اسلام آباد(این این آئی)ترسیلات زر کی وصولی میں رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران 14.73فیصد اضافہ ہوا ہے۔سٹیٹ بینک آفپاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا ستمبر 2026کے دوران سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 10.9ارب ڈالر کی ترسیلات زر کی گئی ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا ستمبر 2025کے دوران سمندر پار مقیم پاکستانی برادری نے 9.5ارب ڈالر پاکستان بھجوائے تھے۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں جاری مالی سال کے ابتدائی تین مہینوں کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھجوائی گئی رقوم میں 1.4ارب ڈالر یعنی 14.73فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ستمبر 2026کے دوران ترسیلات زر کے محصولات کے حجم 3.6 ارب ڈالر ریکارڈ کیاگیا ہے جو ستمبر 2025 کے مقابلے میں 12.7 فیصد زیادہ ہے تاہم اگست 2026 کے مقابلہ میں رقوم کی وصولی میں 1.9 فیصد کی معمولی کمی واقع ہوئی ہے۔ توقع ہے کہ ترسیلات زر کے محصولات میں اضافہ کی حالیہ شرح برقراررہی تو رواں مالی سال کے اختتام تک ترسیلات کے مجموعی محصولات کا 44 ارب ڈالر کا ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔
