ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کے شوہر، برطانیہ کی تاریخ میں طویل ترین عرصے تک رائل کونسورٹ کے عہدے پر رہنے والے شہزادہ فلپ 99 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
شہزادہ فلپ کی موت کا اعلان شاہی خاندان کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی ٹوئٹ میں کیا گیا۔
ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ‘انتہائی دکھ کے ساتھ ہم یہ اعلان کرتے ہیں کہ ملکہ برطانیہ کے شوہر، شہزاد فلپ، ڈیوک آف ایڈنبرا نہیں رہے’۔
رائل فیملی کی ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ شہزادہ فلپ کی اچانک موت آج (9اپریل کی) صبح کو ونڈسر محل میں ہوئی۔
شاہی خاندان دکھ کی اس گھڑی میں دنیا کے تمام لوگوں کے ساتھ اس سوگ میں شریک ہے۔
ٹوئٹ میں مزید کہا گیا کہ اس حوالے سے مزید اعلانات کچھ دیر میں کیے جائیں گے۔
دی گارجین کی رپورٹ کے مطابق شہزادہ فلپ کے انتقال کے بعد برطانیہ کی اہم عمارتوں پر موجود پرچم کو سرنگوں کردیا گیا۔
علاوہ ازیں شہزادہ فلپ کے انتقال کے باعث برطانوی شاہی خاندان سے منسلک تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا ہیڈر اور پروفائل فوٹو بھی تبدیل کردی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دو ماہ سے ان کی طبیعت خراب تھی اور رواں برس فروری میں انہیں ہسپتال داخل کرایا گیا تھا۔