نئی دہلی(این این آئی) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی
ڈی پی) کی سربراہ محبوبہ مفتی نے غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم اور ایران پر امریکہ اوراسرائیل کے حملے پر برکس کی خاموشی پر سوال اٹھایا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے ایکس پر جاری اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ بھارت کو جو اس وقت برکس کی صدارت کر رہا ہے، حوصلے اور حقیقی قیادت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایسی قرارداد کی حمایت کرنی چاہیے تھی جس میں غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں اور ایران پر امریکہ اوراسرائیل کے حملے کی واضح مذمت کی گئی ہو۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی مذمت ترجیح کی بنیادپر نہیں کی جا سکتی کیونکہ شہریوںکے خون کی کوئی قومیت نہیں ہوتی اور بین الاقوامی انصاف دوہرے معیار پر مبنی نہیں ہو سکتا۔محبوبہ مفتی کے بیان نے مرضی کی بنیاد پر بین الاقوامی اصولوں کے اطلاق پر ایک بار پھر توجہ مرکوز کر دی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب غزہ میں شہری ہلاکتوں اور انسانی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور ایران کے خلاف امریکہ اوراسرائیل کی فوجی کارروائی کے اثرات سامنے آ رہے ہیں۔
