔ یہ اقدامات کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے اٹھائے گئے ہیں۔ جبکہ بیرون مملک میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کی کوششیں بھی کی جا رہی ہیں۔

تمام سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو فوری تنخواہیں اور پنشن دینے کا فیصلہ

اسلام آباد (ویب ڈیسک) ملک کے تمام سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو فوری تنخواہیں اور پنشن دینے کا فیصلہ، وزارت خزانہ نے احکامات جاری کر دیے، تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی 27 مارچ بروز جمعہ تک کر دی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ نے ملک بھر میں کر دیے جانے والے لاک ڈاون کے پیش نظر سرکاری ملازمین کو تنخواہیں اور پنشن فوری ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے وزارت خزانہ نے باقاعدہ احکامات جاری کر دیے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ سرکاری ملازمین اور پنشنز کو 27 مارچ بروز جمعہ تک تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کر دی جائے گی۔ دوسری جانب عوام کیلئے ریلیف پیکج کے حوالے سے وزیراعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ عوام کیلئے معاشی پیکیج کا کل حجم سوا کھرب روپے ہے، ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کو مالی امداد دی جائے گی، مستحق خاندانوں کو چار ماہ تک تین ہزار روپے ماہانہ دیئے جائیں گے، کھاد کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے گی، کسانوں سے 280 ارب روپے مالیت کی 82 لاکھ ٹن گندم خریدی جائے گی۔ کورونا وائرس سے پہلے ہماری معیشت خاصی مستحکم ہو رہی تھی، وباءکے باعث دنیا بھر کی طرح پاکستانی معیشت پر بھی برے اثرات مرتب ہوں گے، آنے والے چند ماہ ہماری برآمدات اور بیرون ملک ترسیلات میں کمی آئے گی۔ مشیر خزانہ نے کہا کہ معاشی پیکیج کا کل حجم سوا کھرب روپے ہے، مزدوروں اور محنت کشوں کیلئے 200 ارب روپے رکھے ہیں، یہ فنڈز وفاق کی جانب سے صوبوں کی مشاورت سے تقسیم کئے جائیں گے، برآمد کنندگان کو فوری طور پر 100 ارب کے ٹیکس ریفنڈز دیئے جائیں گے۔ زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے سو ارب روپے خرچ ہوں گے، کھاد کی قیمت میں مزید کمی کی جائے گی۔ ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کو مالی امداد دی جائے گی، ابھی ملک بھر میں 50 لاکھ خاندانوں کو مالی امداد دی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے سستی اشیاءکی فراہمی 50 ارب روپے فراہم کئے جائیں گے۔

ایران سے آنیوالے 600 سے زائد زائرین کو 14 دن بعد گھر بھیج دیا گیا، وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور (ویب ڈیسک) ایران سے آنے والے 600 سے زائد زائرین کو 14دن قرنطینہ میں رکھنے کے بعد گھروں کو بھیج دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بتایا کہ ڈیرہ غازی خان میں جن 800افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا تھا، ان میں سے 600 کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں اور ہماری انتظامیہ انہیں گھر واپس پہنچا کر آئے گی۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے بتایا ہے کہ 600 سے زائد زائرین کے کورونا ٹیسٹ نیگیٹو آئے جن کو گھر بھیج دیا گیا ہے تاہم ان پر نظر رکھی جائے گی۔ انہوں نے اہنے تویٹر پیغام میں کہا کہ ”الحمداللہ“ 600 سے زائد زائرین کو 14دن قرنطینہ میں رکھنے کے بعد گھروں کو بھیج دیا گیا ہے، ان زائرین کے کورونا ٹیسٹ نیگیٹو آئے تھے تاہم ان پر نظر رکھی جائے گی۔ دوسری جانب پاکستان میں کورونا وائرس کی ایک اور مریضہ ہلاک دم توڑ گئی ہے، خاتون برطانیہ سے واپس آئی تھی جس کے بعد اس میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو نے کے بعد ہسپتال منتقل کر دیاگیا تھا لیکن وہ جان کی بازی ہار گئی۔ ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ میت کوہسپتال سے اس سے گھر منتقل کر دیا گیا ہے جہاں سادگی سے اس کا جنازہ ادا کر کے تدفین کا عمل کیا جائے گا۔ خاتون کا تعلق سوہاوہ سے بتایا جا رہا ہے جہاں اس کی میت کو منتقل کیاگیا ہے۔ یاد رہے کہ کورونا وائرس کے خطرات کی وجہ سے با جماعت نماز جنازہ ادا رکرنے پر پابندی لگا دی گئی ہے جس کے بعد اہلیان خانہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سادگی سے چند افراد کی موجودگی میں حکومت کےبتائے طریقے کے مطابق نمازجنازہ ادا کریں۔اس خاتون کی ہلاکت کے بعد پاکستان میں کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 8 ہو گئے ہے جبکہ 1 ہزار سے زیادہ افراد اس کی وجہ سے متاثر ہو چکے ہیں۔

“ماریہ بی کو وزیراعظم کا مشکور ہونے کے بجائے پوری قوم سے معافی مانگنی چاہیے”

لاہور(ویب ڈیسک)پاکستان فیشن انڈسٹری کی مقبول ترین ڈیزائنر ماریہ بی کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ماریہ کے شوہر کو کورونا وائرس پھیلانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی ویڈیو وائرل ہورہی تھی جس میں وہ روتے ہوئے اپنے شوہر کی رہائی کا مطالبہ کر رہی تھیں۔معروف ڈیزائنر ماریہ بی کے شوہر طاہر سعید نے گھریلو ملازم کو کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے باوجود اسپتال داخل نہیں کرایا تھا جس پر پولیس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور وبائی مرض چھپانے کے الزام میں انہیں گرفتار کیا تھا۔بعدازاں پولیس نے ماریہ کے شوہر طاہر سعید کو ضمانت پر رہا کردیا جس کے بعد ماریہ اور ان کے شوہر نے تمام تر واقعے کی وضاحت ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے کی۔ماریہ نےاپنے ویڈیو پیغام میں وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا جب کہ پنجاب پولیس پر تنقید بھی کی اور ساتھ ہی ان کے شوہر نے عوام کو ان کی گرفتاری پر تمام تر وضاحت بھی دی۔صارفین کی جانب سے ماریہ بی پر شدید تنقید ۔ بعدازاں ٹوئٹر پر ہیش ٹیگ “ماریہ بی” ٹرینڈ کرنے لگے گا اور صارفین کی جانب سے ماریہ بی پر شدید تنقید کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔رفیق احمد کھوکھر کہتے ہیں کہ ‘ماریہ بی کو عمران خان کا مشکور ہونے کے بجائے پوری قوم سے معافی مانگنے چاہیے، انہیں ان تمام کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ اور علاج کے لیے عطیہ دینا چاہیے کیونکہ یہ ان کی وجہ سے ہی ہوا ہے’۔فہد خان نے دو تصویریں شیئر جس میں ایک طرف ماریہ بی تو دوسری طرف لاک ڈاون کے باوجود باہر نکلنےوالے لوگ ہیں جنہیں پولیس نے مرغا بنایا ہواہے۔انہوں نے دونوں تصاویر کا موازنہ کرتے ہوئے لکھاکہ ‘امیروں اور غریبوں کے لیے قانون میں فرق محسوس کریں’۔ شاہانہ کہتی ہیں کہ ‘میں یہ سوچ رہی ہوں کہ تمام خواتین جنہوں نے ماریہ بی سے کپڑے خریدے تھے انہیں ان تمام کپڑوں کو جلاتے ہوئے ایک ویڈیو بنانی چاہیے’ ساتھ ہی خاتون نے ہیش ٹیگ بائیکاٹ ماریہ بھی لکھا۔بلال خالد نے تمام خواتین سے ماریہ بی کا بائیکاٹ کرنے کا کہا اور ساتھ ہی انہوں نے حکومت پاکستان سے ان کی برانڈ کا لائسنس کینسل کرنے کو بھی کہا۔ پولیس دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور وبائی مرض چھپانے والوں کے خلاف 201 مقدمات درج کر کے 513 افراد کو گرفتار کر چکی ہے۔

پاکستان میں ماہ شعبان کا چاند نظر آگیا

کراچی (ویب ڈیسک) پاکستان میں ماہ شعبان کا چاند نظر آگیا، یکم شعبان 1441ہجری 26 مارچ بروز جمعرات کو ہوگی، شب برات 8 اور 9 اپریل کی درمیانی شب کو ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں ماہ شعبان کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں ہوا۔ اجلاس کی صدارت مفتی منیب الرحمان نے کی، جبکہ ملک بھر کی زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے نمائندے بھی بذریعہ آن لائن اجلاس کا حصہ تھے۔ اجلاس کے اختتام پر مفتی منیب الرحمان نے اعلان کیا کہ ملک میں ماہ شعبان کا چاند نظر آگیا ہے، یوں ملک میں شعبان 1441ہجری کے ماہ کا آغاز 26 مارچ بروز جمعرات کو ہوگا۔ جبکہ ملک بھر میں شب برات 8 اور 9 اپریل یعنی بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کو ہو گی۔ ملک میں ماہ شعبان کے آغاز کے بعد اب ماہ رمضان کے آغاز میں صرف ایک ماہ کا وقت باقی رہ گیا ہے۔ پاکستان میں رمضان المبارک کا آغاز ممکنہ طور پر 24 یا 25 اپریل کو ہوگا۔

عالمی شہرت یافتہ افریقی جیز گلوکار مینو دیبینگو کورونا وائرس سے ہلاک

لاہور(ویب ڈیسک)دنیا کے مقبول ترین افریقی جیز گلوکار مینو دیبینگو پیرس میں کورونا وائرس سے ہلاک ہوگئے۔مینو دیبینگو کا تعلق فرانس سے تھا جب کہ ان کی عمر 86 برس تھی اور یہ کووڈ-19 سے مرنے والے پہلے عالمی شہرت یافتہ اسٹارز میں سے ایک ہیں۔دوسری جانب عالمی شہرت یافتہ 61 سالہ سابق ماڈل لنڈا لیسارڈی کو بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جنہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

سب کو مل کر ایک دوسرے کا خیال کرنا ہے، گھروں سے باہر نکلنے سے پرہیز کریں : عائزہ خان

لاہور(ویب ڈیسک) اداکارہ عائزہ خان نے عوام کے نام موجودہ صورتحال پر جذباتی پیغام جاری کر دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ وقت ایسا ہے جب ہم سب کو مل کر ایک دوسرے کا خیال کرنا ہے،اس لیے صفائی کا خیال رکھیں اور غیر ضروری گھروں سے باہر نکلنے سے پرہیز کریں۔انہوں نے کہاکہ کبھی نہیں سوچا تھا کہ یہ دن اتنا ویران ہو گا، ہم جانتے ہیں یہ وقت پاکستان کے لیے پوری دنیا کے لیے بہت مشکل ہے، کورونا وائرس کی وجہ سے ہم اپنے پیاروں سے مل نہیں پا رہے، ان سے دور ہیں، بچے سکول نہیں جا پا رہے، بہت سے ایسے لوگ جن کا گھروں سے نکلے بغیر گزارا مشکل ہے۔یہ وقت سب کے لیے ایک جیسا ہے، ہماری حکومت نے ہمارے لیے ایک بہتر فیصلہ کیا ہے تاکہ ہم محفوظ رہیں، اور اللہ تعالیٰ سے دعا کریں اور شکر کریں کہ انہوں نے ہمیں صحت دی ، آنے والے کل کو بہتر بنانے کے لیے ہم سب کو ایک ہونا ہے اور مل کر پاکستان اور پوری دنیا کو اس مشکل وقت سے ہمیشہ کے لیے نکالنا ہے۔