کراچی: پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ باکسر محمد وسیم کو ڈنمارک نے یورپی ویزہ دینے سے انکار کردیا، پروفیشنل باکسر چار اکتوبر کو مالٹا میں شیڈول عالمی ٹائیٹل کے مقابلہ میں شرکت سے محروم ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈنمارک کے سفارت خانہ نے عالمی باکسر کا پاسپورٹ 40دن اپنے پاس رکھا اور پھر ویزہ درخواست مسترد کرکے پاسپورٹ واپس کردیا۔
محمد وسیم نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دو مرتبہ کا عالمی چیمپیئن ہوں، ویزہ مسترد کرکے کہا گیا کہ میں وہاں جاکر غائب ہو جاؤں گا، میں ساری دنیا میں سفر کرتا ہوں،لندن میں کوچز کے ساتھ ٹریننگ کررہا تھا،عالمی مقابلے کی تیاری کے سلسلے میں ٹریننگ کے لیے قبل از وقت مالٹا پہنچنا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ 4 اکتوبر کو ورلڈ باکسنگ فیڈریشن کے بینٹم ویٹ ٹائیٹل کے لیے مقابلہ طے ہے، اپنےحریف سابلیو سیبیک کوہلو کے خلاف کامیابی کے لیے پر امید تھا۔
حکومت پاکستان، وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف نوٹس لے کر ویزہ دلوانے میں مدد کریں، ورلڈ ٹائیٹل فائٹ میرے لیے بہت اہم ہے موقعہ گنوانا نہیں چاہتا۔
واضح رہے کہ 20 اگست 1987 کو کوئٹہ میں پیدا ہونے والے 36 سالہ محمد وسیم باکسنگ کی دنیا میں فالکن کے نام سے مشہور ہیں۔
2018 اور2022 میں انٹرنیشنل باکسنگ فیڈریشن کے عالمی چیمپیئن رہے اس کے علاوہ ورلڈ فلائی ویٹ ٹائٹیٹل جیت کر پاکستان کا نام روشن کیا۔