اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے فی یونٹ بجلی کی قیمت میں اضافہ کردیا ۔
مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے بری خبر آگئی ، نیپرا نے سہ ماہی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 46 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی ہے ، بجلی رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مہنگی کی گئی ہے۔
نیپرا نے اپنا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بجلی صارفین کو تین ماہ میں اضافی ادائیگیاں کرنا ہوں گی، بجلی صارفین سے اپریل، مئی اور جون کے بلوں میں اضافی وصولیاں کی جائیں گی۔
اعلامیے کے مطابق بجلی مہنگی ہونے سے صارفین پر15 ارب 45 کروڑ روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا تاہم اضافی وصولیوں کا اطلاق کے الیکٹرک پر نہیں ہو گا۔