لاہور: (ویب ڈیسک) پی ایس ایل سیون دوسرے راؤنڈ میں آج ایک میچ کھیلا جائے گا، لاہور قلندرز اور دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز آمنے سامنے ہوں گے۔ لاہور میں کرکٹ میلے کے دوسرے روز ہوم ٹیم لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کا ٹاکرا شیڈول ہے، شام 7:30 بجے قذافی سٹیڈیم میں کرکٹ ایکشن شروع ہو گا۔ رضوان سلطانز کی شان ہوں گے تو فخز زمان قلندرز کا مان بڑھائیں گے۔ زندہ دلان لاہور نے شاہین آفریدی، حارث رؤف اور راشد خان سے وننگ پرفارمنس کی امید لگا لی۔ دوسری جانب رضوان الیون کے سٹارز شان مسعود، ٹم ڈیوڈ اور خوشدل شاہ بھی لاہور کو ہرانے کے لیے تیار ہیں۔ آخری پانچ مقابلوں میں قلندرز کو سلطانز پر برتری حاصل ہے تاہم سیزن سیون کے پہلے راؤنڈ میں لاہور کے خلاف جیت کے بعد ملتان کا مورال ہائی ہے، کرکٹ دیوانوں کو شاہین اور رضوان میں ایک اور تگڑے مقابلے کا بے صبری سے انتظار ہے۔