کراچی (این این آئی) پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر ٹموتھی کین نے کہا ہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان مسلسل روابط ضروری ہیں۔ وہ پاک آسٹریلیا بزنس فورم کے زیراہتمام کراچی میں منعقدہ سالانہ ایوارڈ تقریب و عشایئے سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں پاکستان اور آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیات، حکومتی حکام اور تجارتی نمائندگان نے شرکت کی۔ پاک آسٹریلیا بزنس فورم کے چیئرمین پرویز مدراس والا نے کہا کہ فورم نے کورونا وباء کے مشکل دور میں بھی دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے درمیان رابطوں کا سلسلہ جاری رکھا اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پیدا کیے۔ انہوں نے بتایا کہ وباء کے دوران آسٹریلوی ہائی کمیشن، آسٹریڈ، پاکستان ٹریڈ کمیشن سڈنی، پاکستان ہائی کمیشن اور ایف پی سی سی آئی کے حکام کے تعاون سے متعدد ویبینارز منعقد کیے گئے، جن کے ذریعے تجارتی روابط برقرار رکھنے اور کاروباری تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے میں مدد ملی۔ پرویز مدراس والا نے کہا کہ پاک آسٹریلیا بزنس فورم نے دالوں کے تاجروں پر مشتمل پاکستانی وفد کی دبئی میں منعقدہ گل فوڈ ایکسپو 2025ء میں بھی قیادت کی۔
