پاکستان کے ٹیسٹ کپتان بابر اعظم کی تقریباً 7 سال بعد فرسٹ کلاس ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی مایوس کن ثابت ہوئی، وہ پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں او جی ڈی سی ایل کی جانب سے کھیلتے ہوئے دونوں اننگز میں بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔
ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں خان ریسرچ لیبارٹریز (KRL) کے خلاف میچ میں بابر اعظم پہلی اننگز میں 20 گیندوں پر 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ دوسری اننگز میں صرف 4 رنز بنا سکے۔ یوں انہوں نے دونوں اننگز میں مجموعی طور پر 16 رنز بنائے۔
پہلی اننگز میں بابر اعظم نے دو چوکے لگائے تھے، تاہم فاسٹ بولر ارشد اقبال نے انہیں شارٹ پچ گیند پر آؤٹ کردیا۔ ارشد اقبال نے میچ کی پہلی اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کیں۔

