تازہ تر ین

تاجروں کا دکانیں رات 8 بجے بند کرنے کے فیصلے پر ردعمل سامنے آگیا

کراچی (7 اپریل 2026): آل پاکستان انجمن تاجران کا وفاقی حکومت کے کفایت شعاری کے تحت دکانیں رات 8 بجے بند کرنے کے فیصلے پر ردعمل سامنے آگیا۔

صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ ملک بھر میں رات 10 بجے سے پہلے دکانیں بند نہیں کریں گے، وزیر اعظم شہباز شریف فیصلے پر نظرِ ثانی کریں۔

اجمل بلوچ نے کہا کہ سندھ اور خیبر پختونخوا حکومتیں تاجروں کی بات ماننے کیلیے تیار ہیں لیکن وفاق، پنجاب اور بلوچستان حکومتیں مذکورہ فیصلہ واپس لیں، رات 8 بجے دکانیں بند کرنے کا فیصلہ کسی صورت درست نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تاجر برادری شام 6 سے رات 10 بجے تک سب سے مہنگی بجلی خرید رہی ہے، ہم ملکی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، رات 8 بجے دکانیں بند کرنے سے رش کو سنبھالنا مشکل ہو جائے گا۔

’پیک آورز میں زبردستی کاروبار بند کروانا عقلمندی کا فیصلہ نہیں ہے۔ کاروباری پہیہ چلا کر ہی ملکی معیشت کا پہیہ رواں رکھا جا سکتا ہے۔‘

صدر آل پاکستان انجمن تاجران کا مزید کہنا تھا کہ اسٹیل مل، پی آئی اے اور ریلوے سمیت کئی ادارے اربوں کے خسارے میں ہیں، تاجر برادری کے ساتھ سختی کے بجائے بیٹھ کر مذاکرات کیے جائیں، کفایت شعاری کاروبار بند کرنے سے نہیں بلکہ مراعات ختم کرنے سے ہوگی، یہ بڑی گاڑیوں سے اترنے اور سادگی اختیار کرنے سے آئے گی۔

اجمل بلوچ نے مطالبہ کیا کہ وفاقی وزیر تجارت اور وزیر توانائی فوری طور پر تاجروں سے مذاکرات کریں، امریکا اور ایران کی ثالثی ہو سکتی ہے تو تاجروں سے بات کیوں نہیں؟ اگر تاجروں کے ساتھ سختی کی گئی تو ملک گیر احتجاج کا اعلان کریں گے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain