لاہور(خبر نگار) گورنر سندھ سید نہال ہاشمی نے پنجاب والڈ سٹیز اینڈ ہیریٹیج ایریاز اتھارٹی (پی ڈبلیو سی اے) کے زیرِ انتظام لاہور ہیریٹیج اینڈ اربن ری جنریشن منصوبے کے تحت جاری تاریخی ورثے کے تحفظ اور بحالی کے مختلف منصوبوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہیں تاریخی عمارتوں کی بحالی، روایتی بازاروں کی بہتری اور شہری مقامات کی تزئین و آرائش کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ گورنر سندھ نے نیلا گنبد اسکوائر، دہلی گیٹ مصالحہ مارکیٹ، شاہی حمام اور وزیر خان چوک کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری برائے میاں نواز شریف راشد نصراللہ، معروف سیاست دان میاں مرغوب، ڈی جی لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی طاہر فاروق اور ڈی جی پی ڈبلیو سی اے نجم الثاقب بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈی جی پی ڈبلیو سی اے نجم الثاقب نے بتایا کہ لاہور ہیریٹیج اینڈ اربن ری جنریشن منصوبے کا مقصد شہر کی تاریخی شناخت کو محفوظ بنانے کے ساتھ پائیدار شہری ترقی کو فروغ دینا ہے۔ منصوبے کے تحت تاریخی عمارتوں، روایتی بازاروں اور عوامی مقامات کی بحالی کے ذریعے لاہور کے ثقافتی ورثے کا تحفظ اور شہریوں و سیاحوں کے لیے تاریخی مقامات کو مزید پرکشش بنانا ہے۔ حکام کے مطابق پی ڈبلیو سی اے اور متعلقہ سرکاری ادارے باہمی تعاون سے لاہور کے تاریخی مقامات کو فعال، عوام کے لیے قابلِ رسائی اور آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
