لاہور (این این آئی)پنجاب کی ماتحت عدالتوں میں عملے کی بھرتیوں کا 150سالہ پرانا نظام ختم کر دیا گیا ۔سیشن ججز کے پاس 150سال سے موجود
ماتحت عدالتوں کے عملے کی براہ راست بھرتی کے اختیارات ختم کر دیئے گئے۔چیف جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں لاہور ہائیکورٹ کے فل کورٹ نے نئے رولز کی متفقہ منظوری دے دی، منظوری کے تحت سیشن ججز اب اپنے ضلع میں براہ راست ماتحت عدلیہ کا عملہ بھرتی نہیں کر سکیں گے۔نائب قاصد سے گریڈ 16تک تمام آسامیوں پر براہ راست بھرتی کے سیشن ججز کے اختیارات ختم ہوگئے، ماتحت عدالتوں میں بھرتیوں کیلئے لاہور ہائیکورٹ کے سیکریٹریٹ میں نیا نظام قائم ہوگا۔نئے نظام کے تحت جس ضلع میں عملے کی کمی ہوگی سیشن جج ڈی جی اسٹیبلشمنٹ کو خالی آسامیوں سے آگاہ کرے گا اور ڈی جی اسٹیبلشمنٹ چھان بین کے بعد بھرتی کا کیس لاہور ہائیکورٹ سیکرٹریٹ کو ارسال کرے گا، امیدواروں کی بھرتی تحریری امتحان اور انٹرویو کے بعد میرٹ پر کی جائے گی۔
