اپر چترال کے علاقے موڑکھو میں واقع گہت گول نالے میں برف پگھلنے کے باعث اونچے درجے کے سیلاب کے نتیجے میں نالے کے اطراف کھڑی فصلوں اور متعدد رابطہ سڑکوں کو شدید نقصان پہنچا۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق سیلابی ریلے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا کیونکہ خطرے کے پیش نظر مقامی آبادی کو پہلے ہی محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا تھا۔
ادھر دروش کے مقام کلدام شاہنگار میں شدید طغیانی کے باعث پشاور چترال روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہو گئی، جس کے باعث سیاحوں اور مسافروں کی گاڑیاں راستے میں پھنس گئیں۔
انتظامیہ اور امدادی ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں جبکہ سڑک کی بحالی اور متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔