تازہ تر ین

عثمان خالد بٹ اُکتا گۓ: شادی سے متعلق سوالات پر عجیب ردعمل

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں جب بھی باصلاحیت فنکاروں کا ذکر ہوتا ہے تو عثمان خالد بٹ کا نام بڑی عزت اور محبت کے ساتھ لیا جاتا ہے۔ اداکار، مصنف، ہدایت کار کے طور پر عثمان نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

چاہے وہ ڈرامہ ’عہد وفا‘ ہو،نرمی اور مزاح سے بھرپور “چُپکے چُپکے” یا جذبات کی گہرائی لیے “دیار دل، ہر کردار میں انہوں نے اپنی اداکاری کے ایسے جوہر دکھائے کہ ناظرین اُن کے معترف ہوئے بغیر نہ رہ سکے۔

عثمان خالد بٹ ذاتی زندگی میں اپنی ایک الگ ہی پہچان رکھتے ہیں، وہ ایک وفادار دوست سمجھے جاتے ہیں، جو اپنے قریبی لوگوں کی خوشیوں میں ہمیشہ پیش پیش نظر آتے ہیں، چاہے دوستوں کی شادی ہو یا کوئی اور خوشی کا موقع، عثمان کی موجودگی محفل کو چار چاند لگا دیتی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اُن کے اسلام آبادی دوستوں کے گروپ میں جہاں اکثر چہرے شادی کے بندھن میں بندھ چکے ہیں، وہ اب بھی “سنگل” ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ اُن کے مداح ہر جگہ، ہر موقع پر اُن سے شادی کے بارے میں سوال داغتے رہتے ہیں لیکن عثمان اپنے خاص اندازِ بذلہ سنجی سے ان سوالات کا جواب دیتے ہیں۔

حال ہی میں جب وہ علی سفینہ کے شو کے مہمان بنے تو حسبِ روایت شادی کا موضوع پھر چھڑ گیا، عثمان نے ہنستے ہوئے انکشاف کیا کہ وہ شادی اس لیے نہیں کر رہے کیونکہ وہ خود اس جانب کوئی سنجیدہ کوشش ہی نہیں کر رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ ایک غیر روایتی شخص ہیں اور صرف معاشرتی دباؤ کی خاطر شادی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔

عثمان خالد بٹ نے دوٹوک انداز میں یہ بھی کہا کہ وہ اب اس بات سے تنگ آ چکے ہیں کہ لوگ انٹرنیٹ پر بار بار ان سے ان کی شادی کے بارے میں پوچھتے ہیں۔

انہوں نے مشورہ دیا کہ لوگ دوسروں کی ذاتی زندگی میں دخل دینے کے بجائے اپنی زندگی پر توجہ دیں۔

عثمان خالد بٹ نے مزید کہا کہ ان کی شادی کی باتیں سب کرتے ہیں لیکن ان کے لیے اچھا رشتہ کوئی نہیں ڈھونڈتا، ان کا کہنا تھا کہ اداکارہ مریم نفیس نے ان کے لیے رشتے کی کوشش کی تھی لیکن پھر وہ خود ہی پیچھے ہٹ گئی تھیں۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain