لاہور( این این آئی)صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت مختلف مقامات پر کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی جس سے موسم میں خنکی بڑھ گئی ،پنجاب میں بارشوں، تیز ہوائوں اور گرج چمک کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا گیا جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق مغربی ہوائوں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگیا ہے جس کی وجہ سے 14 اکتوبر تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارش ہونے کا امکان ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق اس دوران لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہائوالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال اور میانوالی میں تیز ہوائوں کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔فیصل آباد، خوشاب، بھکر، سرگودھا، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی وقفے وقفے سے تیز ہواں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
