اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جاری ترقیاتی و اپ گریڈیشن منصوبوں کا معائنہ کیا اور زیرِ تربیت افسران کے لیے تیار کیے گئے ماڈل رومز کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران وزیر داخلہ کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں اکیڈمی میں جاری تعمیراتی و ترقیاتی کاموں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے اکیڈمی کے کانفرنس روم اور آڈیٹوریم کی ازسرِنو تعمیر کی ہدایت کرتے ہوئے زور دیا کہ تمام منصوبے جامع منصوبہ بندی، اعلی معیار اور مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیرِ مملکت برائے داخلہ نیشنل پولیس اکیڈمی کے اپ گریڈیشن منصوبوں کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔محسن نقوی نے ہدایت کی کہ زیرِ تربیت افسران کو سواٹ (SWAT)ٹیموں کے طرز کے جدید ترین تربیتی آلات فراہم کیے جائیں تاکہ ان کی عملی استعدادِ کار میں اضافہ ممکن ہو سکے۔
