نئی دہلی: بھارتی ریاست اوڈیشہ کے فوجی کیمپ میں ایک اہلکار نے چھت کے پنکھے سے لٹک کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق خودکشی کرنے والا سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی بٹالین 64 میں تعینات تھا جو نیکسل باغیوں کے خلاف کارروائی کرتی ہے۔
خودکشی کرنے والے اہلکار کی شناخت ارجن چرن نائیک کے نام سے ہوئی۔ کمرے سے کوئی خودکشی نوٹ برآمد نہیں ہوا۔
پوسٹ مارٹم میں موت کی وجہ گلا گھٹنا آئی ہے جس سے خودکشی کی تصدیق ہوگئی۔ تاحال خودکشی کے محرک کا پتا نہیں چل سکا۔
پولیس نے مقدمہ درج تحقیقات کا آغاز کردیا تاہم اس قسم کے واقعات میں اب تک کسی انکوائری کمیٹی کی ٹھوس رپورٹ سامنے نہیں آئی۔
لاش کو پوسٹ مارٹم اور ضروری کارروائی کے بعد آبائی گاؤں روانہ کردیا گیا۔
خیال رہے کہ بھارت میں پست ہمتی، افسران کے ناروا سلوک اور ذہنی دباؤ کے باعث فوجی اہلکاروں میں خودکشی کے واقعات عام ہیں۔