راولپنڈی، اسلام آباد( نیوز ایجنسیاں) جڑواں شہروں میں انٹرنیٹ سروس مکمل بحال ہوگئی جبکہ خیر آباد کے مقام پر جی ٹی روڈ کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا، اٹک پل پر بھی رکاوٹیں ہٹادی گئیں تاہم تحریک انصاف کی جانب سے 27ستمبر کے لانگ مارچ کی کال موخر کیے جانے کے بعد بھی اسلام آباد کے ریڈ زون کے اطراف کنٹینرز کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں متاثر ہونے والی انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہے۔ پی ٹی اے کے مطابق جڑواں شہروں میں موبائل ڈیٹا اور وائی فائی سروسز اب معمول کے مطابق کام کر رہی ہیں۔پی ٹی اے کے مطابق ایک ٹیلی کام آپریٹر کے نیٹ ورک میں آپٹیکل فائبر کیبل کٹنے سے سروس متاثر ہوئی تھی، جس کے باعث چند سروس فراہم کنندگان کے نیٹ ورک میں جزوی خرابی دیکھی گئی۔پی ٹی اے نے کہاکہ انٹرنیٹ سروس میں خرابی مقامی اور گردونواح کے چند علاقوں تک محدود تھی، جبکہ ملک کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس معمول کے مطابق جاری رہی۔ شمالی ریجن کے کچھ علاقوں میں بھی انٹرنیٹ سروس متاثر ہوئی تھی۔پی ٹی اے کے مطابق تکنیکی ٹیموں نے آپٹیکل فائبر کیبل کی مرمت اور سروس کی بحالی کے لیے کام کیا، جس کے بعد زیادہ تر علاقوں میں سروسز بحال کر دی گئیں۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں انٹرنیٹ سروسز مکمل طور پر بحال ہو چکی ہیں اور اب انٹرنیٹ معمول کے مطابق کام کر رہا ہے۔دریں اثناء اسلام آباد میں خیر آباد کے مقام پر جی ٹی روڈ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔ذرائع موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ون سے رکاوٹیں ہٹا دی گئیں ،موٹروے پر رکھی گئی ریت کی بوریاں ،موٹروے ایم ون سے لوہے کی شیٹیں اور کنٹینر ہٹانے کا کام دن بھر جاری رہا ۔ذرائع کے مطابق رکاوٹیں ہٹانے کے بعد موٹروے ایم ون بھی ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔ٹیکسلا میں پنجاب کے داخلی راستوں پر رکھے گئے کنٹینرز سائیڈ پر رکھ دیئے گئے ہیں جس کے بعد ٹریفک کی آمد و رفت معمول پر آ گئی۔علاوہ ازیں اٹک پل پر رکاوٹیں ہٹا دی گئیں۔قبل ازیں تحریک انصاف کی جانب سے 27ستمبر کے لانگ مارچ کی کال موخر کیے جانے کے بعد بھی اسلام آباد کے ریڈ زون کے اطراف کنٹینرز کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا ،داخلی و خارجی راستے کھلے ہیں مگر سڑکوں کے قریب کنٹینرز بھی رکھے گئے ہیں۔ٹیکسلا میں پنجاب کے داخلی راستوں پر رکھے گئے کنٹینرز سائیڈ پر رکھ دیئے گئے ہیں جس کے بعد ٹریفک کی آمد و رفت معمول پر آ گئی۔علاوہ ازیں اٹک پل پر رکاوٹیں ہٹا دی گئیں۔
انٹرنیٹ سروس بحال
