بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پولیس وین کے قریب دھماکا ہوا، جس میں اہل کاروں سمیت 10 افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق دھماکا کوئٹہ کے علاقے ڈبل روڈ پر ہوا، جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکا پولیس وین کے قریب ہوا، جس میں 4 اہل کار زخمی ہو گئے۔
دھماکے سے پولیس وین کو بھی نقصان پہنچا جب کہ قریب کھڑی دوسری گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان ہوا۔
ریسکیو ٹیموں نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو اسپتال منتقل کیا۔
دریں اثنا ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا ہے کہ ڈبل روڑ پر پولیس موبائل کے قریب دھماکا ہوا ہے، جس کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز جائے وقوع پر پہنچ چکی ہیں۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
ابتدائی اطلاعات تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم زخمیوں کی تعداد 10 بتائی جاتی ہے۔