اسلام آباد (این این آئی)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے ملک بھر میں موبائل سروسز کے معیار، کوریج اور دستیابی کو بہتر بنانے کے لیے فیلڈ مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے اس سلسلے میں گزشتہ ایک ہفتے (30 ستمبر تا 7 اکتوبر 2026) کے دوران پی ٹی اے کے مختلف زونل دفاتر کی ٹیموں نے ملک کے مختلف علاقوں میں موبائل آپریٹرز کی مجموعی طور پر 115 ٹیلی کام سائٹس کا معائنہ کیا۔اس دوران لاہور میں 39، کراچی میں 17، سکھر میں 16، ملتان اور راولپنڈی میں 14، 14، کوئٹہ میں 8، ایبٹ آباد میں 4 اور گلگت میں 3 سائٹس کا معائنہ کیا گیا۔ فیلڈ ٹیموں نے موبائل نیٹ ورک کی کارکردگی، کال اور ڈیٹا سروسز کے معیار، کوریج اور بجلی کے متبادل انتظامات کا جائزہ لیا۔ پی ٹی اے کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کے نتیجے میں معائنہ کردہ مختلف علاقوں میں موبائل سروسز کے معیار میں نمایاں بہتری بھی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
