لندن: (ویب ڈیسک) سابق امریکی کک باکسر اینڈریو ٹیٹ نے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی گرفتاری سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
امریکہ و برطانیہ میں اثر ورسوخ رکھنے والے اینڈریو ٹیٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی گرفتاری کو پاکستان سپریم کورٹ کی جانب سے غیر قانونی قرار دے کر ان کی فوری رہائی کا حکم جاری ہونے پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ” ایسا لگتا ہے کہ پاکستان میں ایک اچھا اور ایماندار عدالتی نظام موجود ہے۔
قبل ازیں سابق باکسر نے عمران خان کی گرفتاری پرردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ سب اچھے لوگ جیل جارہے ہیں ” ۔
خیال رہے کہ اینڈریو ٹیٹ حال ہی میں اپنے بھائی کے ساتھ رومانیہ کی جیل سے رہا ہوئے ہیں اور گھر میں نظر بند ہیں، ٹیٹ اور ان کے بھائی سے انسانی سمگلنگ اور منظم جرائم پیشہ گروہ بنانے کے الزامات کے تحت تفتیش کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے القادر ٹرسٹ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم جاری کیا تھا۔