کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کے خلاف قرارداد منظور کرلی۔ قرارداد میں سابق چیف جسٹس گلزار احمد کے بطور نگراں وزیراعظم نامزدگی پر تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سندھ بار کونسل کے وائس چیئرمین ذوالفقار علی جلبانی کا کہنا تھا کہ جب وزیراعظم کے تحریک عدم اعتماد پیش ہو جائے تو اسمبلی کو ختم نہیں کیا جاتا ہے، ڈپٹی اسپیکر کا اقدام غیر آئینی ہے، اسمبلی تحلیل کر کے غیر آئینی عمل کیا گیا، جس کی مذمت کرتےہیں۔
انہوں نے بتایا کہ معاملے پر عدالت عظمی سے بھی رجوع کر لیا ہے۔ ذوالفقار علی جلبانی کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعظم کے لیے جسٹس گلزار کا نام قبول نہیں ہے، اگر ایسا ہوا تو ظاہر ہوگا کہ جسٹس گلزار تحریک انصاف کی حکومت کے ساتھ تھے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ معاملے پرفل بنچ بننا چاہیئے تھا۔ سپریم کورٹ جلد فیصلہ سنائے، اگر کوئی غیر آئینی اقدام آگے بڑا تو وکلا براداری اس کے خلاف کھڑی ہوگی۔