کراچی : جنگ بندی کے اعلان کے بعد پاکستان مارکیٹ کھلتے ہی چند منٹوں میں 12,000 پوائنٹس سے زائد اضافے کے بعد ایک لاکھ 64 ہزار کی سطح پر پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابنق مشرقِ وسطیٰ میں جنگ بندی اور پاکستان کی کامیاب سفارتکاری کی خبروں نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو عالمی مالیاتی منڈیوں کے مرکز میں لا کھڑا کیا ہے۔
آج کاروبار کا آغاز اس قدر غیر معمولی تیزی سے ہوا کہ مارکیٹ ریگولیشنز کے تحت ٹریڈنگ کو ایک گھنٹے کے لیے معطل کرنا پڑا، تاہم دوبارہ آغاز پر مارکیٹ نے زبردست تیزی دیکھنے میں آئی۔
آج صبح کاروبار کے آغاز میں ہی بینچ مارک ہنڈریڈ انڈیکس ابتدائی منٹوں میں ہی 12,362 پوائنٹس (8.5%) اضافے کے ساتھ 1,64,035 کی سطح پر پہنچ گیا، جس نے اسٹاک ماہرین کو بھی حیران کر دیا۔
اسٹاک مارکیٹ کے قوانین کے مطابق جب انڈیکس 5 فیصد سے زائد کی چھلانگ لگاتا ہے تو “انڈیکس ہالٹ” نافذ کر دیا جاتا ہے، صبح کاروبار شروع ہوتے ہی تیزی کی وجہ سے ٹریڈنگ روک دی گئی تاہم شیڈول کے مطابق صبح 10 بج کر 37 منٹ پر ٹریڈنگ دوبارہ بحال ہوئی۔
ٹریڈنگ کے دوبارہ آغاز پر انڈیکس میں مزید اضافہ دیکھا گیا اور یہ 12,674 پوائنٹس کے مجموعی اضافے کے ساتھ 1,64,404 کی ریکارڈ سطح پر ٹریڈ کرنے لگا۔
اسٹاک ماہرین کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جنگ بندی کی خبروں نے انویسٹرز کے ان خدشات کو ختم کر دیا ہے جو سپلائی چین کے تعطل اور توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے وابستہ تھے۔
مارکیٹ میں ہر شعبے، بالخصوص سیمنٹ، بینکنگ اور ٹیکنالوجی کے حصص میں ریکارڈ خریداری دیکھی جا رہی ہے اور زیادہ تر شیئرز پر ‘اپر لاک’ لگ چکے ہیں۔






































