تازہ تر ین

سبی : سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 6 دہشتگرد ہلاک،ایک سپاہی شہید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) بلوچستان میں امن دشمنوں کیخلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 6 دہشتگرد ہلاک ہو گئے، سپاہی نثار شہادت کے رتبے پر فائز ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سبی کے نگو پہاڑی کے علاقے کے قریب آپریشن کیا۔
بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے کلیئرنس آپریشن شروع کیا تو دہشتگرد گھیرے میں آ گئے، اسی دوران امن دشمنوں نے بھاگنے کی کوشش کی، بھاگتے ہوئے دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں بی این اے سے تعلق رکھنے والے 6 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں پیر جان، راکئی کلھوئی، نصیب اللہ بنگلزئی عرف جہانگیر شامل ہیں۔
بیان کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگرد سبی اور اس کے ارد گرد کے علاقوں میں کارروائیوں میں ملوث تھے جبکہ یہ دہشتگرد 20 جنوری کو لاہور کے علاقے انارکلی میں ہونے والے دہشتگردانہ حملے میں بھی ملوث تھے۔ آپریشن کے دوران پاک فوج کے سپاہی نثار نے شہادت کو گلے لگا لیا جبکہ دو سکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا جو دہشت گردوں کی جانب سے علاقے میں امن و امان کو خراب کرنے کے لیے استعمال کرنا تھا۔
بیان کے مطابق قوم کے ساتھ ملکر سکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain