کوئٹہ ،راولپنڈی ، اسلام آباد، پشاور (نیوز ایجنسیاں)بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف آپریشن تیز کر دیا ہے ،96گھنٹوں میں 71دہشت گرد مارے گئے، صدر، وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نے سکیورٹی فورسز کو کامیاب کارروائیوں پر خراج تحسین پیش کیا ہے جبکہ لکی مروت میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے 3 شہری شہید اور 3 زخمی ہوگئے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق شابان، کوئٹہ میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کیا، جس میں اب تک 33بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے کلیئر کر دیئے، جبکہ کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 72گھنٹوں کے دوران 23دہشت گرد ہلاک کئے گئے اور سکیورٹی فورسز نے وسیع علاقے کو دہشت گردوں سے کلیئر کر لیا۔آئی ایس پی آرکے مطابق مقامی آبادی کو فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خطرے سے نجات دلائی گئی، نوشکی اور مند میں ہونے والی کارروائیوں کے دوران بھی بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 96 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 71سے زائد دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن شعبان اور دیگر علاقوں میں کارروائیوں سے بھارتی حمایت یافتہ افغان پراکسیز کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردی کے خلاف جنگ عزمِ استحکام کے وژن کے تحت بھرپور عزم سے جاری رہے گی۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیرملکی معاونت یافتہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔دریں اثناء صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور خدمات قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ادھر خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں دہشت گردوں کے حملے میں 3افراد شہید جبکہ 3زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق تازہ واقعہ لکی مروت کے علاقے عبدالخیل کے قریب گزشتہ روز پیش آیا جہاں مسلح دہشتگردوں نے مقامی افراد کو نشانہ بنایا۔پولیس افسر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ درہ پیزو ٹائون کے شہید ہیبت علی خان پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا۔پولیس کے مطابق ابتدائی معلومات کے تحت متاثرہ افراد شاہ حسن خیل سے اپنے گائوں عبدالخیل واپس جا رہے تھے کہ راستے میں مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی۔فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے جبکہ 3 دیگر زخمی ہوگئے۔پولیس افسر نے بتایا کہ فائرنگ میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت عمیر، صادق امین اور علیان کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق حملے میں زخمی ہونے والوں میں امداد اللہ، آصف اللہ اور اعجاز خان شامل ہیں۔پولیس افسر نے بتایا کہ حملے کے بعد مسلح افراد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔واقعے کے بعد جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو سرکاری سٹی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔ مقامی رہائشی کے مطابق گائوں کے بیشتر افراد جن میں زیادہ تعداد نوجوان لڑکوں کی تھی، شاہ حسن خیل میں کرکٹ میچ دیکھنے گئے تھے۔کرکٹ میچ دیکھنے کے بعد یہ افراد رکشے میں سوار ہوکر اپنے گائوں واپس جا رہے تھے کہ مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی۔فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے میں تشویش پھیل گئی جبکہ حملہ آور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔پولیس حکام کے مطابق ابتدائی معلومات اکٹھی کرکے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
دہشت گرد ہلاک
