پنجاب حکومت نے اٹک میں تین ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی۔
ترجمان صوبائی محکمہ داخلہ کے مطابق پنجاب حکومت نے معدنی ذخائر اور ماحول کے تحفظ کے لیے اقدام کرتے ہوئے اٹک میں 3 ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی ہے، جس کے تحت ضلع اٹک میں سونے سمیت تمام معدنیات کی بغیر اجازت کان کنی پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
اٹک میں دریائے سندھ کے اطراف سونے سمیت تمام معدنیات کی بلا اجازت کھدائی پر دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔ دریائے سندھ کے اطراف کان کنی یا کھدائی کی مشینری کی نقل و حمل پر بھی 3 ماہ کے لیے پابندی عائد کی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پلیسر گولڈ قومی خزانے کے لیے اہم ترین معدنیات میں سے ایک ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کے نفاذ کا باضابطہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے۔