اسلام آباد(25 اپریل 2026): پاکستان نے آئی ٹی اور آؤٹ سورسنگ کی دنیا میں اہم سنگ میل عبور کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے آئی ٹی اور آؤٹ سورسنگ کی دنیا میں اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے، رپورٹ کے مطابق پاکستان “گلوبل آؤٹ سورسنگ ٹیلنٹ انڈیکس” میں 16ویں پوزیشن پر آ گیا ہے، جس کے بعد پاکستان دنیا کے ٹاپ 9 فیصد ممالک کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی ٹیک انڈسٹری سالانہ 20 فیصد کی شرح سے ترقی کر رہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ملک میں ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر کو مزید بہتر بنایا جائے تو پاکستان اس انڈیکس میں 16 ویں سے 11 ویں نمبر پر آ سکتا ہے۔
وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ نے اس کامیابی پر اپنے بیان میں کہا کہ حکومت پاکستان کو ٹیکنالوجی اور آؤٹ سورسنگ کا عالمی مرکز (ٹیک حب) بنانے کے لیے کوشاں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی کو بہتر بنانے کے لیے تین نئی سب میرین کیبلز بچھائی جا رہی ہیں جس سے ڈیجیٹل نظام میں بڑی بہتری آئے گی۔
وزیر آئی ٹی نے یہ بھی اعلان کیا کہ حکومت نے 10 لاکھ نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت کے جدید اسکلز کی تربیت دینے کا ہدف مقرر کیا ہے تاکہ پاکستانی ٹیلنٹ کو عالمی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تیار کیا جا سکے۔






































