صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا آئی ایس آئی ہیڈکوارٹر کا دورہ

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے  انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔

ایوان صدر  کےاعلامیے کے مطابق ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹنٹ جنرل فیض حمید  نے صدر مملکت کا استقبال کیا جبکہ صدر عارف علوی کو مجموعی قومی سلامتی بشمول افغانستان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

اس کے علاوہ  صدر مملکت کو اُن کی خصوصی دلچسپی کے شعبے ، سائبر سیکیورٹی  پر بھی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر  صدر پاکستان نے قومی سلامتی کیلئے آئی ایس آئی کی کاوشوں کی تعریف کی اور ان کی پیشہ وارانہ تیاریوں   پر اطمینان کا اظہار کیا۔

افغانستان کے معاملے پرنیا بلاک تشکیل دیا جائے گا، پاکستان اور ازبکستان میں اتفاق

اسلام آباد:  وزیراعظم عمران خان اور ازبک صدر کے درمیان ون آن ون ملاقات میں افغانستان کے معاملے پر نیا بلاک تشکیل دینے پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔

اس نئے بلاک میں ازبکستان، تاجکستان، ایران اور ترکی شامل ہوں گے۔ یہ بلاک افغان مسئلے کے پرامن حل کیلئے کوششیں کرے گا۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے بعد جاری مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ازبک صدر کی دعوت پر وزیراعظم عمران خان نے ازبکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو کی۔

دونوں رہنماؤں نے خطے اور عالمی ایشوز، کورونا کی صورتحال پر گفتگو کی اور دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جنہوں نے 1991ء میں سب سے پہلے ازبکستان کو تسلیم کیا۔

دونوں رہنماؤں نے 30 سالہ سفارتی تعلقات مکمل ہونے پر ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔ دوران ملاقات باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے وزارت خارجہ کے ذریعے رابطے رکھے جائیں گے۔ دونوں رہنماؤں نے انٹر پارلیمانی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان صدر اشرف غنی اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان ملاقات جمعہ کو ہوگی۔ اس ملاقات کی درخواست اشرف غنی کی طرف سے کی گئی ہے۔

بعد ازاں ازبک صدر کیساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ افغانستان میں امن اور استحکام پڑوسی ممالک کے لیے انتہائی اہم ہے۔ جنگ زدہ افغان عوام ہمارے بھائی ہیں، ہم ان کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان تنازع کے سیاسی حل کا خواہشمند ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ازبکستان کو غربت جیسے مشترکہ چیلنجوں کا سامنا ہے، مل کر صورتحال سے نمٹا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں تجارت، ثقافت اور سیاسی شعبوں میں مذاکرات ہوئے۔ ازبکستان اور پاکستان معاشی ترقی کے ایک سفر پر چل رہے ہیں۔ ہم دونوں نے مل کر غربت کا خاتمہ کرنا ہے۔ ہم ریاست مدینہ کی طرز پر فلاحی ریاست بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ آپ نیا ازبکستان اور ہم نیا پاکستان بنانا چاہتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستانی تاجروں کا بڑا وفد میرے ساتھ آیا ہے جو ازبکستان میں کاروبار کے خواہشمند ہیں۔ ہم ازبکستان سے مضبوط تجارتی تعلقات کے خواہاں ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان فضائی اور زمینی روابط کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان 22 کروڑ عوام کا بڑا ملک ہے جس کی خطے میں جغرافیائی اہمیت ہے۔ بھارت سے تعلقات بہتر ہوں گے تو ازبکستان کو بھارت تک رسائی ہوگی۔ ثقافتی تعلقات مضبوط ہوں گے تو ازبکستان میں کرکٹ متعارف کرائیں گے۔ خوشی ہوگی پاکستان کرکٹ کیلئے ازبکستان کی مدد کرے۔

وزیراعظم نے کہا کہ افغان مسئلے کے پرامن حل کے خواہاں ہیں۔ پاکستان افغان مسئلے کے سیاسی حل کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا۔ افغان ہمارے بھائی ہیں بطور ہمسایہ ان کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔ افغان امن کیلئے ازبکستان، تاجکستان، ایران اور ترکی مدد کریں گے۔

اس سے قبل تاشقند میں دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ اس موقع پر ٹرانزٹ ٹریڈ سمیت مختلف معاہدوں پر بھی دستخط کئے گئے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ازبکستان کے ساتھ چار سو تریپن ملین ڈالر کے کاروباری معاہدے ہو گئے ہیں۔ ازبک تاجر پاکستان کے ساتھ ٹریڈ میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ دو طرفہ سرمایہ کاری کے وسیع مواقع بھی موجود ہیں۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان دو روزہ سرکاری دورے پر ازبکستان پہنچےجہاں انھیں پروقار استقبالیہ تقریب میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

ازبک فوج کے دستے نے وزیراعظم عمران خان کو سلامی دی۔ تقریب کے دوران پاکستان اور ازبکستان کے قومی ترانے بجائے گئے۔ بعد ازاں ازبکستان کے صدر نے وزیراعظم کو کابینہ ارکان کا تعارف کرایا۔

وزیراعظم عمران خان کو اس دورے کی دعوت ازبک صدر نے دی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت دیگر وزرا اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔ اس دورے کے دوران پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط بھی متوقع ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے تاشقند میں بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیاں تاریخی، ثقافتی تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کی ضروت ہے، افغانستان کے پر امن سیاسی حل کے خواہاں ہیں، ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارت سے لوگوں کا معیار زندگی بلند ہوتا ہے، پاکستان وسط ایشیائی ریاستوں سے منسلک ہے، تجارتی فروغ سے عوام کا معیار زندگی بہتر ہوتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان میں امن خطے کیلئے بہت اہم ہے، پڑوسی ملک کے پر امن سیاسی حل کے خواہاں ہیں، ہمسایہ ممالک میں باہمی تجارت معیار زندگی بلند کرنے کیلئے ضروری ہے، پاکستان، افغانستان اور ازبکستان ریلوے منصوبے سے اقتصادی انقلاب آسکتا ہے۔

داسو واقعے کی تحقیقات میں دھماکا خیز مواد کے شواہد ملے ہیں، فواد چوہدری

داسو واقعے میں دہشت گردی کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا، وفاقی وزیر اطلاعات۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ داسو واقعہ کی ابتدائی تحقیقات میں دھماکا خیز مواد کے آثار کی تصدیق ہو گئی ہے۔

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ہونے والے داسو کے المناک واقعے میں دہشت گردی کے امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا، واقعے کی ابتدائی تحقیقات میں دھماکا خیز مواد کے شواہد بھی ملے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان داسو واقعے کی تحقیقات کے حوالے سے ہونے والی تمام پیش رفت کا خود جائزہ لے رہے ہیں، اور پاکستان چینی سفارتخانے کے ساتھ رابطے میں ہے، دونوں ممالک دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

وزیراعظم کے دورہ ازبکستان کے حوالے سے وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا ازبکستان پہنچنے پر شایان شان استقبال کیا گیا، وزیراعظم  کی صدر ازبکستان سے ملاقات ہو گی، عمران خان کے دورے کے دو اہم مقاصد ہیں، ہم پاکستان، افغانستان اور ازبکستان میں سفری سہولیات میں اضافہ چاہتے ہیں، اور دوسری ہماری خواہش ہے کہ گواردر کی بندرگاہ سے سامان تاشقند تک آئے۔

ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ 

کوہستان کے ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ روز ہونے والے حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ جاری کردی ہے، اور کہا ہے کہ ابھی تحقیقات جاری ہیں مکمل ہونے پر جامع رپورٹ پیش کی جائے گی۔ ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چینی کمپنی کی بس کوصبح 7 بجکر 15 منٹ پرحادثہ پیش آیا، بس سی جی جی سی کمپنی کے ملازمین کو برسین کیمپ سے کام کی جگہ لی جارہی تھی، کہ راستے میں حادثے کا شکار ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق حادثے میں 9 چینی باشندے 2 ایف سی اہلکار اور 2 مقامی افراد جاں بحق ہوئے، اور واقعے میں میں 27 غیر ملکیوں سمیت 28 افراد زخمی بھی ہوئے، فرانزک ٹیموں، ایجنسیوں اور دیگر تحقیقاتی اداروں نے شواہد اکٹھے کرلئے ہیں، اور مزید تحقیقات کررہے ہیں۔

واقعے کا پس منظر

واضح رہے کہ گزشتہ روز اپرکوہستان میں داسو ڈیم کے ملازمین کو لانے لے جانے والی بس حادثے کا شکار ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق ہوگئے، جب کہ 39 افراد زخمی ہوگئے تھے، جاں بحق افراد میں 9 چائنیز، دو ایف سی اہلکار اور دو مقامی مزدور بھی تھے، کوسٹر گاڑی میں 41 افراد سوار تھے، جن میں سے 7 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

قطر نے پاکستانیوں کیلئے ویزا آن ارائیول بحال کر دیا

پاکستانیوں کے لیے خوشخبری ہے کہ قطر نے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزہ آن ارائیول کی سہولت کو بحال کر دیا ہے۔

قطری حکومت کی طرف سے اس حوالے سے تحریری احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں اور نئی پالیسی بھی متعارف کروا دی گئی ہے۔

نئی پالیسی کے مطابق قطر میں جاتے ہی اب پاکستانیوں کو ائیرپورٹ پر آن ارائیول ٹورسٹ ویزہ دیا جائے گا۔

پاکستان شوبز انڈسٹری میں بہت زیادہ منافق لوگ ہیں، متھیرا

کراچی: اداکارہ متھیرا نے پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو منافق قرارد یا ہے۔

اداکارہ، ماڈل اور وی جے متھیرا بے باک انداز اور سچ باتیں بولنے کے لیے مشہور ہیں۔ حال ہی میں متھیرا نجی ٹی وی چینل کے شو’’جی سرکار‘‘ میں شریک ہوئیں جس کے میزبان اداکار نعمان اعجاز ہیں۔ متھیرا نے شو میں پاکستان شوبز انڈسٹری میں موجود لوگوں کے رویوں اور ایوارڈ شوز کے بارے میں بات کی۔

متھیرا نے کہا انہوں نے زندگی میں اتنی سختیاں دیکھی اور اتنی ٹھوکریں کھائی ہیں کہ اب انہیں کسی چیز کا خوف نہیں رہا اور وہ کسی کے بھی سامنے سچ بات کہنے سے گھبراتی نہیں ہیں۔ بلکہ جو شخص ان سے جس طرح بات کرتا ہے وہ اسی طرح اسے جواب دیتی ہیں۔ متھیرا نے کہا خوف صرف خدا کا ہوتا ہے انسان سے کیا خوف۔

متھیرا نے پاکستان شوبز انڈسٹری کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا یہاں بہت سارے لوگ ہوتے ہیں جو آپ کے سامنے بہت اچھے بنتے ہیں لیکن پیٹھ پیچھے آپ کے بارے میں عجیب باتیں کرتے ہیں۔ اسی طرح ایوارڈ شوز میں بھی لوگ آپ کے منہ پر آپ کی تعریفیں کرتے ہیں لیکن پیچھے مڑتے ہی ان کے رویے بدل جاتے ہیں۔ ایوارڈ شوز کا ماحول بہت زہریلا ہوتا ہے لہذا وہاں جانے سے بہتر ہے کہ انسان گھر بیٹھے اور ان چیزوں کو نظر انداز کرے۔

اداکارہ متھیرا نے مزید بتایا کہ جب وہ اس فیلڈ میں نئی نئی آئی تھیں اس وقت انہیں لگتا تھا کہ لوگوں کو اپنی موجودگی کا احساس دلانے کے لیے ایوارڈ شوز میں جانا چاہئے۔ لیکن جیسے جیسے وہ سمجھدار ہوتی گئیں اب انہیں لگتا ہے کہ وہ لوگ جو دوسروں کو اپنی موجودگی کا احساس دلاتے ہیں وہ کٹھ پتلی ہوتے ہیں۔ اگر آپ کو شہرت ملنی ہوگی تو آپ کو گھر بیٹھے بھی مل جائے گی۔ اسلیے آپ کو لوگوں کے درمیان رہنے، لوگوں کے سامنے جی جی کرنے  یا ایوارڈ شو میں جانے کی ضرورت نہیں ہے۔

وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی

وزیراعظم عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پیٹرول کی قیمت میں 5.40 روپے فی لیٹر اضافے کی منظوری دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 2.54 روپے فی لیٹر ، کیروسین کی قیمت میں 1.39 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 1.27 روپے فی لیٹر اضافے کی منظوری دے دی ہے

مریم صفدر سرٹیفائیڈ جھوٹی ہے اورجھوٹ بنانے والی فیکٹری چلا رہی ہے ، فرخ حبیب

وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ مریم صفدر سرٹیفائیڈ جھوٹی ہے اورجھوٹ بنانے والی فیکٹری چلا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت فرخ حبیب نے مریم صفدر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر رگوں میں کشمیری خون ہوتا تو شادی پر مودی کے بجائے حریت قیادت کو مدعو کرتے اور انہیں عزت دیتے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا پورا ٹبر بھگوڑا اور بیٹی سزا یافتہ ہے ، ایسے اعزازات کم ہی کسی خاندان کو حاصل ہوتے ہیں ، اس وقت تو بلڈ سیل سٹاک ایکسچینج کی طرح اوپر نیچے ہورہے تھے اور جیسے ہی نواز شریف لندن پہنچے تو ٹھیک ٹھاک ہوگئے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ نواز شریف نے علاج کے لیے ایک انجکشن بھی نہیں لگوایا، لندن میں  پولو میچ، پرتعیش کھانوں سے محظوظ ہورہے ہیں ، نواز شریف لندن میں بیٹھ کر الطاف حسین ٹو بن کر مودی کے بیانیے کو آگے بڑھا رہے ہیں،پاکستان میں یہ خدمات مریم کے سپرد ہیں۔

فرخ حبیب نے کہا کہ گلگت بلتستان کی عوام کی طرح آزاد جموں و کشمیر کی عوام بھی انہیں 25جولائی کوعبرت ناک شکست دے گی ، پاکستان کی 22کروڑعوام میں سے اگر کسی کو مودی کی بھتیجی ہونے کا اعزاز حاصل ہے تو وہ مریم صفدر ہے۔

انہوں نے کہا کہ مودی کی حلف برداری پر بھنگڑے ڈالتے ہوئے نواز شریف ہندوستان گئے تھے ، اوفا مشترکہ اعلامیہ سے کشمیر کا ذکر نکلال کر نواز شریف نے مودی کیساتھ کشمیر کا سودا کیا تھا ، مریم بتائے نواز شریف مودی کی یاری میں اتنے دیوانے کیوں ہوگئے تھے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو کا نام نہیں لیتے تھے۔

وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ عمران خان کشمیریوں کے دلیر اور  سچے وکیل ہیں ، عمران خان نے اقوام متحدہ، ٹرمپ سے ملاقات، او آئی سی سمیت ہر فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ لڑا ہے ، مریم صفدر، نواز شریف  کی کرپشن کی حقیقی وارث ہیں ان کی پرورش بھی کرپشن کے پیسوں سے ہوئی ہے۔

ہار اعصاب پر سوار، حیلے بہانے بھی کم پڑ گئے

لاہور: انگلینڈ سے سیریز میں بدترین ہار ٹیم مینجمنٹ کے اعصاب پر سوار ہو گئی جب کہ ناقص کارکردگی کا دفاع کرنے کیلیے حیلے بہانے بھی کم پڑ گئے۔

انگلینڈ کی ’’بی‘‘ ٹیم کیخلاف غیر متوقع کارکردگی پر مصباح الحق نے بھی سخت مایوسی کا اظہار کیا ہے، ہیڈ کوچ نے ورچوئل میڈیا کانفرنس میں کہا کہ اس پرفارمنس کا دفاع نہیں کیا جا سکتا، تیسرے ون ڈے میں فتح کا موقع ہاتھ آگیا تھا مگر ہم ہدف کا دفاع نہیں کرسکے، سب سے بڑا مسئلہ فیلڈنگ کا رہا۔

انھوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کیخلاف ہوم اور اوے سیریز میں پلیئرز اچھا کھیلے اور درست سمت میں گامزن تھے، انگلینڈ میں حالیہ سیریز کے بعد اب لگ رہا ہے کہ ہم وہیں کھڑے ہیں،یہ کارکردگی بطور ہیڈ کوچ میرے لیے سخت تشویش کا باعث ہے۔

مصباح الحق نے کہا کہ شکستوں کا صرف کھلاڑیوں یا کوچز کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا، یہ ٹیم کی ناکامی ہے، اگر پلیئرز حکمت عملی کے مطابق پرفارم نہیں کرپاتے تو جتنے ذمہ دار وہ ہیں اتنے کوچز بھی ہیں، سیریز میں بولرز بجھے بجھے نظر آئے، اگر پرفارم کیا تو فیلڈرز نے ساتھ نہیں دیا۔

انہوں نے کہا کہ محدود اوورز کی کرکٹ میں 7یا 8کے رن ریٹ سے کھیلنا مشکل نہیں ہوتا،اس لیے وکٹیں حاصل کرتے رہنے کی ضرورت ہوتی ہے، فیلڈرز کیچ چھوڑیں تو رنز روکنا مشکل ہوجاتا ہے، یہی تیسرے ون ڈے میں ہوا، فیلڈنگ سمیت کارکردگی میں اچانک زوال کی وجوہات جاننے کی کوشش کریں گے۔

سابق کپتان نے کہا کہ کھیل میں ڈسپلن ضروری ہے، انگلینڈ نے اس معاملے میں ہمیں تینوں شعبوں میں پچھاڑا، آگے اہم سیریز اور ورلڈکپ آ رہے ہیں، مستقبل کیلیے ہمیں معیار پر کام کرنا اور متبادل بھی دیکھنا ہیں، اس طرح کی ناکامیوں کے بعد مومینٹم دوبارہ حاصل کرنا مشکل کام ہوگا، 1یا2 میچز پر کارکردگی کا فیصلہ نہیں ہوتا لیکن جیت کا تسلسل ٹوٹنا واقعی مایوس کن ہے، اس کا یہ مطلب بھی نہیں لینا چاہیے کہ گزشتہ 2سال میں کچھ بھی اچھا نہیں ہوا۔

ٹیم کے مسائل ختم نہ ہونے اور پی ایس ایل میں 1،2 اچھی پرفارمنس کی بنیاد پر کھلاڑیوں کا انتخاب کیے جانے کے سوال پر ہیڈ کوچ نے کہا کہ انگلینڈ کو بہترین پلیئرز کی کھیپ میسر ہے،ہر پوزیشن کیلیے کرکٹرز دستیاب ہیں، اسی لیے انھوں نے اچھی متبادل ٹیم بنالی، ’’بی‘‘ ٹیم تیارکرنا ان کے مضبوط سسٹم کی نشاندہی کرتا ہے۔ دوسری جانب ہماری مڈل آرڈر سمیت مختلف پوزیشنز پر خلا ہے،ہمیں لمبی ڈومیسٹک پرفارمنس کے بجائے جلد بازی میں کھلاڑی منتخب کرنا پڑتے ہیں، بدقسمتی سے تجربات کامیاب نہیں ہوئے،کھلاڑی پی ایس ایل کھیل کر آرہے تھے اسی لیے کوئی تبدیلی نہیں کی۔

چند کھلاڑیوں کو مسلسل ناکامی کے باوجود کھلانے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ ہم ٹیم میں فیور کسی کو نہیں دیتے، میچز جیتنے کیلیے ہی بہترین دستیاب کھلاڑیوں پر مشتمل کمبی نیشن بنایا جا سکتا ہے، شاداب خان اور فہیم اشرف کو کھلانے کی وجہ ٹیم کا توازن برقرار رکھنا ہے، ہر ٹیم کو آل راؤنڈرز کی ضرورت ہوتی ہے، شاداب فارم میں آ رہے ہیں، فہیم نے گذشتہ سیریز میں اچھی بولنگ کی۔

گزشتہ میچ میں بیٹنگ، بابر اعظم اور محمد رضوان کا فارم میں آنا مثبت پہلو ہے، بولرز نے گذشتہ سیریز میں بہترین بولنگ کی تھی، البتہ انگلینڈ میں انتہائی خراب کارکردگی رہی، پیسرز کم بیک کی صلاحیت رکھتے ہیں،امید ہے کہ آئندہ بہتر پرفارم کریں گے۔

ایک سوال پر مصباح الحق نے کہا کہ قیادت سے بابر اعظم کی ذاتی کارکردگی متاثر نہیں ہوئی،وہ  بطور کپتان ابھی سیکھ رہے ہیں، وقت کے ساتھ پختگی آتی جائے گی۔

دوسری جانب کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ابتدائی دونوں ون ڈے میچز میں ہمیں بیٹنگ کی وجہ سے شکستوں کا سامنا کرنا پڑا،ابتدائی 10اوورز میں وکٹیں گنوانے کی وجہ سے پریشانی اٹھانا پڑی،تیسرے میچ میں میری امام الحق اور محمد رضوان کے ساتھ شراکتوں کی وجہ سے بیٹنگ کا مومینٹم بحال ہوا،ہم ایک اچھا ٹوٹل حاصل کرنے میں بھی کامیاب ہوئے، ہمارے لیے جیت کا بہترین موقع بھی تھا مگر بولنگ اور فیلڈنگ میں توقعات کے مطابق پرفارم نہیں کرسکے۔

انھوں نے کہا کہ بولنگ کوچ وقار یونس سخت محنت کررہے ہیں مگر بولرز پچ کے مطابق اپنی لائن و لینتھ برقرار نہیں رکھ سکے، کرکٹ میں بْرے دن آتے ہیں،ہم مل بیٹھ کر اپنی غلطیوں پر غور کرتے ہوئے انھیں سدھارنے کی کوشش کریں گے،بات چیت کرنے سے ہی مسائل کا حل تلاش کیا جا سکتا ہے،میں مشکل حالات میں بھی اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی جاری رکھوں گا،بولرز نے بھی ماضی میں میچز جتوائے ہیں، امید ہے کہ مستقبل میں بھی کم بیک کرتے ہوئے بہتر کارکردگی دکھانے میں کامیاب ہوں گے۔

نوازشریف اورمسلم لیگ نون کا کوئی بھی وعدہ جھوٹا نہیں ہوتا،مریم نواز

مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف اور مسلم لیگ نون کا کوئی بھی وعدہ جھوٹا نہیں ہوتا۔ نوازشریف اپنا نقصان تو کرلیتا ہے لیکن عوام کو جھکنےنہیں دیتا۔

آزاد کشمیر میں انتخابی مہم کے سلسلے میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جب میں نعرہ کشمیر کا نعرہ لگاتی ہوں تو رونگٹے کھڑےہوجاتےہیں کیوں کہ میری رگوں میں بھی کشمیر کا خون ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کا نام سن کر ہی مخالفین کو کپکپی طاری ہوجاتی ہے۔ جعلی حکومت کے3 سال بعد بھی عمران خان کی صبح اور شام نوازشریف سےہوتی ہے۔ ۔ کابینہ اجلاس میں عوامی ایشوز کے بجائے نوازشریف کو روکنے کی منصوبہ بندی ہوتی ہے۔ نوازشریف کو اگر انسانی پلاننگ سے روکا جاتا تو نوازشریف کا آج نام لیوا بھی نہ ہوتا۔ اس وقت کشمیر کےچپےچپےپر نوازشریف کا نام لیوا ہے۔

وزیراعظم نے تنقید کرتےہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کوتیل کی قیمت بڑھنےسےاس لئےفرق نہیں پڑتا کیوں کہ عمران خان توسائیکل پرآفس جاتے ہیں۔عمران خان تو اس وزیراعظم آفس جاتے ہیں جس کو انھوں نے یونیورسٹی بنایا ہے۔عمران خان کےدور میں بجلی توآتی نہیں لیکن لمبےلمبےبل آتے ہیں۔ مقبوضہ کشمیرکامقدمہ ہارنےکےبعداب عمران خان کی نظر آزادکشمیرپرہے۔

معاشی صورتحال پر انھوں نے کہا کہ کل دسویں بار دوائیوں کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے اور معیشت تباہ کرنے اور کاروبار ختم کرنےکےبعداب دوائیاں چھیننےکی باری ہے۔عمران خان کا کچھ پتہ نہیں ہے،آزاد کشمیرکےپہاڑوں کوبھی آئی ایم ایف کوگروی رکھ دےگا۔

 انھوں نے یہ بھی کہا کہ جب تک دستخط شدہ رزلٹ ہاتھ میں نہ آجائے ووٹرز پولنگ اسٹیشن نہیں چھوڑیں گے۔ حکومت کو اب انتخابات میں شکست دکھائی دے رہی ہے تو الیکشن ریفارمز یاد آگئےہیں۔الیکشن ریفارمزصرف عوام کی طاقت ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ کشمیر کو صوبہ بننے سے اگر کوئی روک سکتا ہے تو وہ نوازشریف ہے۔ 25جولائی کو مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور آزاد کشمیرکی ترقی کا سورج طلوع ہوگا۔

پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار کا برطانیہ کی بندرگاہ پورٹسموتھ کا دورہ

کراچی:  پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار نے برطانیہ کی بندرگاہ پورٹسموتھ کا دورہ کیا، جہاں میزبان بحریہ اور پاکستان کے سفارتی حکام نے پاک بحریہ کے جہاز کا پرتپاک استقبال کیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق مشن کمانڈر نے جہاز کے کمانڈنگ آفیسر کے ہمراہ میزبان حکام سے ملاقاتیں کیں، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مشن کمانڈر نے امیرالبحر کی جانب سے برطانیہ کے عوام کیلٸے خیر سگالی کا پیغام پہنچایا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق دورے میں دونوں ممالک کے بحری جہازوں نے مشترکہ بحری مشق  واٸٹ اسٹار  میں بھی حصہ لیا۔ مشق کے دوران جدید بحری آپریشنز کا مظاہرہ کیا گیا۔ پاک بحریہ کے جہاز کا یہ دورہ اور مشترکہ مشق میں شرکت دونوں ممالک بالخصوص بحری افواج کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔