عام انتخابات 2024 کے لیے الیکشن پروگرام کا دوسرا مرحلہ شروع ہوچکا ہے جس کے تحت کاغذات نامزدگی وصول کرنے اور جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔
اسلام آباد کی تین نشستوں پر مجموعی طور پر 345 نامزدگی فارم جاری ہو چکے ہیں، راولپنڈی کے سات حلقوں کے لیے 415 سے زائد فارم کا اجراء کیا گیا ہے۔
جمعرات کو جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمان فیصل کریم کنڈی نے این اے 44 کیلئے کاغذات نامزدگی حاصل کئے۔
ن لیگی رہنما کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف کے کاغذات نامزدگی آج جمع کئے جانے کا امکان ہے۔
کیپٹن صفدر نے کہا کہ اگلے وزیر اعظم نواز شریف ہوں گے اور مانسہرہ سے ہوں گے، نوازشریف مانسہرہ کے حلقہ این اے 15 سے الیکشن لڑیں گے۔
دیر بالا کی خاتون رہنما حمیدہ شاہد نے بھی پی کے 11 کے لیے کاغذات نامزدگی حاصل کیے۔ حمیدہ شاہد دیربالا کی پہلی خاتون ہیں جو دوسری مرتبہ جنرل الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں،ی حمیدہ شاہد 2018 میں پی ٹی ائی کی امیدوار تھیں۔
حمیدہ شاہ نے کہا کہ پارٹی قائدین نے اعتماد کیا اور ٹکٹ دیا تو بھر پور کوشش کروں گی۔
صوبائی اسمبلی کی جنرل نشت پر پیپلز پارٹی کی دینا ناز نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔ پی ٹی آئی کی شبینہ گل نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔
اب تک 219 ریزرو سیٹوں پر خواتین کے کاغذات جاری کیے گئے ہیں، اقلیتی سیٹوں کے لیے 93 کاغذات نامزدگی جاری کیے گئے۔
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران (ڈی آر اوز) 20 دسمبر سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال چکے ہیں.گزشتہ روز متعدد سیاسی رہنماؤں نے کاغذات نامزدگی وصول کیے اور جمع کرائے۔
امیدوار 22 دسمبر تک کاغذات نامزدگی جمع کروا سکتے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کی ابتدائی فہرست 23 دسمبر کو جاری ہوگی، کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی 24 سے 30 دسمبر تک ہوگی، جبکہ 13 جنوری کو امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے۔
عام انتخابات کے لیے پولنگ 8 فروری کو ہوگی۔