مری (نمائندہ خبریں)جھیکا گلی میں چوری کی واردات کے دوران محنت مزدوری کرکے اپنے اہل خانہ کا پیٹ پالنے والا غریب ریڑھی بان لٹ گیا، چوری کی اس واردات نے محنت کش شخص کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا۔ متاثرہ ریڑھی بان نے اعلی حکام سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ محنت مزدوری سے جمع کی گئی رقم اور سامان سے محرومی اس کے لیے بڑا صدمہ ہے۔عوامی حلقوں اور متاثرہ ریڑھی بان کی جانب سے ڈی پی او مری رضا تنویر سپرا اور ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے چوری میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے اور انہیں قانون کے مطابق سخت سزا دلوائی جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ ریڑھی بان کے نقصان کے ازالے کے لیے بھی ممکنہ اقدامات کیے جائیں تاکہ ایک غریب محنت کش کو انصاف مل سکے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔
