ٹیکسلا (بیوروریپورٹ )سابق وفاقی وزیر غلام سرور خان نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی کے افسوسناک واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں پائیدار امن کے لیے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ اور قومی اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے، دہشت گرد عناصر کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ریاستی اداروں اور عوام کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار سابق وفاقی وزیر غلام سرور خان نے حلقہ این اے 54 کی یونین کونسل بجنیال کے گاؤں ٹھلیاں میں سابق نائب ناظم چوہدری مشتاق کے صاحبزادوں سے ملاقات، غریباں میں ملک ساجد کے عزیز کی وفات پر اہل خانہ سے اظہار ہمدردی اور نون گاؤں میں شہزادہ ملک کی نماز جنازہ میں شرکت کے دوران کیا،ان کے ہمراہ صلاح الدین ایڈووکیٹ، وقار احمد خان اور حق نواز برکٹ سمیت دیگر دوست احباب بھی موجود تھے،غلام سرور خان اور منصور حیات خان نے مرحومین کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی،اس موقع پر سابق ایم این اے منصور حیات خان نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعہ کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں قومی یکجہتی بنیادی حیثیت رکھتی ہے،امن و سلامتی کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں پوری قوم شریک ہے ۔
