پشاور سے تعلق رکھنے والی پاکستان کی باصلاحیت اسکواش کھلاڑی ثنا بہادر نے آسٹریلیا میں ایک اور اہم کامیابی حاصل کرکے ملک کا نام روشن کردیا۔ سماعت سے محروم ہونے کے باوجود ثنا بہادر نے اپنی محنت، عزم اور کھیل کی غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے پی سی اے انڈیپنڈنٹ اسکواش کپ 2026 اپنے نام کرلیا۔
پاکستان آرمی کی نمائندگی کرنے والی ثنا بہادر نے یہ ٹائٹل آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے کنٹربری کلب میں منعقد ہونے والے اسکواش مقابلوں میں حاصل کیا۔
ٹورنامنٹ کے فائنل میں ثنا بہادر کا مقابلہ ان کی اپنی ہم وطن نور الہدیٰ سے ہوا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ ثنا بہادر نے فائنل کا پہلا گیم اپنے نام کیا اور دوسرے گیم میں بھی مقابلہ جاری تھا کہ نور الہدیٰ کو ٹخنے میں چوٹ لگ گئی۔
انجری کے باعث نور الہدیٰ ہرٹ ریٹائرڈ ہوگئیں اور مقابلے سے دستبردار ہوگئیں، جس کے بعد ثنا بہادر کو فاتح قرار دے دیا گیا۔ یوں ثنا نے آسٹریلیا میں ایک اور اسکواش ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
ثنا بہادر کی یہ کامیابی اس لیے بھی نمایاں ہے کہ انہوں نے مشکلات اور جسمانی رکاوٹوں کے باوجود کھیل کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ ان کی کامیابی نوجوان کھلاڑیوں، خصوصاً خصوصی صلاحیتوں کے حامل افراد کے لیے عزم، محنت اور حوصلے کی ایک مثال بن رہی ہے۔
آسٹریلیا میں دوسری بڑی کامیابی
ثنا بہادر کی آسٹریلیا میں یہ پہلی بڑی کامیابی نہیں۔ اس سے قبل انہوں نے میلبورن میں منعقدہ چیلنجر بینڈیگو اوپن اسکواش ٹائٹل بھی جیت کر پاکستان کا نام بلند کیا تھا۔
مسلسل کامیابیوں کے بعد ثنا بہادر نے نہ صرف عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا ہے بلکہ پاکستان کے لیے بھی اعزاز حاصل کیا ہے۔ ان کی حالیہ کامیابی پر کھیلوں کے حلقوں اور پاکستانی شائقین کی جانب سے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔
ثنا بہادر کی کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ مضبوط عزم، مسلسل محنت اور حوصلے کے ساتھ مشکلات کو شکست دے کر عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا جاسکتا ہے۔

