پی ایس ایل 11 کے دوسرے مرحلہ میں جمعرات کو ڈبل ہیڈرز میں دو میچز کھیلے جائیں گے، نیشنل اسٹیڈیم پر لیگ کا 24واں میچ رواں ایڈیشن کی پوائنٹس ٹیبل پر آخری پوزیشنز کی حامل دونوں نئی ٹیموں حیدرآباد کنگز مین اور راولپنڈیز کے درمیان کھیلا جائے گا، دوسرے میچ میں کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 11 میں جمعرات کو پہلے مقابلے میں مسلسل چار ناکامیوں کے بعد لگاتار دو فتوحات پانے والی حیدرآباد کنگز مین اپنے میچ میں راولپنڈیز کے خلاف میدان میں اترے گی،وہ حریف ٹیم کو ہرا کر چھ پوائنٹس جوڑ کر فائنل فور میں جگہ بنانے کی کوشش کرے گی۔
جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی بدولت کپتان مارنوز لبوشن نے ٹیم میں ایک نئی امنگ پیدا کر دی ہے جبکہ حماد اعظم، کوشن پریرا،سعد علی اور عثمان خان معاذ، صداقت، گلین میںکس ویل اور صائم ایوب سے بھی بیٹنگ میں اچھی توقعات ہیں، حیدرآباد کنگزمین کی بولنگ میں امیدوں کا مرکز صائم ایوب، عاکف جاوید، آصف محمود، حنین شاہ، ریلی میرٹھ اور محمد علی ہوں گے۔
دوسری جانب مسلسل پانچ ناکامیوں کے بعد شکستوں کی ڈبل ہیٹرک سے بچنے کے لیے راولپنڈی پنڈیز کی ٹیم محمد رضوان کی قیادت میں پہلی فتح پانے کے لیے میدان میں اترے گی، کپتان محمد رضوان کے ساتھ عبداللہ فضل، سام بلنگز، کامران غلام اور ڈیرل مچل سے اچھی بیٹنگ کی توقعات وابستہ ہیں،نسیم شاہ کی خدمات سے محروم ہونے والی راولپنڈیز کی بولنگ میں نظریں محمد عامر اور بین سیزر پر مرکوز ہوں گی۔
شام کو ٹھنڈی ہوا میں کھیلے جانے والے لیگ کے 25 ویں میچ میں کراچی کنگز کا مقابلہ اسلام آباد یونائٹیڈ کی مضبوط ٹیم سے ہوگا،تین مرتبہ کی چیمپین اسلام آباد یونائیٹڈ اپنے ساتویں میچ میں چوتھی جیت کے لیے میدان کا رخ کرے گی۔
تین فتوحات اور دو ناکامیوں کے ساتھ پشاور زلمی کے خلاف میچ بارش کی نظر ہونے کے بعد سات پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر براجمان اسلام اباد یونائیٹڈ کی ٹیم ڈیون کانوائے، سمیر عباس،کپتان شاداب خان اور فہیم اشرف کی بیٹنگ پر انحصار کرے گی، بیٹنگ آل راؤنڈر ز کے ساتھ اسلام آباد یونائیٹڈ کرس گرین ،عماد وسیم، سلمان علی مرزا اور محمد وسیم کی بولنگ سے مستفید ہونے کی کوشش کرے گی۔
دوسری طرف پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن کی حامل کراچی کنگز بھی اپنے ساتویں میچ میں چوتھی فتح کی تلاش میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو زیر کرنے کے لیے میدان کا رخ کرے گی،حریف ٹیم کی طرح تین ناکامیوں کا سامنا کرنے والی کراچی کنگز کی فائنل فورمیں جگہ بنانے کے لیے اس مقابلے میں کامیابی اہم ہوگی۔
گزشتہ میچ میں شرکت سے قاصر رہنے والے کپتان ڈیوڈ وارنر اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف مقابلے میں دستیاب ہوں گے،کراچی کنگز بیٹنگ لائن میں سعد بیگ، معین علی اعظم خان، اینڈرکس، خوش دل شاہ، سلیمان علی خان اور شان مسعود پر انحصار کرے گی جبکہ بولنگ میں وہ میر حمزہ ایڈم زمپا اور حسن علی سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے گی۔






































