لاہور(کرائم رپورٹر)اے این ایف نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 9 ملزمان کو گرفتار
کرلیا۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق 6 مختلف کارروائیوں کے دوران 46 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی مجموعی طور پر 30.385 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر بحرین جانے والے مسافر کے بیگ سے 584 گرام ہیروئن برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ پٹارو ٹول پلازہ جامشورو کے قریب دو موٹر سائیکلوں پر سوار دو ملزمان سے 10 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔کراچی میں بس ٹرمینل کے قریب کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے آئس سے بنی 7.8 کلوگرام کراکری برآمد کی گئی۔ چناب ٹول پلازہ گجرات کے قریب ایک گاڑی سے 6 کلوگرام چرس برآمد کرکے تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ واحد روڈ سیالکوٹ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم سے 2 کلوگرام آئس جبکہ مرتضی چورنگی کراچی کے قریب دو ملزمان سے 4 کلوگرام کینابس برآمد کی گئی۔ اے این ایف نے تمام کارروائیوں کے مقدمات انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔
