راولپنڈی(ویب ڈیسک)امریکی افغانستان جنگ کمیشن کے شریک چیئرز محترمہ شمیلا این چودھری اور ڈاکٹر کولن ایف جیکسن کی قیادت میں ایک وفد نے جنرل ہیڈ کوارٹرز(جی ایچ کیو)راولپنڈی میں چیف آف ڈیفنس فورسز (سی او اے ایس و سی ڈی ایف)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، این آئی(ایم)، ایچ جے سے ملاقات کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق امریکی افغانستان جنگ کمیشن کا وفد افغانستان میں امریکا کی 20سالہ شمولیت کا جائزہ لے رہا ہے۔ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، بشمول پاکستان کی معاونت، خطے کی سکیورٹی صورتحال اور افغانستان میں ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا، بات چیت میں کمیشن کے کام سے متعلق مختلف پہلوؤں اور نقطہ نظر پر خصوصی توجہ دی گئی۔فیلڈ مارشل و چیف آف ڈیفنس فورسز نے تنازع کے دوران سکیورٹی کی صورتحال کو تشکیل دینے والے عوامل کے حوالے سے پاکستان کا موقف پیش کیا اور افغانستان میں طویل جنگ کے دوران پاکستان کو درپیش چیلنجز کو اجاگر کیا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تنازع کے تزویراتی، سفارتی اور آپریشنل پہلوں کا جائزہ لیتے ہوئے علاقائی نقطہ نظر اور پاکستان کے تجربات کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے۔دوسری جانب امریکی وفد نے افغانستان میں تنازع کے دوران پاکستان کے دیرینہ کردار اور دی جانے والی قربانیوں کا اعتراف کیا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل خدمات کو سراہا۔
فیلڈ مارشل
