چکوال(بیورو رپورٹ)کلرکہار کے نواحی گاؤں کرولی میں جانوروں کی پراسرار بیماری پھیلنے اور متعدد مویشیوں کی ہلاکتوں کے حوالے سے خبر شائع ہونے پر محکمہ لائیو اسٹاک حرکت میں آ گیا۔ محکمہ لائیو اسٹاک کی ٹیمیں گاؤں کرولی پہنچ گئیں اور متاثرہ مال مویشی کا معائنہ کرکے علاج معالجے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق گاؤں کرولی میں جانوروں کی پراسرار بیماری کے باعث مویشی پال کسانوں کو شدید پریشانی اور مالی نقصان کا سامنا تھا۔ اس تشویشناک صورتحال کو اجاگر کرتے ہوئے خبر شائع کی گئی، جس کے بعد محکمہ لائیو اسٹاک کی ٹیموں نے متاثرہ علاقے کا رخ کیا اور بیمار جانوروں کے علاج کے لیے عملی اقدامات شروع کر دیے۔محکمہ لائیو اسٹاک کی ٹیموں کی آمد اور علاج معالجے کے آغاز پر اہلِ علاقہ نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ بروقت طبی امداد سے قیمتی مویشیوں کو مزید نقصان سے بچانے میں مدد ملے گی۔اہلِ علاقہ نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ جانوروں کی مسلسل نگرانی، بیماری کی وجوہات کی بروقت تشخیص اور ضروری حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے، تاکہ بیماری کے مزید پھیلاؤ کو روکا جا سکے اور مویشی پال کسانوں کو مزید مالی نقصان سے محفوظ رکھا جا سکے۔عوامی مسائل کی نشاندہی، متعلقہ اداروں کی توجہ اور عملی اقدامات تک آواز پہنچانا ہی ذمہ دار صحافت کا اصل مقصد ہے۔
