راولپنڈی(سٹی رپورٹر) راولپنڈی کی فیملی عدالتوں میں رواں سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران طلاق، خلع، نان نفقہ، جہیز، حق مہر اور بچوں کی حوالگی سمیت خاندانی تنازعات کے 10 ہزار 103 مقدمات دائر ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ عدالتی ریکارڈ کے مطابق یکم جنوری سے 30 ستمبر 2026 تک مختلف فیملی عدالتوں کی جانب سے 1,246 خواتین کو طلاق کی ڈگریاں جاری کی گئیں، جبکہ ماں سے دور کیے گئے 220 بچوں کو بازیاب کرا کے ان کے حوالے کیا گیا۔بچوں کے عبوری نان نفقے سے متعلق بھی 11 ہزار 247 احکامات جاری کیے گئے۔ رپورٹ میں خاندانی تنازعات کے بعض کیسز کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور چیٹ ایپس کے استعمال سے بھی جوڑا گیا ہے، بالخصوص رات گئے تک طویل گفتگو، مسلسل پیغامات اور آن لائن رابطوں کو بعض گھریلو تنازعات کا سبب قرار دیا گیا ہے۔ عدالتی ریکارڈ کے مطابق رواں سال 103 مسیحی خواتین کی جانب سے بھی طلاق، نان نفقہ اور بچوں کی حوالگی سے متعلق مقدمات دائر کیے گئے، جبکہ راولپنڈی ضلع کی فیملی عدالتوں میں اس وقت مجموعی طور پر 16 ہزار 941 خاندانی مقدمات زیرِ التوا ہیں۔
