(ویب ڈیسک)وفاقی وزیر توانائی اویس احمد لغاری نے کہاہے کہ ہمیں ایل این جی گیس موصول ہو چکی جس کے بعد بجلی کی لوڈ مینجمنٹ کا خاتمہ ہو چکا ہے۔
وفاقی وزیر توانائی اویس احمد لغاری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کچھ روز سے عوام کو لوڈ مینجمنٹ کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا،گزشتہ روز ہمیں ایل این جی گیس موصول ہو چکی ہے، گیس موصول ہوتے ہی اب بجلی کی لوڈ مینجمنٹ کا خاتمہ ہو چکا ہے۔
اویس لغاری نے کہا کہ آج سے 13 سے 14 دن پہلے عوام کو لوڈ شیڈنگ کا سامنا کرنا پڑا تھا، اب پن بجلی سے بجلی کی پیداوار 6ہزار میگا واٹ تک پہنچ چکی ہے، پن بجلی کی پیداوار اس سے پہلے ایک ہزار میگا واٹ تک ہوا کرتی تھی،لوڈ شیڈنگ کےخاتمے کےلیےہمیں فرنس اور ایندھن سے چلنے والے پلانٹس کو بھی چلانا پڑا۔
وزیر توانائی نے کہا دعا ہے ٹرانسمیشن لائنز ہرقسم کی خرابی سے محفوظ رہیں، موقع پر ہمیں مہنگی گیس خریدنی پڑی کیونکہ قطری گیس نہیں آرہی تھی، جس طرح پہلے لوڈ شیڈنگ نہیں ہوتی تھی امید ہے اب بھی ایسا ہی ہوگا، بجلی کی پیداوار 46 ہزار میگا واٹ نہیں بلکہ 32 ہزار میگا واٹ ہے۔
اویس لغاری نے مزیدکہاکہ سال کے مختلف دورانیوں میں بجلی کی پیداواری صلاحیت میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے، ہماری پوری کوشش ہوگی کہ صارفین کو مہنگی بجلی سے محفوظ رکھا جائے، ڈیمز کے پانی کو ریلیز کرنا ارسا کی ضرورت ہے اور یہ صوبوں کی ضروریات پر منحصر ہے۔



































