کراچی: (ویب ڈیسک) اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کی 91 رنز کی جارحانہ اننگز رائیگاں گئی اور ملتان سلطانز نے مسلسل چوتھی فتح اپنے نام کرلی۔ جیت میں ریلی روسو، ٹم ڈیوڈ اور خوشدل شاہ نے اہم کردار ادا کیا۔
پی ایس ایل 7 کے آٹھویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاداب خان نے ٹاس جیت کر حریف ٹیم ملتان سلطانز کے قائد محمد رضوان کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
218رنز ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے پال سٹرلنگ اور الیکس ہیلز نے اننگز کا آغاز کیا جبکہ رومان رئیس نے ملتان سلطانز کی طرف سے پہلا اوور کرایا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 218 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی، پال سٹرلنگ 19سکور بناکر ڈیوڈ ویلی کی گیند پر انور علی کو کیچ دے بیٹھے،دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر الیکس ہیلز تھے جو23 سکور بناکر ڈیوڈ ویلی کی ہی گیند پر کیچ دیکر پویلین لوٹ گئے،رحمان اللہ گرباز15 اور فہیم اشرف صفر پر آؤٹ ہوئے،آصف علی 15 اور اعظم خان 12 رنز بناکر وکٹیں گنوا بیٹھے۔
یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے 9 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 42 گیندوں پر 91 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی مگر وہ اپنی ٹیم کو فتح نہ دلاسکے اور رومان رئیس کی گیند پر ٹم ڈیوڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے خوشدل شاہ نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ڈیوڈ ویلی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ملتان سلطانز کی جانب سے کپتان محمد رضوان اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے حسن علی نے پہلا اوور کرایا۔
رضوان اس بار بھی بدقسمت ثابت ہوئے اور 12 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے، 65 کے مجموعی سکور پر شان مسعود 43 رنز کی باری کھیل کر پویلین لوٹے، صہیب مقصود کی اننگز کا خاتمہ 13 سکور پر ہوا، بیٹر بھی رن آؤٹ ہوئے۔
12 اوورز میں 92 سکور تھا تاہم اس دوران ٹم ڈیوڈ اور ریلی روسو نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے باؤلرز کی خوب درگت بنائی اور حریف ٹیم کوبے بس کر دیا۔ دونوں بیٹرز کے درمیان 50 گیندوں پر 110 سکور کی پارٹنر شپ بنی۔
سنگا پور سے تعلق رکھنے والے ٹم ڈیوڈ نے 29 گیندوں پر 71 رنز کی طوفانی باری کھیل کر آؤٹ ہوئے، اس باری میں انہوں نے 6 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔ خوشدل شاہ نے 3 گیندوں پر 8 رنز بنائے۔ ریلی روسو نے 67 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ملتان نے مقررہ اوورز میں 217 رنز بنائے۔ حسن علی، وسیم جونیئر اور ڈی لنگے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔